دنیا میں کم ایسے سافٹ ویئرز ہوں گے جو کسی نہ کسی نوعیت کی ڈیٹابیس نہ استعمال کرتے ہوں۔ بیشتر سافٹ ویئرز کے پراجیکٹس میں پروگرامنگ لینگویج اور ڈیٹابیس ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کوئی بھی ڈیٹابیس اس لیے استعمال کی جاتی ہے تاکہ اس میں مختلف قسموں کا ڈیٹا محفوظ کیا جا سکے، اور پھر ضرورت پڑنے پر یہ ڈیٹا مختلف شکلوں میں حاصل کیا جا سکے۔ MySQL شاید دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ڈیٹابیس ہے، اور غالباً اس کا سب سے زیادہ استعمال ویب ایپلی کیشنز کے لیے ہوتا ہے۔ MySQL ڈیٹابیس ایسی ایپلی کیشن کے لیے بھی موزوں ہے جسے کسی کمپنی کے صرف دس پندرہ ملازمین استعمال کرتے ہوں، اور ایسی ایپلی کیشن کے لیے بھی جس کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین ہوں۔
کسی بھی ڈیٹابیس سسٹم کا استعمال اس وقت بہت آسان ہو جاتا ہے جب اس کے لیے کوئی مناسب ٹول موجود ہو۔ کیونکہ صرف اسٹیٹمنٹس اور کمانڈز کے سہارے ڈیٹابیس سسٹم کو استعمال کرنا ضرورت سے زیادہ مہارت اور وقت مانگتا ہے۔ چنانچہ ایسا ٹول phpMyAdmin ایپلی کیشن کی صورت میں موجود ہے جو آپ کو ویب براؤزر استعمال کرتے ہوئے MySQL ڈیٹابیس بنانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
اس ٹٹوریل میں ایک ابتدائی نوعیت کی MySQL ڈیٹابیس بنانے کا طریقہ بتایا گیا ہے، تاکہ نئے سیکھنے والے ڈیٹابیس ڈیزائننگ کے متعلق بنیادی باتوں سے آگاہ ہو سکیں۔ آئیں مرحلہ وار ڈیٹابیس بنانے کا عمل دیکھتے ہیں:
- نئی ڈیٹابیس بنائیں
- ڈیٹابیس کا ٹیبل بنائیں
- ٹیبل میں نیا ریکارڈ شامل کریں
- ٹیبل میں موجود ریکارڈز کی فہرست دیکھیں
- ٹیبل کے اسٹرکچر میں تبدیلیاں کریں
- ٹیبل میں نئی فیلڈ کا اضافہ کریں
- تلاش کو تیز رفتار بنانے کے لیے فیلڈ کی انڈیکس قائم کریں
- ڈیٹابیس کا بیک اپ بنائیں
- ڈیٹابیس کو بیک اپ سے ری اسٹور کریں
- ٹیبل کو خالی، یا پھر ڈیلیٹ کریں
- ڈیٹابیس ڈیلیٹ کریں
1- نئی ڈیٹابیس بنائیں
اگر آپ نے اپنے کمپیوٹر پر ویب ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ کے لیے Xampp یا پھر Wamp کی انسٹالیشن کی ہوئی ہے تو پھر پہلے اسے چلائیں۔ اس کے بعد phpMyAdmin کھولیں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے۔
نوٹ: لوکل کمپیوٹر پر ویب ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ کے لیے یہ ٹٹوریل دیکھیں ۔ جبکہ ویب سائیٹ کے ہوسٹنگ کنٹرول پینل پر ڈیٹابیس بنانے کا طریقہ ذرا مختلف ہوتا ہے، لیکن ڈیٹابیس بن جانے کے بعد phpMyAdmin کا استعمال اسی طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔ ہوسٹنگ کنٹرول پینل پر ڈیٹابیس بنانے کا طریقہ جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Databases کی ٹیب میں آئیں۔ یہاں نیا ٹیبل بنانے کے لیے اس کا نام مہیا کریں۔ ڈیٹابیس بناتے وقت Collation منتخب کرنے فائدہ یہ ہوگا کہ یہ نئے بنائے جانے والے ٹیبلز کے لیے ڈیفالٹ کولیشن کا کام دے گی۔ کولیشن یہ بتاتی ہے کہ ڈیٹا بیس میں کن زبانوں کا ڈیٹا محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
2- ڈیٹابیس کا ٹیبل بنائیں
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق، پہلے تسلی کرلیں کہ بائیں طرف موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں مطلوبہ ڈیٹابیس منتخب ہے۔ پھر Structure ٹیب میں آجائیں۔ یہاں نیا ٹیبل بنانے کے لیے اس کا نام، اور اس کی فیلڈز (Table columns) کی تعداد مہیا کریں۔ اور پھر Go بٹن پر کلک کر دیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ٹیبل کی فیلڈز ڈیفائن کریں:
- Name والے خانے میں فیلڈ کا نام مہیا کریں۔ ٹیبل فیلڈز کے نام مختصر مگر با معنی رکھیں۔
- Type والے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے فیلڈ کے لیے ڈیٹا ٹائپ منتخب کی جا سکتی ہے۔ ڈیٹاٹائپ یہ بتاتی ہے کہ اس فیلڈ میں کس قسم کا ڈیٹا (ٹیکسٹ، نمبر، تاریخ اور وقت وغیرہ) محفوظ کیا جائے گا۔ ڈیٹا ٹائپس کے متعلق معلومات کے لیے یہاں کلک کریں۔
- Length/Values والے خانے میں فیلڈ کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈیٹا کی حد مقرر کی جا سکتی ہے۔
- Default کے خانے میں فیلڈ کے لیے ڈیفالٹ ویلیو مقرر کی جا سکتی ہے۔ اگر ایپلی کیشن یہ ویلیو مہیا نہیں کرے گی تو ڈیٹابیس ڈیفالٹ ویلیو اس فیلڈ میں محفوظ کر دے گی۔
- اس فیلڈ میں جن زبانوں کا ڈیٹا محفوظ کیا جا سکتا ہے، اس کے مطابق Collation کے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے کولیشن منتخب کی جا سکتی ہے۔
- Attributes والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے فیلڈ کے لیے حسب ضرورت ایٹری بیوٹ منتخب کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اگر INT ڈیٹا ٹائپ والی فیلڈ کے لیے UNSIGNED ZEROFILL ایٹری بیوٹ منتخب کیا جائے، تو اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ اب اس فیلڈ میں منفی نمبر نہیں محفوظ کیا جا سکتا۔ دوسرا مطلب یہ ہے اگر اس فیلڈ میں کوئی چھوٹا نمبر محفوظ کیا جائے گا، تو پھر MySQL اس فیلڈ کا ڈیٹا حاصل کرنے پر فیلڈ کے سائز کا اعتبار کرتے ہوئے اس کے شروع میں خود ہی صفر شامل کر دے گی۔
- کسی فیلڈ کے لیے Null چیک باکس منتخب کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر ایپلی کیشن ریکارڈ بناتے وقت اس فیلڈ کے لیے کسی قسم کی کوئی ویلیو مہیا نہیں کرے گی تو ڈیٹابیس کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ بہت سے ڈیٹابیس ڈیزائنرز الجھن سے بچنے کے لیے کسی فیلڈ کو بطور Null ڈیفائن نہیں کرتے۔ اس صورت میں ریکارڈ بناتے وقت ہر فیلڈ کے لیے کوئی نہ کوئی ویلیو فراہم کرنا ضروری ہے، اگرچہ یہ Empty ویلیو ہی ہو۔
یہاں آپ کے لیے Null ویلیو اور Empty ویلیو میں فرق جاننا ضروری ہے۔ Null کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں مطلوبہ ویلیو معلوم نہیں ہے، یعنی اگر یہ فون نمبر کی فیلڈ ہے تو ہمیں اس شخص کا فون نمبر نہیں معلوم۔ جبکہ Empty کا مطلب یہ ہے کہ اس شخص کے پاس اپنا کوئی فون نمبر نہیں ہے۔ یہ دونوں طرز کی ویلیوز درج ذیل طریقے سے کسی فیلڈ میں داخل کی جا سکتی ہیں:
INSERT INTO countries (time_zone) VALUES(NULL); INSERT INTO countries (time_zone) VALUES('');
- Index والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے ویلیو منتخب کر کے آپ اس فیلڈ کے لیے انڈیکس بنا سکتے ہیں۔ مثلاً PRIMARY کا مطلب یہ ہے کہ اس کی مدد سے ٹیبل کے ہر ریکارڈ کو منفرد بنایا جا سکتا ہے، نیز اس کی مدد سے ٹیبل میں موجود کسی بھی ریکارڈ کے ذیلی ریکارڈز کسی دوسرے ٹیبل میں محفوظ کیے جا سکتے ہیں۔ UNIQUE سے مراد یہ ہے کہ ٹیبل کے ہر ریکارڈ میں اس فیلڈ کی ویلیو مختلف ہوگی۔ یعنی اگر فیلڈ کے لیے کوئی ایسی ویلیو محفوظ کرنے کی کوشش کی جائے گی جو پہلے سے کسی ریکارڈ کی اس فیلڈ میں موجود ہے، تو پھر ڈیٹابیس اسے قبول نہیں کرے گی۔ INDEX سے مراد یہ ہے کہ اب ڈیٹابیس اس فیلڈ کی ویلیوز کو تیز رفتاری کے ساتھ تلاش کر سکتی ہے۔ جبکہ FULLTEXT کی مدد سے بڑی عبارتوں پر مشتمل فیلڈز کو تیز رفتار سرچ کے قابل بنایا جاتا ہے۔
- Auto increment کو عموماً PRIMARY انڈیکس والی فیلڈ کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ چونکہ ہر ریکارڈ میں PRIMARY انڈیکس والی فیلڈ کی ویلیو کا منفرد ہونا ضروری ہوتا ہے، اس لیے Auto increment کی مدد سے یہ بتایا جاتا ہے کہ ایپلی کیشن اس فیلڈ کے لیے منفرد ویلیو مہیا نہیں کرے گی، بلکہ ڈیٹابیس خود ہی پچھلے ریکارڈ سے ایک نمبر بڑھا کر اس فیلڈ میں محفوظ کر دے۔
- Comments والے خانے میں آپ اپنی یاد دہانی کے لیے فیلڈ کے متعلق کچھ کامنٹس لکھ سکتے ہیں، لیکن ان کا ڈیٹابیس آپریشنز کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
- Storage Engine والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے InnoDB منتخب کر لیں جو کہ تقریباً ہر قسم کی ڈیٹابیس کے لیے مفید ہے۔
- Collation والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے حسب ضرورت کولیشن منتخب کر لیں۔ اوپر جن فیلڈز کے لیے آپ نے انفرادی طور پر کولیشن منتخب نہیں کی، ان کے لیے یہاں منتخب کی گئی کولیشن استعمال کی جائے گی۔
3- ٹیبل میں نیا ریکارڈ شامل کریں
ڈیٹابیس میں نیا ریکارڈ بنانے کے لیے پہلے Structure ٹیب میں آئیں۔ یہاں مطلوبہ ٹیبل کی سطر میں موجود Insert لنک پر کلک کریں جس سے ایک نئی اسکرین کھل جائے گی۔
اس اسکرین پر آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ٹیبل کی تمام فیلڈز موجود ہیں اور ان کے سامنے ویلیوز لکھنے کے لیے خالی خانے مہیا کیے گئے ہیں۔ ان میں حسب ضرورت ویلیوز لکھیں، اور پھر ریکارڈ محفوظ کرنے کے لیے Go بٹن پر کلک کر دیں۔ key_country_id والے خانے میں اس لیے کوئی نمبر مہیا نہیں کیا گیا کہ ڈیٹابیس Auto increment کرتے ہوئے خود ہی اس فیلڈ میں ویلیو شامل کر دے گی۔
4- ٹیبل میں موجود ریکارڈز کی فہرست دیکھیں
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- پہلے بائیں طرف موجود مینیو سے مطلوبہ ٹیبل سلیکٹ کریں۔
- اوپر موجود لنک پر کلک کر کے Browse ٹیب میں آئیں۔ اس اسکرین پر منتخب کیے گئے ٹیبل کے تمام ریکارڈز کی فہرست موجود ہے۔
- آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اوپر والے حصے میں ایک SQL کیوئری موجود ہے جس کی مدد سے ڈیٹابیس کے تمام ریکارڈز سلیکٹ کیے گئے ہیں۔ اس کیوئری میں حسب ضرورت تبدیلی کرنے کے لیے Edit بٹن پر کلک کریں جس سے ایک ونڈو ظاہر ہو جائے گی، اس میں نئی کیوئری مہیا کر کے Go بٹن پر کلک کریں۔ اس کے نتیجے میں آپ دوبارہ اس Browse والی ونڈو میں آجائیں گے، لیکن اب کی بار اس اسکرین پر ریکارڈز کی جو فہرست موجود ہوگی، وہ نئی SQL کیوئری کے مطابق ہوگی۔
- Show والے سیکشن میں آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ جو فہرست آپ دیکھنا چاہ رہے ہیں وہ کس ریکارڈ نمبر سے شروع ہو، اور فی صفحہ کتنے ریکارڈز دکھائے جائیں، اور پھر فیلڈز کے عنوانات کتنی سطروں کے بعد شامل کیے جائیں۔ مثلاً اگر ٹیبل میں 400 ریکارڈز موجود ہیں اور آپ یہ سب کے سب ریکارڈز ایک ہی صفحہ پر دیکھنا چاہ رہے ہیں، تو پھر Start row کے خانے میں 0 جبکہ Number of rows والے خانے میں 400 کی ویلیو مہیا کریں۔
- ٹیبل کے ریکارڈز کو کسی خاص فیلڈ کے اعتبار سے ترتیب دینے کے لیے Sort by key والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے مطلوبہ فیلڈ کی ویلیو منتخب کریں۔ اس ڈراپ ڈاؤن مینیو میں صرف وہی فیلڈز دستیاب ہوں گی جن کی انڈیکس بنائی گئی ہوگی۔
- آپ دیکھ رہے ہیں کہ ہر ریکارڈ کے شروع میں تین لنکس دیے گئے ہیں جن کا مطلب واضح ہے۔ Edit لنک کی مدد سے آپ اس ریکارڈ کو نئی ونڈو میں کھول کر اس میں تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ Copy لنک کی مدد سے اس ریکارڈ کی نقل بنائی جا سکتی ہے۔ جبکہ Delete لنک کی مدد سے یہ ریکارڈ ختم کیا جا سکتا ہے۔
- اس کے علاوہ نیچے بھی کچھ آپشنز موجود ہیں، مثلاً Print view آپشن کی مدد سے اس اسکرین پر نظر آنے والے ریکارڈز کو ایک الگ ویب پیج کی شکل میں دیکھا جا سکتا ہے، اور اس ویب پیج کو آپ پرنٹ کر سکتے ہیں۔
5- ٹیبل کے اسٹرکچر میں تبدیلیاں کریں
- منتخب کیے گئے ٹیبل کے اسٹرکچر میں کسی قسم کی تبدیلی کرنے کے لیے Structure ٹیب میں آجائیں۔
- ہر فیلڈ کے سامنے چند لنکس موجود ہیں۔ مثلاً Change لنک پر کلک کر کے جو ونڈو سامنے آئے گی اس میں وہ تمام آپشنز موجود ہوں گے جو ٹیبل کی فیلڈ بناتے وقت مہیا کیے جاتے ہیں۔ ان آپشنز کی مدد سے آپ فیلڈ کی ڈیٹا ٹائپ، ڈیٹا سائز، اور کولیشن وغیرہ تبدیل کر سکتے ہیں۔
- اسی طرح Drop لنک کا مطلب ظاہر ہے کہ اس کی مدد سے یہ فیلڈ ختم کی جا سکتی ہے، اس صورت میں ٹیبل کے اندر اس فیلڈ کے تحت محفوظ کیا گیا تمام ڈیٹا بھی ڈیلیٹ ہو جائے گا۔
- اگر آپ تمام فیلڈز بیک وقت تبدیل یا ڈیلیٹ کرنا چاہیں تو پھر پہلے نیچے موجود Check All لنک پر کلک کر کے فیلڈز کو سلیکٹ کریں، پھر Change یا Drop آپشن منتخب کریں۔
6- ٹیبل میں نئی فیلڈ کا اضافہ کریں
مطلوبہ ٹیبل منتخب کر کے Structure ٹیب میں آجائیں۔ اور پھر اسکرول کر کے تھوڑا نیچے آئیں جہاں ٹیبل میں نئی فیلڈ شامل کرنے کے آپشنز موجود ہیں۔ ان کی مدد سے آپ نئی فیلڈز کی تعداد بتا سکتے ہیں، اور یہ بتا سکتے ہیں کہ یہ ٹیبل کی پہلے سے موجود کس فیلڈ سے پہلے یا بعد میں شامل ہونی چاہئیں۔ Go پر کلک کرنے سے جو ونڈو کھلے گی اس میں مطلوبہ فیلڈ بنانے کے لیے وہی آپشنز موجود ہوں گے جو آپ نے اوپر ٹیبل کی فیلڈز بناتے دیکھے ہیں۔
7- تلاش کو تیز رفتار بنانے کے لیے فیلڈ کی انڈیکس قائم کریں
ٹیبل کی کسی بھی فیلڈ کے لیے Index بنائی جائے تو اس فیلڈ میں سے بہت تیز رفتاری کے ساتھ ڈیٹا تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اس کا تصور وہی ہے جو کتاب کی فہرست کا ہوتا ہے۔ اگر کسی کتاب کے شروع میں فہرست موجود نہ ہو تو آپ کو مطلوبہ عنوان تلاش کرنے کے لیے کتاب کا ہر صفحہ دیکھنا پڑے گا۔ لیکن اگر فہرست موجود ہو تو آپ مطلوبہ عنوان کا صفحہ نمبر دیکھ کر بہت تیزی سے مطلوبہ صفحہ تک پہنچ جائیں گے۔ جب ڈیٹابیس میں سے کچھ تلاش کیا جاتا ہے تو ڈیٹابیس اس ٹیبل کا ہر ریکارڈ کھول کر دیکھتی ہے کہ کیا اس کی مطلوبہ فیلڈ کی ویلیو وہ ہے جسے تلاش کیا گیا ہے۔ لیکن اگر اس فیلڈ کے لیے انڈیکس قائم کر دی جائے تو پھر یہ تلاش بہت تیز رفتار ہو جاتی ہے، اور اس مقصد کے لیے ڈیٹابیس کو ہر ریکارڈ کھول کر اس کی فیلڈ نہیں پڑھنی پڑتی۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ آبادی کی فیلڈ کے لیے انڈیکس قائم کی جا رہی ہے۔ اگرچہ یہ فیلڈ ایسی ہے جس کے لیے انڈیکس کی خاص ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے کہ انڈیکس وہاں مؤثر ثابت ہوتی ہے جہاں ٹیبل میں ہزاروں بلکہ لاکھوں اور کروڑوں کی تعداد میں ریکارڈز موجود ہوں، جبکہ اس ٹیبل میں چند سو ریکارڈز ہوں گے کیونکہ دنیا کے ملکوں کی تعداد اتنی ہی ہے۔ بہرحال یہاں مقصد صرف انڈیکس بنانے کا طریقہ بتانا ہے۔
پہلے مطلوبہ ٹیبل منتخب کر کے اس کی Structure ٹیب میں آجائیں۔ پھر مطلوبہ فیلڈ کے سامنے موجود Add index لنک پر کلک کر دیں۔ اس اسکرین شاٹ میں چونکہ ونڈو کا سائز چھوٹا ہے، اس لیے اس آپشن کو More مینیو کے تحت دکھایا جا رہا ہے۔ ٹیبل کی مختلف فیلڈز کے لیے جو انڈیکسز بنائی گئی ہیں انہیں دیکھنے کے لیے اس سے اگلا اسکرین شاٹ ملاحظہ کریں۔
ٹیبل کی Structure ٹیب میں اسکرول کر کے فیلڈز کے نیچے آجائیں۔ یہاں موجود Indexes لنک پر کلک کریں جس سے وہ تمام انڈیکسز ظاہر ہو جائیں گی جو اس ٹیبل کی مختلف فیلڈز کے لیے بنائی گئی ہیں۔ کسی بھی انڈیکس کے شروع میں موجود Edit لنک پر کلک کر کے اس میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، یا Drop لنک پر کلک کر کے یہ انڈیکس ختم کی جا سکتی ہے۔
8- ڈیٹابیس کا بیک اپ بنائیں
- پہلے تسلی کر لیں کہ اس وقت ڈیٹابیس سلیکشن میں ہے۔ کیونکہ اگر کوئی ٹیبل سلیکشن میں ہوا تو پھر صرف اس ٹیبل کا بیک اپ بنے گا۔
- اوپر موجود Export ٹیب پر کلک کر کے اس حصے میں آجائیں۔
- اس اسکرین پر پہلے Custom آپشنز والا ریڈیو بٹن منتخب کریں جس سے مزید آپشنز ظاہر ہو جائیں گے۔ یہاں بہت سے آپشنز موجود ہیں لیکن ان میں سے آپ نے دو منتخب کرنے ہیں۔ ایک یہ کہ یہ بیک اپ Zip فائل کی صورت میں بنے، تاکہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی فائل کا سائز کم ہو سکے۔ دوسرا آپشن Add Drop Table والا منتخب کریں، جس سے یہ ہوگا کہ جب آپ اس بیک اپ فائل کی مدد سے ڈیٹابیس ری اسٹور کریں گے تو ڈیٹابیس کے پہلے سے موجود ٹیبلز ختم ہو جائیں گے، اور بیک اپ فائل کی مدد سے ڈیٹابیس کے تمام ٹیبلز نئے سرے سے بنائے جائیں گے۔ آخر میں Go بٹن پر کلک کر دیں جس سے بیک اپ کی زپ فائل ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو جائے گی ۔
9- ڈیٹابیس کو بیک اپ سے ری اسٹور کریں
ڈیٹابیس کو ری اسٹور کرنے کے لیے آپ براہ راست اس کی Zip فائل اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق پہلے مطلوبہ ڈیٹابیس منتخب کر کے اس کی Import ٹیب میں آجائیں۔ پھر Choose File بٹن پر کلک کر کے بیک اپ کی زپ فائل منتخب کریں۔ پھر نیچے اسکرول کر کے Go بٹن پر کلک کریں، جس سے ڈیٹابیس ری اسٹور ہو جائے گی۔ اس عمل کے پورا ہونے میں کتنا وقت لگے گا، اس کا انحصار ڈیٹابیس کے سائز پر ہے۔ ایک عام سائز کی ویب سائیٹ کے لیے استعمال ہونے والے CMS کی ڈیٹابیس کو بیک اپ یا ری اسٹور کرنے میں چند منٹس سے زیادہ نہیں لگتے۔
10- ٹیبل کو خالی، یا پھر ڈیلیٹ کریں
مطلوبہ ڈیٹابیس منتخب کر کے اس کی Structure ٹیب میں آجائیں۔ اگر آپ ٹیبل کا اسٹرکچر ختم نہ کرنا چاہیں بلکہ صرف اس کے اندر موجود ریکارڈز ڈیلیٹ کرنا چاہیں تو پھر Empty لنک پر کلک کریں۔ جبکہ مکمل ٹیبل کو اس کے اسٹرکچر سمیت ڈیلیٹ کرنے کے لیے Drop لنک پر کلک کریں۔
11- ڈیٹابیس ڈیلیٹ کریں
مکمل ڈیٹابیس ختم کرنے کے لیے پہلے مطلوبہ ڈیٹابیس منتخب کریں۔ پھر اوپر موجود Operations ٹیب کلک کر کے اس میں آجائیں۔ اس اسکرین پر Drop the database لنک پر کلک کر کے ڈیٹابیس کا مکمل خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں چونکہ ونڈو کا سائز چھوٹا ہے اس لیے Operations کا آپشن More مینیو کے تحت دکھایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ اس اسکرین پر ڈیٹابیس سے متعلق دیگر آپشنز بھی موجود ہیں، مثلاً ڈیٹابیس کا نام تبدیل کرنا، ڈیٹابیس کے تمام ریکارڈز ڈیلیٹ کرنا، یا ڈیٹابیس کی نقل بنانا وغیرہ۔ ان کے ساتھ آپ تجربات کر سکتے ہیں۔
Modified: Wed, 01/28/2015 - 12:39