میرے کمپیوٹر ٹیبل پر ضرورت سے زیادہ چیزیں ہوں، یا کمپیوٹر ڈیسک ٹاپ پر ضرورت سے زیادہ Icons ہوں تو اس سے مجھے بہت الجھن ہوتی ہے۔ لیکن میں نے کچھ لوگوں کو دیکھا ہے کہ جن کا ڈیسک ٹاپ ہر قسم کی فائلز، فولڈرز اور شارٹ کٹس سے بھرا ہوتا ہے۔ یہ لوگ ہر طرح کی چیز ڈیسک ٹاپ پر ہی ڈاؤن لوڈ یا محفوظ کرتے ہیں۔ امریکہ میں جس ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے ساتھ میں کام کرتا تھا، وہاں میرا ایک نیپالی ساتھی بھی ایسی ہی طبیعت کا مالک تھا۔ میں نے اس سے وجہ پوچھی تو کہنے لگا کہ مجھے اس طرح سے آسانی رہتی ہے، جبکہ ہارڈ ڈسک کے مختلف فولڈرز کے اندر گھس کر چیزیں تلاش کرنا مجھے مشکل لگتا ہے۔
اگر آپ کا ڈیسک ٹاپ طرح طرح کی چیزوں سے بھرا رہتا ہے، اور بوقت ضرورت ان میں سے مطلوبہ چیز تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے تو اس کے لیے دو حل آزمائیں۔
1- Icons کو ان کی ٹائپ کے اعتبار سے ترتیب دیں
ایک حل یہ ہے کہ ڈیسک ٹاپ پر موجود اشیاء کو ان کی Type کے اعتبار سے ترتیب دیں۔ اس کے لیے ڈیسک ٹاپ کے کسی خالی حصے پر ماؤس کے ساتھ رائیٹ کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر درج ذیل تصویر کے مطابق Sort by item type آپشن منتخب کریں۔ اس سے یہ ہوگا کہ ہر ٹائپ کی چیزیں الگ ہو کر ایک ساتھ ہو جائیں گی۔ مثلاً جب کوئی فولڈر ڈھونڈنے کی ضرورت پیش آئے گی تو آپ کو صرف فولڈرز والے حصے میں ہی دیکھنا ہوگا۔
2- Icons کو منظم کرنے کے لیے وال پیپر استعمال کریں
دوسرا حل یہ ہے کہ ڈیسک ٹاپ پر ایک ایسا Wallpaper استعمال کریں جو مختلف خانوں پر مشتمل ہو۔ پھر ہر خانے میں ایک خاص ٹائپ کے آئی کان رکھیں۔
اس کے لیے پہلے ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے ڈیسک ٹاپ کے کسی خالی حصے پر کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر درج ذیل تصویر کے مطابق دونوں آپشنز غیر فعال کریں۔ اب ہر آئی کان کو ماؤس کی مدد سے ڈیسک ٹاپ پر کسی بھی جگہ منتقل کیا جا سکے گا۔
درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہر خانے کے اوپر ایک عنوان موجود ہے، جس کے تحت ایک خاص ٹائپ کی چیزیں اس خانے میں رکھی گئی ہیں۔ اس طرح سے ڈیسک ٹاپ پر آئی کانز کی سیٹنگ تھوڑا وقت لے گی لیکن اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ بوقت ضرورت مطلوبہ چیز آسانی سے مل جائے گی۔
نمونے کے وال پیپرز
اس ٹٹوریل کے آخر میں یہ وال پیپر مختلف سائزوں میں مہیا کیا گیا ہے۔ ڈیسک ٹاپ پر وال پیپر سیٹ کرنے کے لیے اس کی فائل پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کریں، اور پھر مینیو ظاہر ہونے پر Set as Desktop Background آپشن منتخب کریں۔
Modified: Tue, 01/13/2015 - 08:01