گوگل کروم کی ایڈریس بار کے چند مفید استعمالات

براؤزر ایسا سافٹ ویئر ہے جس پر کمپیوٹر صارفین کا زیادہ تر وقت گزرتا ہے۔ اگر براؤزر کچھ ایسی سہولیات مہیا کر دے جن کی بدولت مختلف کاموں کی انجام دہی کے لیے دیگر ایپلی کیشنز کو استعمال کرنے کی ضرورت نہ رہے، تو ظاہر ہے اس سے نہ صرف آسانی ہو جاتی ہے بلکہ وقت کی بچت بھی ہو جاتی ہے۔ حال ہی میں لائف ہیکر ویب سائیٹ پر شائع کی گئی ایک تحریر نظر سے گزری۔ اس تحریر میں گوگل کروم براؤزر کی ایڈریس بار کے کچھ خاص فیچرز کا تعارف پیش کیا گیا ہے جن کا اس پہلے عام استعمال نہیں دیکھا گیا۔ اس تحریر کو سامنے رکھتے ہوئے میں نے یہ ٹٹوریل تیار کیا ہے، تاکہ ان فیچرز سے اب تک بے خبر صارفین کچھ فائدہ اٹھا سکیں۔

  1. کروم کی ایڈریس بار کو بطور کیلکولیٹر اور یونٹ کنورٹر استعمال کریں
  2. کسی مخصوص ویب سائٹ میں سے تلاش کریں
  3. ویب پیج پر موجود الفاظ کو بغیر ٹائپ کیے سرچ کے لیے استعمال کریں
  4. گوگل نے کونسا ویب پیج آخری دفعہ کب Crawl کیا تھا
  5. کروم کا ڈیفالٹ سرچ انجن تبدیل کریں
  6. گوگل کروم کے چند ایڈریسز
  7. کروم کو بطور نوٹ پیڈ استعمال کریں
  8. کروم کو بطور فائل ایکسپلورر استعمال کریں

کروم کی ایڈریس بار کو بطور کیلکولیٹر اور یونٹ کنورٹر استعمال کریں

گوگل کروم کی ایڈریس بار کو بطور کیلکولیٹر اور بطور یونٹ کنورٹر کے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ درج ذیل پہلے اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نمبروں کو جمع کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسرے اسکرین شاٹ میں یہ معلوم کیا گیا ہے کہ 230 انچز کے کتنے فیٹ بنتے ہیں۔ اسی طرح آپ دیگر یونٹس مثلاً‌ میل، کلو میٹر، میٹر، ملی میٹر ، گھنٹے، منٹ اور سیکنڈ وغیرہ کی کیلکولیشن بھی کر سکتے ہیں۔

گوگل کروم کی ایڈریس بار کو بطور کیلکولیٹر استعمال کریں


UP

کسی مخصوص ویب سائٹ میں سے تلاش کریں

ویسے تو بہت سی ویب سائٹس سرچ کا فیچر مہیا کرتی ہیں جس کی مدد سے مطلوبہ ویب سائیٹ کے اندر مخصوص مواد تلاش کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر آپ فوری طور پر کسی ویب سائیٹ میں سے کچھ تلاش کرنا چاہیں تو اس کے لیے کروم کی ایڈریس بار استعمال کر سکتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق مطلوبہ ویب سائیٹ کا نام لکھیں، پھر اس کے فورً‌ا بعد کولن (:) لکھیں، اور پھر تلاش کے الفاظ لکھیں۔ اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گوگل نے ٹیک اردو کی ویب سائیٹ سے صرف وہ صفحات اپنی فہرست میں شامل کیے ہیں جن میں CorelDRAW کا لفظ موجود ہے۔

گوگل کروم کی ایڈریس بار کی مدد سے کسی خاص ویب سائیٹ میں سے تلاش کریں


UP

ویب پیج پر موجود الفاظ کو بغیر ٹائپ کیے سرچ کے لیے استعمال کریں

اگر آپ کسی ایسے ویب پیج پر ہیں جس پر موجود کچھ خاص الفاظ کو آپ سرچ انجن کی مدد سے تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ تو فوری نتیجہ حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ الفاظ کو سلیکٹ کریں، اور پھر انہیں ماؤس کی مدد سے ڈریگ کر کے کروم کی ایڈریس بار پر چھوڑ دیں۔

تلاش کے الفاظ ڈریگ کر کے گوگل کروم کی ایڈریس بار پر ڈراپ کریں


UP

گوگل نے کونسا ویب پیج آخری دفعہ کب Crawl کیا تھا؟

اگر آپ کسی ویب سائیٹ کے منتظم ہیں، اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ویب سائیٹ کا کوئی مخصوص صفحہ گوگل نے آخری دفعہ کب پڑھا یعنی Crawl کیا تھا ، تو اس کے لیے ایڈریس بار میں cache:web-address استعمال کر سکتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس طریقہ سے ویب پیج دیکھنے پر گوگل نے ایک نوٹ صفحہ کے شروع میں شامل کر کے بتایا ہے کہ یہ صفحہ کب کرال کیا گیا تھا۔ Text-only version کی مدد سے یہ ویب پیج بغیر تصاویر اور اسٹائل شیٹس کے صرف HTML کی صورت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

کونسا ویب گوگل نے آخری دفع کب کرال کیا تھا


UP

کروم کا ڈیفالٹ سرچ انجن تبدیل کریں

کروم کا ڈیفالٹ سرچ انجن گوگل ہوتا ہے۔ لیکن اگر آپ چاہیں تو کروم کی سیٹنگز میں اسے تبدیل کر سکتے ہیں۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ Bing کو بطور ڈیفالٹ سرچ انجن منتخب کیا گیا ہے۔ اور پھر جب گوگل کی ایڈریس بار پر کچھ الفاظ کی مدد سے تلاش کیا گیا تو اس کے نتائج بنگ سرچ انجن کی مدد سے دکھائے گئے ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ ایڈریس بار کے کچھ مخصوص فیچرز صرف گوگل سرچ انجن کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں۔

گوگل کروم کا ڈیفالٹ سرچ انجن تبدیل کریں


UP

گوگل کروم کے چند ایڈریسز

گوگل کروم کی ایڈریس بار میں درج ذیل ایڈریسز استعمال کیے جا سکتے ہیں:

chrome://bookmarks تمام بک مارکس کی فہرست دیکھنے کے لیے
chrome://settings سیٹنگز میں جانے کے لیے
chrome://history ہسٹری دیکھنے کے لیے

گوگل کروم کے بک مارکس، سیٹنگز اور ہسٹری کے ایڈریسز


UP

کروم کو بطور نوٹ پیڈ استعمال کریں

گوگل کروم کو بطور نوٹ پیڈ استعمال کیا جا سکتا ہے، اور اس میں لکھے گئے مواد کو بطور فائل کے محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ درج ذیل لائن ایڈریس بار میں لکھ کر Enter بٹن دبائیں اور پھر ونڈو میں لکھنا شروع کر دیں۔ مطلوبہ مواد کو فائل کی شکل میں محفوظ کرنے کے لیے کی بورڈ پر Ctrl+s شارٹ کٹ استعمال کریں، یا پھر کروم کے مینیو کے اندر موجود آپشن منتخب کریں۔

اگر درج ذیل لائن کو بک مارک کر لیا جائے تو ایک کلک کی مدد سے نوٹ پیڈ استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

data:text/html, <html contenteditable>

گوگل کروم کو بطور نوٹ پیڈ استعمال کریں


UP

کروم کو بطور فائل ایکسپلورر استعمال کریں

اور اگر آپ گوگل کروم کو فائل ایکسپلورر کے طور پر استعمال کرنا چاہیں تو درج ذیل اسکرین شاٹ کی مدد سے ایسا کر سکتے ہیں۔

گوگل کروم کو بطور فائل ایکسپلورر استعمال کریں