ونڈوز میں زپ فائل بنانے اور کھولنے کا طریقہ

کبھی کبھار ایسی ای میل موصول ہوتی ہے جس میں درجن بھر کے قریب فائلوں کی اٹیچمنٹس موجود ہوتی ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بعض صارفین ونڈوز میں زپ فائل بنانے کا طریقہ نہیں جانتے۔ ZIP فائل کے دو بڑے فائدے ہیں۔ ایک یہ کہ بہت سی فائلیں اکٹھی ہو کر ایک فائل کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔ دوسرا یہ کہ انفرادی طور پر تو یہ فائلیں بڑے سائز کی ہوتی ہیں، لیکن زپ فائل کی صورت میں کمپریس ہو کر یہ بہت چھوٹے سائز میں آجاتی ہیں۔ ای میل کے لیے یہ دونوں باتیں فائدہ مند ہیں کہ بہت سی فائلوں کی بجائے صرف ایک چھوٹے سائز کی فائل کو اٹیچ کرنا پڑتا ہے۔ آئیں ونڈوز میں زپ فائل بنانے اور اسے کھولنے کا طریقہ دیکھتے ہیں۔

زپ فائل بنانے کا طریقہ

  1. وہ فائلیں جن کی آپ زپ بنانا چاہتے ہیں اگر وہ فولڈر میں اکٹھی موجود نہیں ہیں تو پھر کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھیں اور مطلوبہ فائلوں پر کلک کر کے سلیکٹ کرتے جائیں۔ اور اگر یہ فائلیں اکٹھی ایک جگہ موجود ہیں تو پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھیں اور پھر پہلی اور آخری فائل پر کلک کریں جس سے ان کے درمیان موجود فائلیں بھی سلیکٹ ہو جائیں گی۔
  2. اب سلیکٹ شدہ فائلوں پر کسی بھی جگہ ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں۔ اور پھر Send to آپشن کے تحت موجود Compressed (zipped) folder آپشن پر کلک کر دیں۔

مطلوبہ فائلیں سلیکٹ کر کے ان پر رائیٹ کلک کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ زپ فائل بن چکی ہے۔ جو فائلیں زپ کی گئی ہیں، ونڈوز نے ان میں سے کسی ایک فائل کا نام اس زپ فائل کے لیے استعمال کیا ہے۔ کی بورڈ پر F2 بٹن کی مدد سے اس فائل کا نام تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

کی بورڈ پر ایف ٹو بٹن کی مدد سے زپ فائل کا نام تبدیل کریں


زپ فائل کھولنے کا طریقہ

زپ فائل کھولنے کے لیے اس پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں۔ اور پھر اس مینیو میں موجود Extract All آپشن پر کلک کردیں، جس سے ایک ڈائیلاگ باکس ظاہر ہو جائے گا۔

زپ فائل پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر ایکسٹریکٹ آپشن پر کلک کریں


  1. ڈائیلاگ باکس میں Browse بٹن کی مدد سے وہ فولڈر منتخب کیا جا سکتا ہے جہاں یہ زپ فائل کھلے گی۔
  2. اگر آپ چاہتے ہیں کہ زپ فائل کھلنے پر اس کا فولڈر سامنے آجائے، تو پھر تسلی کر لیں کہ ڈائیلاگ باکس میں موجود چیک باکس منتخب ہے۔
  3. آخر میں Extract بٹن پر کلک کر دیں، جس سے یہ زپ فائل کھل جائے گی۔

زپ فائل ایکسٹریکٹ کرنے کے لیے فولڈر منتخب کریں