PHP کے ذریعے ای میل بھیجنا بہت آسان ہے۔ ()mail فنکشن استعمال کرتے ہوئے صرف ایک لائن پر مشتمل کوڈ کی مدد سے بھی ای میل بھیجی جا سکتی ہے۔ لیکن PHP کی اس سہولت کا مؤثر استعمال ویب ایپلی کیشن میں ہی کیا جا سکتا ہے۔ ایپلی کیشن میں ہونے والے مختلف کاموں کے نتیجے میں خود کار طریقے سے ای میل بھیج کر آپ متعلقہ لوگوں کو صورت حال سے مطلع کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایسے کام درج ذیل ہو سکتے ہیں:
- کسی ممبر کے اکاؤنٹ کی میعاد ختم ہونے والی ہو تو کچھ عرصہ قبل ای میل بھیج کر ممبر کو اس بارے میں خبردار کیا جا سکتا ہے۔
- آپ کی انٹرنیٹ پر دکان ہے، اس کی ویب ایپلی کیشن کے ذریعے ای میل بھیج کر گاہکوں کو نئی مصنوعات کے متعلق باخبر کیا جا سکتا ہے۔
- آپ نے کسی مسجد کے لیے نمازوں کے اوقات کی ویب ایپلی کیشن بنائی ہے۔کسی نماز کا وقت تبدیل ہونے پر نمازیوں کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا جا سکتا ہے۔
- آپ کی ویب سائیٹ پر رابطہ فارم موجود ہے، اس فارم کو آپ بذریعہ ای میل وصول کر سکتے ہیں۔
ای میل بھیجنے کے لیے PHP کے ()mail فنکشن کو ای میل کے متعلق معلومات مہیا کی جاتی ہیں۔ ()mail فنکشن یہ معلومات اس طرح سے لیتا ہے:
mail(to, subject, message, optional_headers, optional_parameters)
ای میل بھیجنے کی مختصر مثال
ایک لائن کے کوڈ میں ای میل یوں بھیجی جا سکتی ہے۔
<?php
mail("someperson@examplesite.com", "Subject line of email", "Body text of email.");
?>
ای میل بھیجنے کی تفصیلی مثال
درج ذیل مثال میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ:
- سب سے پہلے ای میل کی معلومات کے ویری ایبلز تیار کیے گئے ہیں جو ()mail فنکشن کو مہیا کیے جائیں گے۔ اگر آپ ایک سے زیادہ لوگوں کو ای میل بھیجنا چاہیں تو email_to$ ویری ایبل میں کوما (,) کے ساتھ مزید ای میل ایڈریسز کا اضافہ کر سکتے ہیں۔
-
header$ ویری ایبل کے ذریعے درج ذیل چیزیں بتائی گئی ہیں:
- اس ای میل کے لیے MIME یعنی Multipurpose Internet Mail Extensions کا ورژن 1 استعمال کیا جا رہا ہے۔
- ای میل سادہ لکھائی (Text) پر مشتمل ہو تو اس کے لیے Content-type: text/plain سیٹ کی جاتی ہے۔ اور اگر ای میل میں HTML کوڈ استعمال کیا جا رہا ہو تو اس کے لیے Content-type: text/html مقرر کی جاتی ہے۔ اسی طرح یہ بھی بتایا جا سکتا ہے کہ اس ای میل میں کس قسم کے حروف استعمال کیے جا رہے ہیں۔ عام طور پر ای میل کے لیے charset=utf-8 استعمال کیا جانا چاہیے جو کہ یونیکوڈ اسٹینڈرڈ ہے۔ Unicode اسٹینڈرڈ دنیا کی بہت سی زبانیں سپورٹ کرتا ہے جس میں عربی، اردو اور فارسی زبانیں بھی شامل ہیں۔
- یہ ای میل جس کی طرف سے بھیجی جا رہی ہے، اس کا نام اور ای میل ایڈریس مہیا کیے جا رہے ہیں۔
- اگر ایک یا ایک سے زیادہ لوگوں کو اس ای میل کی نقل (CC) بھیجنی ہو تو ان کے ای میل ایڈریس بھی مہیا کیے جا سکتے ہیں۔
- اگر ایک یا ایک سے زیادہ لوگوں کو اس ای میل کی گمنام نقل (BCC) بھیجنی ہو تو ان کے ای میل ایڈریس بھی مہیا کیے جا سکتے ہیں۔
- جب تمام ویری ایبلز تیار ہو جائیں تو ()mail فنکشن کو یہ ویری ایبلز مہیا کر دیں۔ اگر فراہم کیے گئے ای میل ایڈریسز درست ہوئے تو ان لوگوں کو ای میل وصول ہو جائے گی۔
<?php
// 1. Email info
$name_from = "Name of Sender";
$email_from = "email.of.sender@gmail.com";
$email_to = "email.of.receiver@gmail.com";
$subject = "Subject line of email";
$message = "Body text of email.";
// 2. Header info
$header = "MIME-Version: 1.0" . "\r\n";
$header = $header . "Content-type: text/html; charset=utf-8" . "\r\n";
$header = $header . "From: $name_from <$email_from>" . "\r\n";
//$header = $header . "Cc: $emailcc1, $emailcc2" . "\r\n";
//$header = $header . "Bcc: $emailbcc1, $emailbcc2" . "\r\n";
// 3. php's function to send an email
mail($email_to, $subject, $message, $header);
?>
یہ کوڈ کسی ویب ہوسٹنگ پر Upload کر کے ٹیسٹ کریں۔ http://localhost سے ای میل بھیجنے کے لیے اضافی سیٹنگز درکار ہوتی ہیں جس کے متعلق اس ٹٹوریل میں بات نہیں کی گئی۔
Categories:
Created: Sun, 12/01/2013 - 19:02
Modified: Sun, 02/04/2018 - 00:55
Modified: Sun, 02/04/2018 - 00:55