سرچ انجن کی مدد سےاپنی انگلش گرامر ٹھیک کریں

کسی بھی معروف سرچ انجن پر تلاش کرتے وقت اگر مطلوبہ جملہ Double quotes میں مہیا کیا جائے تو سرچ انجن نتائج میں ایسے ویب پیجز شامل کرتا ہے جن میں یہ جملہ بالکل اسی طرح سے استعمال کیا گیا ہو۔ یعنی ڈبل کوٹس کے استعمال پر سرچ انجن تلاش کے ان الفاظ کو Keywords کی بجائے Key phrase کے طور پر لیتا ہے۔ میں کئی سالوں سے سرچ انجن کے اس فیچر کو اپنی انگلش گرامر درست کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہوں۔ مثلاً‌ کسی اہم ادارے یا شخص کو ای میل بھیجتے وقت اگر میں انگلش کا کوئی ایسا جملہ لکھوں جو اس سے پہلے میں نے کبھی نہ لکھا ہو، تو پھر میں سرچ انجن کی مدد سے یہ معلوم کرتا ہوں کہ کیا اور لوگوں نے بھی یہ جملہ استعمال کیا ہے، اگر کیا ہے تو کن معنوں میں استعمال کیا ہے۔ اس سے مجھے اپنا جملہ درست کرنے میں مدد مل جاتی ہے۔


یہ جملہ دوسرے لوگوں نے کیسے استعمال کیا ہے؟

مثلاً‌ ایک جملہ لکھتے وقت مجھے انگلش لفظ of اور for کے استعمال میں الجھن پیدا ہوئی۔ چنانچہ سرچ انجن پر ڈبل کوٹس کے ساتھ تلاش کرنے پر بہت سے ایسے ویب پیجز سامنے آگئے جن پر لوگوں نے یہی جملہ لکھا ہوا تھا۔

سرچ انجن کی مدد سے گرامر ٹھیک کرنے کی پہلی مثال


ضروری نہیں کہ آپ مکمل جملہ ہی لکھیں۔ مثال کے طور پر ایک جگہ میں لکھنا چاہتا تھا کہ فلاں صاحب اپنی وضع قطع کے اعتبار سے استاد سے زیادہ ایک طالب علم دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن سرچ انجن پر تلاش کرتے وقت میں نے یہ جملہ مکمل نہیں لکھا، تاکہ اگر ’استاد‘ کی جگہ کسی نے کوئی اور لفظ استعمال کیا ہے تو وہ بھی سامنے آجائے۔

سرچ انجن کی مدد سے گرامر ٹھیک کرنے کی دوسری مثال


کسی خاص لفظ کا معنٰی معلوم کریں

گوگل پر کسی خاص لفظ کا معنیٰ معلوم کرنے کے لیے Define سرچ آپریٹر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں Circumference کا معنیٰ معلوم کیا گیا ہے۔ وضاحت کے ساتھ دیے گئے اسپیکر کے آئیکان پر کلک کر کے مطلوبہ لفظ کا تلفظ بھی سنا جا سکتا ہے۔

کسی خاص لفظ کا معنٰی معلوم کریں


تصاویر کی مدد سے مطلوبہ لفظ کے متعلق مزید معلومات حاصل کریں

مزید معلومات جاننے کی ضرورت ہو تو سرچ انجن کے تصاویر کے سیکشن میں مطلوبہ لفظ تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ کسی چیز کا نام ہے تو عین ممکن ہے تصاویر اس لفظ کی وضاحت بہتر طور پر کر دیں۔

تصاویر کی مدد سے مطلوبہ لفظ کے متعلق مزید معلومات حاصل کریں

Categories: