آڈیو کیسٹ سے کمپیوٹر میں ریکارڈنگ کریں

اگرچہ آڈیو کیسٹ پلیئرز اب استعمال میں نہیں رہے، ان کا مقصد اب موبائل فونز اور کمپیوٹرز پورا کر رہے ہیں۔ لیکن دنیا میں بہت سا صوتی مواد (Audio content) اس وقت بھی آڈیو کیسٹس کی شکل میں موجود ہے جو ابھی تک کمپیوٹر پریعنی Digital format میں منتقل نہیں ہو سکا۔ گزشتہ دنوں مجھے پندرہ بیس سال پرانی کیسٹوں سے واسطہ پڑا جو تقریروں پر مشتمل تھیں۔ مقصد ان تقریروں کو کمپیوٹر پر منتقل کر کے MP3 فارمیٹ میں محفوظ کرنا تھا۔ خوش قسمتی سے میرے لیے یہ کام آسان تھا اس لیے کہ میں اس سے ملتا جلتا ایک چھوٹا سا پراجیکٹ 2005ء میں امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں کر چکا تھا۔ آڈیو کیسٹس کی ریکارڈنگ کمپیوٹر پر کیسے کی جاتی ہے، آئیں مرحلہ وار یہ عمل دیکھتے ہیں۔



کیسٹ سے کمپیوٹر پر ریکارڈنگ کے لیے درج ذیل چیزیں درکار ہیں:

  1. ایک کیسٹ پلیئر جس میں مطلوبہ کیسٹ چلائی جا سکے۔
  2. ایک کمپیوٹر جس میں Audacity یا اس طرز کا کوئی اور آڈیو ایڈیٹنگ کا سافٹ ویئر انسٹال کیا گیا ہو۔
  3. ایک آڈیو کیبل جس کی ایک سائیڈ کیسٹ پلیئر کے Headphone جیک میں جبکہ دوسری سائیڈ کمپیوٹر کے Microphone جیک میں لگے گی۔

درج ذیل تصویر کے مطابق آڈیو کیبل کی مدد سے کیسٹ پلیئر اور کمپیوٹر کو آپس میں منسلک کریں۔

آڈیو کیبل کی مدد سے کیسٹ پلیئر اور کمپیوٹر کو آپس میں منسلک کریں


ریکارڈنگ شروع کرنے سے پہلے آپ چاہیں گے کہ مائیک سے متعلقہ سیٹنگز کی تصدیق کرلیں کہ وہ آپ کی مرضی کے مطابق ہیں یا نہیں۔ اس کے لیے درج ذیل تصویر کے مطابق کنٹرول پینل میں Manage audio devices آپشن منتخب کریں۔

کنٹرول پینل میں مینیج آڈیو ڈیوائسز کا آپشن منتخب کریں


Recording ٹیب میں مائیکروفون پر کلک کر کے پراپرٹیز بٹن پر کلک کریں۔

ریکارڈنگ ٹیب میں مائیکروفون پر کلک کر کے پراپرٹیز بٹن پر کلک کریں


  1. Level ٹیب میں آپ مائیکروفون کا والیوم سیٹ کر سکتے ہیں۔
  2. Enhancements ٹیب میں سب سے اہم آپشن Noise Suppression کا ہے جس سے کیسٹ کی آواز کا پس منظر کا شور کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

لیول ٹیب اور ان ہینسمنٹ ٹیب میں مائیکروفون کی سیٹنگ کریں


درج ذیل تصویر کے مطابق Audacity کھولیں اور ریکارڈنگ کے بٹن پر کلک کر دیں، اس سے کمپیوٹر پر ریکارڈنگ شروع ہو جائے گی۔ اب کیسٹ پلیئر پر Play کا بٹن دبا دیں۔ آپ دیکھیں گے کہ جیسے جیسے کیسٹ چلے گی Audacity میں ٹائم لائن پر آڈیو ٹریک بننا شروع ہو جائے گا۔

ریکارڈنگ کا بہتر سے بہتر نتیجہ حاصل کرنے کے لیے Speaker اور Microphone کی آواز مختلف لیولز پر سیٹ کر کے پہلے ٹیسٹنگ کے طور پر تھوڑی سی ریکارڈنگ کر کے سنیں، جب آواز آپ کی مرضی کے مطابق ہو جائے تو پھر اصل ریکارڈنگ شروع کریں۔

آڈاسٹی کھولیں اور ریکارڈنگ کے بٹن پر کلک کر دیں


جب ریکارڈنگ مکمل ہو جائے تو File مینیو سے Export آپشن منتخب کر کے یہ آڈیو ریکارڈنگ مطلوبہ فارمیٹ کی فائل میں محفوظ کرلیں۔

Categories: