اسکیچ اپ میں گھر کا نقشہ تیار کریں

SketchUp پروگرام میں گھر کا نقشہ بنانا بہت آسان ہے۔ اس ٹٹوریل میں ہم تجرباتی طور پر ایک گھر کا نقشہ تیار کریں گے جو میں نے کاغذ پر بنایا ہے۔ چونکہ میں پروفیشنل آرکیٹیکٹ نہیں ہوں اس لیے اس نقشے کو بنانے سے پہلے میں نے مختلف نقشے انٹرنیٹ پر دیکھے تاکہ مجھے کمروں کے سائز اور ان کی ترتیب کا اندازہ ہو جائے۔ اس عمل میں کچھ نقشے مجھے ضائع بھی کرنا پڑے۔ ہمارا نقشہ جب تیار ہو جائے گا تو اس کا ڈیزائن بہتر بنانے کے لیے ونڈوز کے Paint پروگرام کی مدد بھی لی جائے گی، جس میں کمروں کے دروازے اور کھڑکیاں، نیز ان کے نام اور سائز دکھائے جائیں گے۔ آخر میں اس نقشے کو اسکیچ اپ میں سہ جہتی یعنی 3D شکل بھی دی جائے گی۔


درج ذیل نقشہ کاغذ پر صرف اندازے سے بنایا گیا ہے تاکہ اسکیچ اپ میں نقشہ بناتے وقت کمروں کا سائز اور ان کی ترتیب سامنے ہو۔ اصل پلاٹ کا سائز 35 x 65 فٹ ہے۔ چاروں اطراف میں چار فٹ جگہ چھوڑنے کے بعد عمارت کا سائز 27 x 57 فٹ ہوگا، اس سائز میں ہم نے تمام کمروں کی تقسیم کرنی ہے۔

ہاتھ سے تیار کردہ گھر کا نقشہ


اسکیچ اپ پروگرام کھولنے کے بعد Camera مینیو میں موجود Standard Views کا ذیلی مینیو کھولیں اور پھر اس میں سے Top والا آپشن منتخب کر لیں۔ اس آپشن کو منتخب کرنے سے زمین اوپر سے نظر آئے گی اور یوں کمرے بنانے میں آسانی ہوگی۔ اس کے بعد Pan ٹول منتخب کریں اور پھر ماؤس کو اسکرین پر ڈریگ کر کے باؤنڈریز سے کچھ دور آجائیں تاکہ کھلی جگہ پر نقشہ تیار کیا جا سکے۔

اسکیچ اپ کے ویو مینیو میں سے اوپر سے دیکھنے والا منظر منتخب کریں


جو نقشہ آپ نے کاغذ پر تیار کیا ہوا ہے اس کے مطابق کمرے بنانے شروع کریں۔ مثلاً‌ وارڈ روب کا کمرہ بنانے کے لیے Rectangle ٹول کی مدد سے ماؤس کے ساتھ ایک باکس بنائیں۔ ماؤس کا بٹن چھوڑتے ہی فورً‌ا کی بورڈ پر اس کمرے کا سائز لکھیں۔ یہ سائز نیچے اسٹیٹس بار پر موجود باکس میں نظر آئے گا۔ یہ یاد رہے کہ سائز لکھنے کے لیے اسٹیٹس بار پر موجود باکس پر ماؤس کے ساتھ کلک نہ کریں۔
زوم یعنی نقشے کے کسی حصے کو قریب لانے یا دور کرنے کے لیے ماؤس کا وہیل بٹن استعمال کریں، اس کا آپشن ٹول بار پر بھی موجود ہے۔

ریکٹینگل ٹول کے ساتھ گھر کے کمرے بنائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تمام کمرے بن گئے ہیں۔ اب ہر کمرے پر ماؤس کے ساتھ ڈبل کلک کریں، پھر رائٹ کلک کے ساتھ مینیو کھول کر Make Group آپشن پر کلک کر دیں۔ ایسا کرنے سے یہ فائدہ ہوگا کہ کمرہ اور اس کی آؤٹ لائن مل کر ایک آبجیکٹ بن جائیں گے اور یوں انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا آسان ہو جائے گا۔

ہر کمرے پر ڈبل کلک کریں، پھر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں، اور میک گروپ آپشن پر کلک کریں


اب ہم کمروں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑیں گے۔ ٹول بار سے Move ٹول منتخب کریں، پھر ایک کمرے کا کنارہ ماؤس کے ساتھ پکڑ کر اسے دوسرے کمرے کے کنارے کے ساتھ ملا دیں۔ اس طریقے سے تمام کمروں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ دیں۔

ٹول بار سے موو ٹول منتخب کریں اور پھر کمروں کو کناروں سے پکڑ کر ایک دوسرے کے ساتھ جوڑیں


تمام کمرے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہو جانے کے بعد ٹول بار سے Select ٹول منتخب کر کے تمام کمروں کو سلیکٹ کر لیں۔ اور پھر ماؤس کے ساتھ رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور اس میں موجود Explode آپشن پر کلک کر دیں۔ ایسا کرنے سے تمام کمروں پر گروپ کا ایفیکٹ ختم ہو جائے گا اور ان کی آؤٹ لائن علیحدہ سے سلیکٹ کی جا سکے گی۔

سلیکٹ ٹول کے ساتھ تمام کمرے سلیکٹ کریں، پھر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور ایکسپلوڈ آپشن پر کلک کریں


اگر آپ کسی کمرے پر اس کا سائز دکھانا چاہیں تو اس کے لیے ٹول بار سے Dimension ٹول منتخب کریں، اور پھر مطلوبہ کمرے کی دیوار پر کلک کر کے اسے ڈریگ کریں۔ ایسا کرنے سے اس دیوار کا سائز ظاہر ہو جائے گا جو کہ در اصل اس کمرے کا سائز بھی ہے۔

ڈائمنشن ٹول کی مدد سے کمرے کا سائز دیکھیں


  1. اگر آپ کسی کمرے کا سائز کم یا زیادہ کرنا چاہیں تو اس کے لیے ٹول بار سے Select ٹول منتخب کریں۔ پھر مطلوبہ دیوار پر ماؤس کے ساتھ کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔ ایک سے زیادہ دیواریں سلیکٹ کرنے کی ضرورت ہو تو اس کے لیے کی بورڈ پر Shift بٹن استعمال کریں۔
  2. مطلوبہ دیواریں سلیکٹ کرنے کے بعد Move ٹول منتخب کریں۔
  3. پھر ماؤس کے ساتھ دیواروں کو کلک کر کے مطلوبہ سمت میں تھوڑا سا ڈریگ کریں-
  4. اور پھر فورً‌ا ہی نیچے باکس میں وہ فاصلہ مہیا کریں جتنا آپ اس دیوار کو دھکیلنا چاہ رہے ہیں۔

سلیکٹ ٹول کی مدد سے مطلوبہ لائنیں سلیکٹ کریں، پھر موو ٹول کی مدد سے کمروں کو بڑا یا چھوٹا کریں


ہمارا نقشہ اس وقت تیار ہے۔ اسے باقاعدہ ایک Floor plan کی شکل دینے کے لیے ہم یوں کریں گے کہ اسے بطور امیج ایکسپورٹ کر کے Paint پروگرام میں کھولیں گے، اور پھر وہاں موجود ایڈیٹنگ ٹولز استعمال کرتے ہوئے اس میں کچھ مزید تبدیلیاں کریں گے۔ View مینیو میں Face Style مینیو میں سے Wireframe آپشن پر کلک کریں۔

ویو مینیو میں موجود فیس سٹائل مینیو میں سے وائر فریم آپشن پر کلک کریں


اب File مینیو میں موجود Export مینیو کھولیں، پھر اس میں 2D Graphic آپشن پر کلک کر کے اس نقشہ کو امیج فائل کے طور پر ایکسپورٹ کر لیں۔

فائل مینیو میں سے ایکسپورٹ مینیو کھولیں، اس میں ٹو ڈی گرافک آپشن کی مدد سے نقشے کو امیج فائل کے طور پر ایکسپورٹ کر لیں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے پینٹ پروگرام کے ڈرائنگ ٹولز کی مدد سے دروازوں کی جگہ بنائی ہے۔ آپ یہ بھی دکھا سکتے ہیں کہ دروازہ کس سمت میں کھلے گا، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں لائبریری اور راہداری کے دروازے دکھائے گئے ہیں۔ اسی طرح ہال کی بیرونی دیوار پر کھڑکیاں دکھائی گئی ہیں۔ جب آپ ایک دروازہ یا کھڑکی تیار کر لیں تو اسے کاپی کر کے دیگر کمروں کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ نیز ٹیکسٹ ٹول کی مدد سے ہر کمرے کا نام اور اس کا سائز بھی لکھا گیا ہے۔

نقشے کی امیج فائل کو پاینٹ پروگرام میں ایڈٹ کریں اور اسے حقیقی فلور پلان کی شکل دیں


اگر آپ اس نقشے کو 3D کی صورت میں دکھانا چاہیں تو اس کے لیے ہر کمرے کا 2 انچ آفسیٹ تیار کریں۔

  1. ٹول بار سے Offset ٹول منتخب کریں۔
  2. مطلوبہ کمرے کے اندر ماؤس کے ساتھ ڈریگ کریں تاکہ آفسیٹ کا باکس نظر آجائے۔
  3. ماؤس کا بٹن چھوڑتے ہی کی بورڈ پر 2 انچ لکھیں۔

ٹول بار پر موجود آفسیٹ ٹول کی مدد سے ہر کمرے کا دو انچ آفسیٹ تیار کریں


جب ہر کمرے کا آفسیٹ تیار ہو جائے تو ٹول بار سے Eraser ٹول منتخب کریں، اور پھر ماؤس کے ساتھ کلک کر کے آفسیٹس کے درمیان موجود لائنیں ختم کر دیں۔

ٹول بار سے ایریز ٹول منتخب کر کے آفسیٹس کے درمیان میں موجود لائنیں ڈیلیٹ کر دیں


اب ان درمیان والی جگہوں کو ہم دیواروں کے طور پر استعمال کریں گے:

  1. ٹول بار سے Orbit ٹول منتخب کر کے نقشے کو ایک زاویے سے دیکھیں۔
  2. ٹول بار سے Push / Pull ٹول منتخب کریں۔
  3. اب ماؤس کو کمروں کے درمیان والی جگہ پر لائیں۔ جب درمیان والا حصہ نیلے رنگ میں نظر آنا شروع ہو جائے تو ماؤس کے ساتھ کلک کر کے اس جگہ کو اوپر کی طرف اٹھائیں۔
  4. پھر ماؤس کا بٹن چھوڑتے ہی کی بورڈ پر دیواروں کا سائز مہیا کریں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیواروں کی اونچائی بارہ فٹ مہیا کی گئی ہے۔

آربٹ ٹول کی مدد سے نقشے کو ایک زاویے سے دیکھیں، پھر پش پل ٹول کی مدد سے آفسیٹ کے درمیان والے حصے کو اوپر اٹھائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں یہ سہ جہتی نقشہ دیکھا جا سکتا ہے۔

گھر کی دیواریں کھڑی ہونے کے بعد


اگر آپ آر پار نظر آنے والے دروازے تیار کرنا چاہیں تو پھر یہ کام کریں:

  1. ٹول بار سے Rectangle ٹول منتخب کریں۔
  2. دیوار کے اوپر دروازے کے لیے باکس بنائیں۔
  3. ٹول بار سے Push / Pull ٹول منتخب کریں۔
  4. اب دروازے کو ماؤس کے ساتھ کلک کر کے اندر کی طرف دھکیلیں۔
  5. ماؤس کا بٹن چھوڑتے ہی کی بورڈ پر 4 انچ مہیا کریں۔ چونکہ دیوار کی موٹائی چار انچ ہے اس لیے یہ درمیان والا حصہ غائب ہو جائے گا اور آپ دروازے کے آر پار دیکھ سکیں گے۔

آر پار نظر آنے والا دروازے تیار کریں

Categories: