ان پیج میں کی بورڈ کے بٹنوں کی ترتیب تبدیل کریں

ان پیج سافٹ ویئر میں کام کرتے ہوئے بعض اوقات آپ چاہتے ہیں کہ کی بورڈ کے کچھ بٹن تبدیل کیے جائیں، مثلاً یہ کہ ش کا حرف Shift+c دبانے سے نہیں بلکہ Shift+s دبانے سے لکھا جائے۔ اردو حروف کو انگلش بٹنوں کے ساتھ ٹائپ کرنے کے لیے ان پیج کے اندر کی بورڈ تبدیل کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ یعنی کونسا اردو حرف کس انگلش بٹن دبانے سے لکھا جائے، یہ آپ اپنی مرضی سے سیٹ کر سکتے ہیں۔ آئیں تصاویر کی مدد سے اس کا طریقہ دیکھتے ہیں۔



درج ذیل تصویر کی مدد سے وہ ڈائیلاگ باکس کھولیں جس میں سے کی بورڈ لے آؤٹ منتخب کیا جا سکتا ہے:

Inpage Screenshot - Edit > Preferences > Keyboard Preferences


درج ذیل تصویر کی مدد سے ڈائیلاگ باکس میں موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے User Defined Keyboard منتخب کریں جس کے بٹن حسب منشا تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔

Inpage Screenshot - Select and Click "User Defined Keyboard"


درج ذیل تصویر میں جو ڈائیلاگ باکس آپ دیکھ رہے ہیں یہ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ نیچے والے حصے میں وہ تمام حروف اور علامات موجود ہیں جو ان پیج کے اندر استعمال کے لیے دستیاب ہیں۔ جبکہ اوپر والا حصہ یہ بتاتا ہے کہ کی بورڈ پر کونسا انگلش بٹن دبانے سے کونسا اردو حرف لکھا جائے گا۔ ان بٹنوں کو حسب ضرورت تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے آپ نیچے والے حصے میں موجود کسی بھی اردو حرف یا علامت کو ماؤس کے ساتھ پکڑ کر اوپر والے حصے میں کسی انگلش بٹن کے اوپر چھوڑ دیں۔ اگر آپ اردو کا کوئی حرف انگلش کے بڑے حرف پر رکھیں گے تو یہ حرف Shift بٹن کے ساتھ دبانے سے لکھا جائے گا۔ یعنی مہیا کی گئی تصویر کے مطابق ’’د‘‘ کا حرف کی بورڈ پر صرف d دبانے سے لکھا جائے گا، جبکہ ’’ڈ‘‘ کا حرف Shift+d دبانے سے لکھا جائے گا۔ جب آپ کی بورڈ کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھال لیں تو Save بٹن پر کلک کر کے یہ کی بورڈ لے آؤٹ محفوظ کر لیں۔ اب آپ ان پیج کے اندر ٹائپنگ کر کے تسلی کر لیں کہ اُردو کے حروف آپ کی مرضی کے انگلش بٹنوں کے ساتھ لکھے جا رہے ہیں۔

Inpage Screenshot - Drag Urdu letters to desired English buttons


نوٹ: چونکہ اردو حروف کی تعداد انگلش حروف سے زیادہ ہے، اس لیے اردو کے جو حروف انگلش کے 26 بٹنوں سے زائد ہوتے ہیں انہیں Shift بٹن کے ساتھ لکھا جاتا ہے۔