ان پیج اور کورل ڈرا کی مدد اخباری سرخی تیار کریں

آپ جانتے ہیں کہ اخباری سرخی کی عبارت کی ترتیب عام لکھائیوں سے مختلف ہوتی ہے۔ حروف کا آپس میں فاصلہ کم کر کے انہیں ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح جوڑا جاتا ہے کہ تھوڑی جگہ پر زیادہ الفاظ کھپائے جا سکیں۔ آپ دیکھتے ہیں کہ اخباری سرخیوں میں حروف ایک دوسرے کے اوپر چڑھے ہوتے ہیں اور بعض اوقات ایک دوسرے کے اندر اس طرح پیوست نظر آتے ہیں کہ مکمل عبارت پڑھنے کے لیے تھوڑی محنت کرنا پڑتی ہے۔ عبارت کی اس طرح کی سیٹنگ ان پیج کے اندر بھی کی جا سکتی ہے لیکن ان پیج میں آپ اس عبارت پر وہ خوبصورت ایفیکٹس نہیں لگا سکتے جو کورل ڈرا میں لگائے جا سکتے ہیں، نیز کورل ڈرا میں یہ کام بہت آسان ہے۔

اس کا خلاصہ کچھ اس طرح سے ہے کہ ہم ان پیج میں عبارت لکھ کر اسے Copy کرتے ہیں اور کورل ڈرا کے اندر اسے Paste کر دیتے ہیں۔ اس کے بعد اس لکھائی کو Curves میں تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ لکھائی فونٹ کی شکل میں نہ رہے بلکہ ویکٹر آبجیکٹس میں بدل جائے۔ پھر اس لکھائی کو Ungroup کیا جاتا ہے تاکہ تمام حروف ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں اور ہر حرف کو اٹھا کر اپنی مرضی کے مطابق جہاں چاہے رکھا جا سکے۔ اگلے مرحلے میں ہم عبارت کی تین یا چار نقلیں بناتے ہیں اور ہر نقل پر مختلف رنگ اور موٹائی کی Outline لگاتے ہیں۔ پھر ان تمام لکھائیوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھ دیا جاتا ہے جس سے عبارت ایک اخباری سرخی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

اخبار کی یہ سرخی ان پیج استعمال کیے بغیر اردو نستعلیق کے کسی یونی کوڈ فونٹ کی مدد سے بھی بنائی جا سکتی ہے لیکن ان پیج کے استعمال سے ہمارا مقصد یہ ہے کہ اگر کبھی آپ چاہیں تو ان پیج میں موجود دوسرے نستعلیق اور نسخ فونٹس سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

آئیے مرحلہ وار تصاویر کی مدد سے اخباری سرخی کی تیاری کا یہ عمل دیکھتے ہیں۔

1۔ پہلے ان پیج کھولیں، پھر کورل ڈرا کھولیں

پہلے ان پیج پروگرام کھولیں، پھر اس کے بعد کورل ڈرا کھولیں۔ ایسا کرنے سے ان پیج کے تمام فونٹس کورل ڈرا کے لیے قابل استعمال ہو جاتے ہیں۔

1۔ پہلے ان پیج کھولیں، پھر کورل ڈرا کھولیں

2۔ ان پیج میں عبارت لکھ کر Copy کریں

ان پیج کے اندر اپنی مرضی کی ایک عبارت لکھیں، پھر ٹول بار پر Arrow ٹول کی مدد سے صفحہ کے کسی خالی حصہ پر کلک کر کے صفحہ سلیکٹ کر لیں۔ پھر اس کے بعد Ctrl+c کے ساتھ کاپی کر لیں، یا پھر درج ذیل تصویر کے مطابق ماؤس کے دائیں بٹن کے ساتھ صفحہ پر کلک کر کے مینیو کھولیں جس میں موجود آپشن پر کلک کر کے آپ عبارت کو Copy کر سکتے ہیں۔

2۔ ان پیج میں عبارت لکھ کر Copy کریں

3۔ کورل ڈرا میں عبارت Paste کریں

اب آپ کورل ڈرا پر منتقل ہو جائیں، لیکن ان پیج پروگرام کو آپ بند نہیں کریں گے تاکہ اس کے فونٹس کورل ڈرا کے لیے دستیاب رہیں۔ درج ذیل تصویر کے مطابق ان پیج سے کاپی کی ہوئی عبارت کو کورل ڈرا کے اندر پیسٹ کر دیں۔

3۔ کورل ڈرا میں عبارت Paste کریں

4۔ ساری لکھائی کو فوکس میں لائیں

آپ دیکھ رہے ہیں کہ لکھائی جو ہم نے پیسٹ کی ہے اس کا سائز بہت بڑا ہے اور صفحہ سے بہت باہر تک پھیلا ہوا ہے۔ چنانچہ درج ذیل تصویر کی مدد سے آپ پوری لکھائی کو سامنے لے کر آئیں۔ اس کے لیے Zoom کے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے To Fit کا آپشن منتخب کریں یا پھر کی بورڈ پر F4 بٹن دبا دیں۔

4۔ ساری لکھائی کو فوکس میں لائیں

5۔ لکھائی کا سائز چھوٹا کریں

لکھائی کا سائز چھوٹا کرنے کے لیے آپ دو طریقے استعمال کر سکتے ہیں۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ چوڑائی کے خانے میں لکھائی کا سائز متعین کر دیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ پراپرٹی بار پر متناسب سائز (Proportional Scaling) کا بٹن دبا ہوا ہو۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ لکھائی کی سلیکشن کو ماؤس کے ساتھ کنارے سے پکڑ کر چھوٹا کر لیں۔ جب لکھائی چھوٹی ہو جائے تو F4 بٹن دبا کر ساری لکھائی سامنے لے آئیں۔ آپ یقیناً‌ یہ بات جانتے ہوں گے کہ Zoom In یا پھر Zoom Outکرنے سے لکھائی کا سائز تبدیل نہیں ہوتا بلکہ صرف یہ ہوتا ہے کہ لکھائی اسکرین پر قریب آجاتی ہے یا دور ہو جاتی ہے تاکہ آپ اس پر حسب ضرورت کام کر سکیں۔ ڈاکومنٹ کے اندر موجود کوئی بھی آبجیکٹ جب آپ نے سلیکٹ کیا ہوتا ہے تو اس کا اصل سائز پراپرٹی بار پر چوڑائی اور اونچائی کے خانوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔

5۔ لکھائی کا سائز چھوٹا کریں

6۔ لکھائی کو Curves میں تبدیل کریں

اس وقت ہمارے پاس یہ لکھائی فونٹ کی شکل میں موجود ہے جسے ہم نے ویکٹر آبجیکٹس میں تبدیل کرنا ہے۔ ایسا کرنے سے ہم فونٹ کی بندش سے آزاد ہو جاتے ہیں اور عبارت کے حروف کو ایک دوسرے سے الگ کر تے ہوئے ان کی شکلیں بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔۔ اگر لکھائی آپ کی سلیکشن میں نہیں ہے تو Pick ٹول کی مدد سے اسے سلیکٹ کریں اور درج ذیل تصویر کے مطابق لکھائی کو Curves میں تبدیل کر دیں۔

6۔ لکھائی کو Curves میں تبدیل کریں

7۔ لکھائی کو Ungroup کریں

درج ذیل تصویر میں دکھائے گئے Ungroup All کے آپشن کی مدد سے تمام حروف کو ایک دوسرے سے الگ کر دیں۔ پھر صفحہ کے کسی خالی حصہ میں کلک کریں تا کہ عبارت سلیکشن میں نہ رہے۔ اب آپ ہر حرف کو Pick ٹول کی مدد سے علیحدہ سے سلیکٹ کر کے اپنی مرضی کی جگہ پر منتقل کر سکتے ہیں۔ اس کے متعلق ہم آئندہ مراحل میں بات کریں گے۔

7۔ لکھائی کو Ungroup کریں

8۔ عبارت سیدھی رکھنے کے لیے Guidelines لگائیں

کیونکہ ہم نے ہر حرف کی جگہ آزادانہ طور پر تبدیل کرنی ہے جس کی وجہ سے ممکن ہے کہ عبارت بالکل سیدھی نہ رہے۔ اس ٹیڑھے پن سے بچنے کے لیے ہم اپنی رہنمائی کے لیے دو گائیڈ لائنز استعمال کریں گے، ایک لائن عبارت کے اوپر اور ایک عبارت کے نیچے۔ ان دو لائنوں کی مدد سے ہم حروف کی سیٹنگ کے دوران عبارت کو سیدھا رکھنے کی کوشش کریں گے۔ درج ذیل تصویر کے مطابق ماؤس کی مدد سے Ruler پر کلک کرکے نیچے کی طرف ڈریگ کرتے ہوئے یہ عمودی (Horizontal) لائنیں لگائی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح افقی (Vertical) لائن لگانا مقصود ہو تو سائیڈ پر موجود Ruler سے یہ لائن کھینچی جا سکتی ہے۔

8۔ عبارت سیدھی رکھنے کے لیے Guidelines لگائیں

9۔ حروف کو ترتیب سے جوڑیں

اب آپ Pick ٹول کی مدد سے ہر حرف کو اٹھا کر اس طرح سے رکھیں کہ کم جگہ پر زیادہ سے زیادہ الفاظ کھپ سکیں، جیسا کہ درج ذیل تصویر میں دکھایا گیا ہے۔ کچھ حروف ایسے ہوتے ہیں جن کے ساتھ ان کا نقطہ جڑا رہتا ہے۔ ایسے حرف کے نقطوں کو اس سے الگ کرنے کے لیے Arrange مینیو میں موجود Break Curve Apart آپشن استعمال کریں۔ پھر Pick ٹول کی مدد سے صفحہ کے کسی خالی حصہ میں کلک کریں تا کہ نئے سرے سے پورے حرف کی بجائے صرف اس کے نقطہ کو سلیکٹ کیا جا سکے۔ جب عبارت میں نقطے کی جگہ سیٹ ہو جائے تو ماؤس کو Drag کر کے پورا لفظ نقطے سمیت سلیکٹ کریں اور پھر Arrange مینیو میں Combine آپشن منتخب کریں۔ اس سے یہ ہوگا کہ Break Curve Apart آپشن کی مدد سے توڑا گیا یہ لفظ دوبارہ یکجا ہو جائے۔

9۔ حروف کو ترتیب سے جوڑیں

10۔ مکمل عبارت کو سلیکٹ کریں

جب مکمل عبارت ایک اخباری سرخی کی طرح سیٹ ہو جائے تو Pick ٹول کی مدد سے تمام عبارت کو سلیکٹ کریں۔

10۔ مکمل عبارت کو سلیکٹ کریں

11۔ مکمل عبارت کو Group کر لیں

اب اس عبارت کو Group کر دیں تاکہ کوئی حرف غلطی سے اِدھر اُدھر نہ ہو جائے، اور یہ کہ آپ پوری عبارت پر ایک ہی دفعہ Outline سیٹ کر سکیں۔

11۔ مکمل عبارت کو Group کر لیں

12۔ عبارت کی تین نقلیں بنائیں

اس مرحلہ میں آپ اس عبارت کی تین نقلیں بنائیں گے تاکہ ہر نقل پر ہم مختلف موٹائی اور رنگ کی Outline لگا سکیں۔

12۔ عبارت کی تین نقلیں بنائیں

13۔عبارت پر Outline لگانے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں

اس مرحلہ میں ہم وہ ڈائیلاگ باکس کھولیں گے جس کی مدد سے ہم تینوں نقلوں پر آؤٹ لائن لگائیں گے۔ اصل عبارت پر ہم سب سے زیادہ موٹائی کی آؤٹ لائن لگائیں گے اور اس کی پہلی نقل پر اس سے کم موٹائی کی آؤٹ لائن لگائیں گے۔ عبارت کی سب سے آخری نقل میں ہم رنگوں کے خانوں میں سے 10% سیاہ رنگ بھریں گے۔

13۔عبارت پر Outline لگانے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں

14۔ عبارتوں پر مختلف موٹائی کی Outline لگائیں

Outline Pen کے ڈائیلاگ باکس کی مدد سے آپ اصل عبارت پر درج ذیل تصویر کے مطابق 10 پوائنٹس کی آؤٹ لائن لگائیں جس کے لیے آپ 10% سیاہ رنگ منتخب کریں۔ اسی طرح عبارت کی پہلی نقل میں 4 پوائنٹس کی آؤٹ لائن لگائیں جس کے لیے 50% سیاہ رنگ منتخب کریں۔ آخری نقل پر کسی قسم کی آؤٹ لائن نہیں لگائیں بلکہ صرف یہ کریں کہ اس کی بیک گراؤنڈ کے لیے رنگوں کے خانوں (Color Palette) سے 10% سیاہ رنگ منتخب کریں۔

14۔ عبارتوں پر مختلف چوڑائی کی Outline لگائیں

15۔ تینوں عبارتیں ایفیکٹس لگانے کے بعد

پچھلے مرحلہ میں عبارت پر لگائے گئے ایفیکٹس درج ذیل تصویر کے مطابق نظر آنے چاہئیں۔

15۔ تینوں عبارتیں ایفیکٹس لگانے کے بعد

16۔ تینوں عبارتیں سلیکٹ کریں

Pick ٹول کی مدد سے تینوں عبارتوں کو سلیکٹ کریں۔

16۔ تینوں عبارتیں سلیکٹ کریں

17۔ عبارتوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھیں

اب پراپرٹی بار پر موجود Align and Distribute کا بٹن دبائیں جس سے ایک ڈائیلاگ باکس کھل جائے گا۔ یہ ڈائیلاگ باکس آبجیکٹس کو ایک دوسرے کی سیدھ میں لانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ درج ذیل تصویر کے مطابق اُفقی (Vertical) اور عمودی (Horizontal) دونوں طرح سے ہم اِن عبارتوں کو ایک دوسرے کی سیدھ میں لے آئیں گے۔ نتیجہ یہ ہوگا کہ تینوں عبارتیں ایک دوسرے کے بالکل اوپر آجائیں گی۔

17۔ عبارتوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھیں

18۔ اوپر والی عبارت میں سفید رنگ بھریں

صفحہ کے کسی خالی جگہ پر کلک کر کے تمام عبارتوں کو غیر منتخب کریں اور پھر Pick ٹول کی مدد سے سب سے اوپر والی عبارت کو سلیکٹ کر کے اس میں سفید رنگ بھر دیں۔ ہم نے پچھلے مرحلے میں سب سے آخری نقل میں 10% سیاہ رنگ اس لیے بھرا تھا تاکہ وہ ہمیں اسکرین پر نظر آتا رہے۔

18۔ اوپر والی عبارت میں سفید رنگ بھریں

19۔ سفید رنگ کے آبجیکٹس کو غائب ہونے سے بچانا

کبھی یوں ہوتا ہے کہ جس آبجیکٹ میں آپ نے سفید رنگ بھرا ہو، اسے اسکرین پر عارضی طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ لیکن صفحہ کی بیک گراؤنڈ بھی چونکہ سفید رنگ کی ہے اس لیے سفید رنگ کا آبجیکٹ آپ کو اسکرین پر نظر نہیں آتا۔ اس کے لیے آپ عارضی طور پر درج ذیل تصویر کے مطابق View مینیو سے Wireframe کا آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔

19۔ سفید رنگ کے آبجیکٹس کو غائب ہونے سے بچانا

20۔ آبجیکٹس کو خاکوں (Sketches) کی شکل میں دیکھنا

Wireframe کے آپشن سے آپ کو ڈاکومنٹ میں موجود آبجیکٹس بغیر کسی ایفیکٹ کے صرف خاکے (Sketch) کی صورت میں نظر آتے ہیں۔ جب آپ تمام آبجیکٹس کو اپنی مرضی کی جگہوں پر منتقل کر لیں تو View مینیو سے Enhanced کا آپشن دوبارہ منتخب کر لیں جس سے آبجیکٹس پر لگائے ہوئے تمام ایفیکٹس پھر سے ظاہر ہو جائیں گے۔

20۔ آبجیکٹس کو خاکوں (Sketches) کی شکل میں دیکھنا

21۔ سرخیوں کی بیک گراؤنڈ کے لیے ایک باکس ڈرا کریں

اس مرحلہ میں آپ Rectangle ٹول کی مدد سے ایک باکس ڈرا کریں اور اس میں سرمئی (Gray) رنگ بھریں۔

21۔ سرخیوں کی بیک گراؤنڈ کے لیے ایک باکس ڈرا کریں

22۔ باکس کو سرخیوں کے پیچھے منتقل کریں

آپ دیکھ رہے ہیں کہ یہ باکس عبارت کے اوپر آگیا ہے۔ درج ذیل تصویر کی مدد سے آپ اسے عبارتوں کے پیچھے منتقل کر سکتے ہیں۔

22۔ باکس کو سرخیوں کے پیچھے منتقل کریں

23۔ اخباری سرخی تیار ہے

یہ سرخی یقینی طور پر اس سے بہت بہتر تیار ہو سکتی تھی، مثلاً‌ ایک ضروری کام ہم اس میں یہ کر سکتے تھے کہ ’’مخلص قومی لیڈر‘‘ جو کہ چھوٹے سائز کے حروف ہیں، ان پر ہم کم موٹائی کی Outline لگاتے۔ لیکن میں نے کوشش کی ہے کہ اس ٹٹوریل کو پیچیدگی سے بچا کر صرف سرخی بنانے کے اس عمل کا بنیادی تصور آپ تک پہنچا دوں تاکہ اسے جاننے کے بعد آپ اپنے ذاتی آئیڈیاز کو کام میں لاتے ہوئے بہتر سے بہتر اخباری سرخیاں بناتے رہیں۔

23۔ اخباری سرخی تیار ہے