گوگل ٹرانسلیٹ کو بطور اردو انگلش ڈکشنری استعمال کریں

عام صارف کو بڑی عبارتوں کا ترجمہ کرنے کی شاید ضرورت پیش نہیں آتی البتہ اکا دکا الفاظ کے معانی جاننے کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔ مثلاً‌ انگلش کے ایسے الفاظ بعض اوقات سننے یا پڑھنے میں آتے ہیں جن کا مفہوم تو معلوم ہوتا ہے لیکن جی چاہتا ہے کہ ان کا لفظی مطلب بھی پتہ چل جائے تاکہ بوقت ضرورت ان الفاظ کو اعتماد کے ساتھ استعمال کیا جا سکے۔ Google Translate اگرچہ ڈکشنری کی ویب سائیٹ نہیں ہے لیکن یہ بڑی حد تک ڈکشنری کی ضرورت بھی پورا کرتی ہے۔ گوگل ٹرانسلیٹ پر الفاظ کے معانی آپ کو اس انداز میں نہیں ملیں گے جیسا کہ روایتی ڈکشنری میں ہوتے ہیں اس لیے کہ یہ سروس جملوں کا ترجمہ کرنے کے لیے بنائی گئی ہے نہ کہ الفاظ کے معانی بتانے کے لیے۔ لیکن اس کے باوجود میں گوگل ٹرانسلیٹ کو بطور ڈکشنری استعمال کرتا ہوں اور میرا مقصد پورا ہو جاتا ہے۔ آئیں اس کے استعمال کا طریقہ کار دیکھتے ہیں:

گوگل ٹرانسلیٹ کے لیے یہ ویب ایڈریس استعمال کریں: http://translate.google.com


انگلش سے اردو

درج ذیل تصویر کے مطابق انگریزی لفظوں کا اردو میں ترجمہ کرنے کے لیے:

  1. بائیں طرف موجود باکس کے اوپر مہیا کیا گیا ڈراپ ڈاؤن مینیو کھول کر وہ زبان منتخب کریں جس کے لفظ کا معنیٰ آپ ڈھونڈنا چاہ رہے ہیں۔
  2. دائیں طرف موجود باکس کے اوپر مہیا کیا گیا ڈراپ ڈاؤن مینیو کھول کر وہ زبان منتخب کریں جس میں لفظ کا ترجمہ ہوگا۔
  3. جیسے ہی آپ بائیں طرف باکس میں مطلوبہ الفاظ لکھنا شروع کریں گے، دائیں طرف ان کے معانی نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔ اگر خود بخود ایسا نہ ہو تو Translate بٹن پر کلک کر دیں۔
  4. انگلش یا اس سے ملتی جلتی زبانوں کے الفاظ سن کر ان کا تلفظ (Pronunciation) بھی معلوم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے بائیں طرف والے باکس کے نیچے اسپیکر کا آئیکان موجود ہے۔

انگریزی سے اردو ترجمہ کے لیے


اردو سے انگلش

گوگل ٹرانسلیٹ نے اردو الفاظ لکھنے کے لیے اردو کی بورڈ کی سہولت بھی مہیا کی ہے۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اردو زبان منتخب کرنے پر باکس کے نچلے حصے میں ایک ڈراپ ڈاؤن مینیو ظاہر ہوجاتا ہے جس کی مدد سے اردو کی بورڈ سامنے لایا جا سکتا ہے۔ میں نے اردو کی بورڈ کی مدد سے ’’الفاظ‘‘ لکھنے کی کوشش کی ہے لیکن کی بورڈ پر کہیں بھی حرف ’’ظ‘‘ نظر نہیں آرہا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اردو کے حروف تہجی انگلش کے Alphabets سے زیادہ ہیں۔ اس لیے اردو کے تمام حروف انگلش بٹنوں پر پورے نہیں آتے۔ چنانچہ اردو کے باقی حروف دیکھنے کے لیے آپ کو اسکرین پر موجود کی بورڈ کے Shift بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔

اردو سے انگریزی ترجمہ کے لیے کی بورڈ استعمال کریں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ اسکرین پر موجود کی بورڈ کے Shift بٹن پر کلک کرنے سے اردو کے باقی حروف ظاہر ہوگئے ہیں۔

اردو کی بورڈ کے باقی الفاظ شفٹ بٹن کی مدد سے


گوگل ٹرانسلیٹ پر زبانوں کے براہ راست لنکس

ہر دفعہ ڈراپ ڈاؤن مینیوز کھولنے کی زحمت سے بچنے کے لیے آپ زبانوں کے براہ راست لنکس بک مارک کر سکتے ہیں۔



اردو سے انگلش ترجمہ کے لیے درج ذیل ویب ایڈریس استعمال کریں:

http://translate.google.com/#ur/en

انگلش سے اردو ترجمہ کے لیے درج ذیل ویب ایڈریس استعمال کریں:

http://translate.google.com/#en/ur