کورل ڈرا میں دیوار والی گھڑی بنائیں

کورل ڈرا میں وال کلاک بنانے کا مقصد نئے سیکھنے والوں کو Transformation پینل سے متعارف کرانا ہے۔ اس میں بہت کام کے ٹولز ہیں جن کی مدد سے بہت سے دلچسپ قسم کے Patterns تیار کیے جا سکتے ہیں۔ میں نے ان ٹولز کو استعمال کرتے ہوئے کچھ عرصہ قبل ایک پراجیکٹ کے لیے ایک Compass بنایا تھا۔ اس ٹٹوریل میں دیوار پر لگائی جانے والی ایک گھڑی تیار کی جائے گی تاکہ آپ ان میں سے کچھ ٹولز کے استعمال کا طریقہ جان سکیں۔


Zoom ٹول کی مدد سے صفحہ کا وہ حصہ قریب لے کر آئیں جس پر آپ کام کرنا چاہتے ہیں۔

کورل ڈرا میں صفحہ کا وہ حصہ قریب لائیں جس پر آپ کام کرنا چاہتے ہیں


  1. Ellipse ٹول منتخب کریں۔ اب کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھیں اور پھر ماؤس کی مدد سے گول دائرہ بنائیں۔ Ctrl بٹن استعمال کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ دائرہ بالکل گول بنتا ہے، یعنی اس کی چوڑائی اور اونچائی ایک جیسی ہوتی ہیں۔
  2. درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Fountain Fill ڈائیلاگ باکس کھولنے کے لیے ٹول بار سے آپشن منتخب کریں۔

دائرے کے ٹول کی مدد سے گول دائرہ بنائیں اور پھر فاؤنٹین فل ڈائیلاگ باکس کھولیں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Fountain Fill ڈائیلاگ باکس میں:

  1. Custom ریڈیو بٹن منتخب کریں۔
  2. Type ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Radial منتخب کریں۔
  3. درج ذیل تصویر کے مطابق بائیں جانب موجود نشان پر کلک کر کے رنگوں کے خانوں میں سے کوئی گہرا رنگ منتخب کریں۔
  4. اب دائیں جانب موجود نشان پر کلک کر کے رنگوں کے خانوں میں سے ہلکا رنگ منتخب کریں، اور پھر OK بٹن پر کلک کر دیں۔

فاؤنٹین فل ڈائیلاگ باکس میں سے دائرے کے لیے مطلوبہ رنگ منتخب کریں


  1. Text ٹول منتخب کر کے دائرے کے اوپر والے حصے میں صفر لکھیں۔ اس صفر کے لیے اوپر آپشن بار سے فونٹ اور سائز منتخب کریں۔ اس کے علاوہ صفر کے لیے لکھائی کو Center میں لانے والا آپشن بھی منتخب کریں۔
  2. Pick ٹول منتخب کریں۔
  3. صفر پر کلک کر کے سلیکٹ کریں۔
  4. اب کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھیں اور دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔ اس طرح صفر اور دائرہ دونوں سلیکشن میں آجائیں گے۔
  5. اس کے بعد اوپر آپشن بار پر موجود آپشن پر کلک کریں جس سے Align and Distribute ڈائیلاگ باکس کھل جائے گا۔ اس ڈائیلاگ باکس کی مدد سے ہم صفر کو دائرے کے بالکل درمیان میں اس جگہ پر لانا چاہتے ہیں جہاں پر 12 کا ہندسہ ہوتا ہے۔

لکھائی کے ٹول کی مدد سے صفر لکھیں اور پھر اسے دائرے کے بالکل درمیان میں لائیں


ڈائیلاگ باکس میں افقی یعنی Horizontally درمیان میں لانے والا آپشن منتخب کر کے Apply پر کلک کریں، اور پھر Close پر کلک کر دیں۔

آبجیکٹس کو ایک دوسرے کے درمیان میں لانے والا ڈائیلاگ باکس


اب ہم صفر کی نقلیں بنا کر گھنٹوں کے بارہ ہندسے تیار کریں گے۔ اس کے لیے Arrange مینیو میں سے Transformation مینیو کھولیں، اور پھر اس میں سے Rotate آپشن منتخب کریں۔

ارینج مینیو میں سے ٹرانسفارمیشن مینیو کھولیں، اس میں سے روٹیٹ آپشن منتخب کریں



درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق پہلے ہم نے صفر اور دائرہ دونوں کو سلیکٹ کرنا ہے۔ اس کے لیے ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔ اب صفر پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں، اور پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھتے ہوئے دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔ اب دائیں طرف موجود Transformation پینل میں درج ذیل سیٹنگ کریں۔

  1. اگر 360 کو 30 پر تقسیم کیا جائے تو اس کا نتیجہ 12 ہوگا۔ اس لیے زاویہ کے خانے میں 30- ڈگری کی ویلیو مہیا کریں۔
  2. پھر آبجیکٹ کو اس کے مدار کے گرد گھمانے والا ریڈیو بٹن منتخب کریں۔
  3. اب Apply To Duplicate بٹن پر کلک کرتے جائیں یہاں تک کہ صفر کی گیارہ مزید نقلیں بن جائیں۔

اب صورت حال یہ ہے کہ اس وقت ہمارے پاس دائرے کی بھی 12 نقلیں موجود ہیں، ان میں سے گیارہ دائروں کو ہم نے ڈیلیٹ کرنا ہے۔ اس لیے پہلے صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کوئی آبجیکٹ سلیکشن میں نہ رہے۔ اب دائرے پر کلک سلیکٹ کریں اور ڈیلیٹ کر دیں۔ اس طرح سے گیارہ دائرے آپ کو ڈیلیٹ کرنا ہوں گے۔ اگر غلطی سے بارہواں دائرہ بھی ڈیلیٹ ہو جائے تو اسے واپس لانے کے لیے Edit مینیو میں سے Undo آپشن استعمال کر لیں۔

ٹرانسفارمیشن ڈائیلاگ باکس کی مدد سے صفر کو تیس ڈگری پر گھماتے ہوئے گھڑی کے ہندسے بنائیں


Text ٹول منتخب کر کے ہر صفر کو گھڑی کے ہندسے میں بدلیں۔

لکھائی کے ٹول کی مدد سے تمام صفر اعداد کو گھڑی کے ہندسوں میں بدلیں


  1. Ellipse ٹول منتخب کر کے گھڑی کے بالکل درمیان میں ایک دائرہ بنائیں، اور اس دائرے کے لیے رنگوں کے خانوں میں سے رنگ بھی منتخب کریں۔
  2. Line ٹول منتخب کر کے گھڑی کی سوئیاں بنائیں۔ بالکل سیدھی لائن لگانے کے لیے ماؤس کے ساتھ ڈبل کلک کریں، اور دوسری کلک کو دبا کر رکھیں، اب اسکرین پر ماؤس کو Drag کر کے لائن کھینچیں۔
  3. لائن کی موٹائی اور رنگ وغیرہ منتخب کرنے کے لیے اوپر والے حصے میں پراپرٹی بار پر بھی آپشنز موجود ہیں، جبکہ اسکرین کے نیچے والے حصے میں موجود آپشن پر کلک کر کے لائن کے متعلق ڈائیلاگ باکس بھی کھولا جا سکتا ہے۔

گھڑی کے درمیان میں ایک گول دائرہ بنائیں اور لائن ٹول کی مدد سے گھڑی کی سوئیاں بنائیں


ڈائیلاگ باکس میں سے:

  1. لائن کے کنارے گول کرنے والے ریڈیو بٹن منتخب کریں۔
  2. لائن کی موٹائی کے لیے ویلیو مہیا کریں۔
  3. ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے لائن کے لیے رنگ منتخب کریں۔

گھڑی کی سوئیوں کی موٹائی اور رنگ وغیرہ منتخب کرنے کے لیے ڈائیلاگ باکس استعمال کریں


درج ذیل تصویر کی مدد سے ہر لائن کو آبجیکٹ میں تبدیل کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جب آپ مکمل گھڑی کا سائز چھوٹا یا بڑا کریں گے تو یہ لائنیں بھی اسی تناسب سے چھوٹی یا بڑی ہوں گی۔ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو گھڑی کو چھوٹا کرنے پر لائن 2pt ہی رہے گی جو کہ گھڑی کے تناسب کے لحاظ سے بہت موٹی ہوگی۔

آؤٹ لائن کو آبجیکٹ میں تبدیل کریں۔


آپ دیکھ رہے ہیں کہ گھڑی کے ہندسوں کا رخ ٹھیک نہیں ہے۔ Zoom ٹول کی مدد سے تصویر کا کچھ حصہ بڑا کر کے قریب لائیں۔ پھر مطلوبہ ہندسے پر ماؤس کے ساتھ دو مرتبہ کلک کریں، ایسا کرنے سے سلیکشن کے وہ ہینڈلز ظاہر ہوں گے جن کی مدد سے آبجیکٹ کو گھمایا جا سکتا ہے۔ اب کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھیں اور پھر ماؤس کے ساتھ کسی بھی کنارے والے نشان کو پکڑ کر ہندسے کا رخ سیدھا کر لیں۔

ہندسوں کا رخ درست کریں


وال کلاک تیار ہے۔
اس میں منٹ والے نشانات کیسے لگائے گئے ہیں اس کے لیے یہ ٹٹوریل دیکھیں۔
اور گھڑی کے گرد فریم کیسے لگایا گیا ہے اس کے لیے یہ ٹٹوریل دیکھیں۔

کورل ڈرا کی مدد سے بنایا گیا وال کلاک تیار ہے۔