اسکین شدہ صفحات کو ٹیکسٹ میں تبدیل کریں

مغربی ممالک میں بہت سے ادارے پرانی انگلش کتابوں کو کمپیوٹر پر منتقل کرنے کے لیے OCR (آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن) سافٹ ویئرز استعمال کرتے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر صفحہ کی امیج فائل میں موجود انگلش عبارت کو ٹیکسٹ میں تبدیل کر دیتا ہے۔ امیج فائل کے مقابلے میں یہ ٹیکسٹ بہت کارآمد ہوتا ہے۔ مثلاً‌:

  • ٹیکسٹ کو نئے سرے سے فارمیٹ کر کے کتابی شکل میں شائع کیا جا سکتا ہے۔ کتاب کے اس نئے ایڈیشن میں کمی یا اضافہ وغیرہ کیا جا سکتا ہے۔
  • ٹیکسٹ کی مدد سے ویب پیجز تیار کر کے اس کتاب کو انٹرنیٹ پر ڈالا جا سکتا ہے۔ اگر یہ کتاب ٹیکسٹ کی صورت میں انٹرنیٹ پر موجود ہو تو پھر سرچ انجنز با آسانی اس کتاب کے ویب پیجز کو سرچ کے نتائج میں شامل کر سکتے ہیں۔
  • کتاب کے ٹیکسٹ کی مدد سےچھوٹے سائز کی PDF فائل تیار کر کے ڈاؤن لوڈ کے لیے مہیا کی جا سکتی ہے۔ آپ جانتے ہوں گے کہ امیج فائلز کی مدد سے اگر پی ڈی ایف فائل بنائی جائے تو اس کا سائز بہت بڑا ہوتا ہے، جبکہ ٹیکسٹ کی مدد سے بننے والی پی ڈی ایف فائل کا سائز مختصر ہوتا ہے۔
  • آپ اپنے کسی مضمون میں کسی کتاب کا کچھ حصہ شامل کرنا چاہتے ہیں، اس صورت میں کتاب کے مطلوبہ صفحات آپ کو ٹائپ نہیں کرنا پڑیں گے۔


اس ٹٹوریل میں ہم اس مقصد کے لیے ایک مفت دستیاب سافٹ ویئر FreeOCR استعمال کریں گے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق paperfile.net ویب سائٹ سے یہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔

پیپر فائل ویب سائیٹ سے فری او سی آر سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں


سافٹ ویئر میں اوپر ٹول بار پر مختلف آپشنز مہیا کیے گئے ہیں۔ اگر مطلوبہ امیج فائل پہلے سے ڈسک پر موجود ہے تو پھر Open آپشن کی مدد سے وہ امیج فائل کھولیں۔ صفحہ کی یہ تصویر ڈیجیٹل کیمرے یا سمارٹ فون وغیرہ سے بھی حاصل کی جا سکتی ہے، لیکن اس صورت میں آپ کو تصویر کا زاویہ ٹھیک رکھنے کے لیے خاص توجہ دینا ہوگی۔ جبکہ اسکینر کی مدد سے یہ صفحہ اسکین کرنے کے لیے درج ذیل اقدامات کریں:

  1. ٹول بار پر موجود Scan آپشن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
  2. اگر آپ اس سافٹ ویئر میں پہلی دفعہ اسکین کر رہے ہیں تو پھر Select Scan Device آپشن پر کلک کر کے کمپیوٹر سے منسلک اسکینر منتخب کریں۔
  3. کلر موڈ ڈراپ ڈاؤن میں سے Greyscale آپشن منتخب کریں۔
  4. اور پھر Scan بٹن پر کلک کر دیں۔

اسکینر کی مدد سے انگلش کتاب کا مطلوبہ صفحہ اسکین کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق اسکین شدہ صفحہ سامنے آنے پر:

  1. بائیں طرف موجود ٹول بار سے Zoom آپشن کی مدد سے صفحہ قریب لائیں تاکہ عبارت والا حصہ بہتر طور پر سلیکٹ کیا جا سکے۔
  2. صفحہ کا مطلوبہ حصہ سلیکٹ کریں۔ اگر آپ تسلسل کے ساتھ کتاب کے صفحات اسکین کر رہے ہیں تو پھر صفحہ نمبر وغیرہ سلیکشن میں شامل نہ کریں۔
  3. پھر بائیں طرف موجود ٹول بار سے Crop آپشن کی مدد سے صفحہ کا منتخب شدہ حصہ کراپ کر لیں۔
  4. اور پھر اوپر موجود ٹول بار میں سے OCR Current Page آپشن پر کلک کر کے اسکین شدہ صفحے کو ٹیکسٹ میں تبدیل کرنے کا عمل شروع کریں۔
  5. آخر میں آپ شاید یہ چاہیں گے کہ اسکین شدہ صفحہ امیج فائل کی صورت میں محفوظ کر لیا جائے، تاکہ بعد میں اگر ضرورت پیش آئے تو یہ صفحہ نئے سرے سے اسکین نہ کرنا پڑے۔ امیج فائل کے نام میں کتاب کا صفحہ نمبر ضرور شامل کریں، تاکہ یہ فائل دیکھتے ہی معلوم ہو جائے کہ یہ کتاب کا کونسا صفحہ ہے۔

اسکین شدہ صفحے کو او سی آر آپشن کی مدد سے ٹیکسٹ میں تبدیل کریں


یہ سافٹ ویئر کتاب کے اصل صفحہ کے مطابق ہر سطر کے بعد ایک لائن بریک شامل کر دیتا ہے۔ درمیان والی ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے یہ لائن بریکس ختم کریں۔ اور پھر Copy آپشن کی مدد سے تمام لکھائی کاپی کر لیں۔

لائن بریکس ختم کر کے تبدیل شدہ ٹیکسٹ کو کاپی کریں


اگر آپ مکمل کتاب یا اس کے کچھ صفحات اسکین کر رہے ہیں تو پھر بہتر طریقہ یہ ہے کہ ورڈ پراسیسنگ کے کسی سافٹ ویئر میں ایک فائل بنا لیں۔ اور پھر ہر صفحہ اسکین کر کے اس کا ٹیکسٹ اس فائل میں پیسٹ کرتے جائیں۔ لیکن لکھائی پیسٹ کرتے وقت کتاب کے اصل صفحے کے مطابق آپ کو پیراگرافس خود سے بنانا ہوں گے۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ مطلوبہ جملے کے شروع میں کرسر لا کر کی بورڈ پر Enter بٹن دبایا جائے گا۔

او سی آر سافٹ ویئر کی مدد سے تبدیل کی گئی لکھائی کو ورڈ پراسیسر کی فائل میں پیسٹ کریں