ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ٹیبل کی سطروں کا رنگ مختلف ہو تو نظروں کے بھٹکنے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ یعنی دیکھنے والے کو رنگوں کی وجہ سے اپنی نظریں جمائے رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ ویب پروگرامنگ میں عموماً ڈیٹابیس سے ریکارڈز حاصل کر کے HTML ٹیبل کی شکل میں دکھائے جاتے ہیں۔ ایسا کرتے وقت اگر آپ ٹیبل کی سطروں کے رنگ مختلف کر دیں تو نہ صرف یہ ڈیٹا دیکھنے میں اچھا لگے گا، بلکہ صارف کو ڈیٹا پڑھنے میں اضافی سہولت مل جائے گی۔ اس ٹٹوریل میں PHP کی مدد سے اس کا طریقہ بتایا گیا ہے لیکن یہ تکنیک دیگر پروگرامنگ لینگوئجز میں بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
درج ذیل کوڈ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ For لوپ سے پہلے alt$ کے نام سے ایک ویری ایبل بنایا گیا ہے جس کی ویلیو true رکھی گئی ہے۔ جب یہ لوپ شروع ہوگا تو اس کے ہر چکر پر alt$ ویری ایبل کی ویلیو الٹی ہو جائے گی۔ یعنی اگر true ہے تو false ہو جائے گی، اور اگر false ہے تو true ہو جائے گی۔
اس سے اگلی سطر پر color$ ویری ایبل بنایا گیا ہے۔ اگر alt$ کی ویلیو true ہو گی تو اس ویری ایبل میں LightBlue محفوظ ہوگا۔ اور اگر alt$ کی ویلیو false ہوگی تو اس ویری ایبل میں LightYellow محفوظ ہوگا۔
اس کے بعد آپ دیکھ سکتے ہیں کہ CSS کی مدد سے ٹیبل کی ہر سطر کا رنگ سیٹ کرنے کے لیے ہم color$ ویری ایبل استعمال کر رہے ہیں۔
<?php
print "<table style='border:1px solid #CCC;'>";
$alt = true;
for ($i = 1; $i < 6; $i++) {
$alt = !$alt;
$color = ($alt == true) ? "LightBlue" : "LightYellow";
print "<tr style='background-color:$color'>";
print " <td> Row$i Col1 </td><td> Row$i Col2 </td><td> Row$i Col3 </td><td> Row$i Col4 </td>";
print "</tr>";
}
print "</table>";
?>
اصل ایپلی کیشن میں تو ریکارڈز ڈیٹابیس وغیرہ سے حاصل کیے جاتے ہیں، لیکن میں نے یہاں لوپ کے ویری ایبل i$ کی مدد سے ہی ٹیبل کے خانوں کی ویلیوز تیار کی ہیں تاکہ اس کوڈ کو فورًا ٹیسٹ کیا جا سکے۔ کوڈ کا نتیجہ درج ذیل ہے:
جبکہ ڈیٹابیس استعمال کرنے پر کوڈ کچھ اس طرح ہوگا:
<?php
$db_connection = mysqli_connect('database_server', 'database_user', 'database_password', 'database_name');
if (mysqli_connect_errno()) {
die('Error: ('. mysqli_connect_errno() .') '. mysqli_connect_error());
}
$results = $mysqli_query($db_connection, "SELECT * FROM people");
print "<table style='border:1px solid #CCC;'>";
$alt = true;
while ($row = mysqli_fetch_assoc($results)) {
$alt = !$alt;
$color = ($alt == true) ? "LightBlue" : "LightYellow";
print "<tr style='background-color:$color'>
<td>" . $row["name"] . "</td>
<td>" . $row["phone"] . "</td>
<td>" . $row["email"] . "</td>
<td>" . $row["country"] . "</td>
</tr>";
}
print "</table>";
?>
Modified: Wed, 02/07/2018 - 12:12