کورل ڈرا میں لکھائی کے سانچے کے مطابق تصویر کاٹیں

کورل ڈرا میں تصویر کا صرف وہی حصہ کاٹا جا سکتا ہے جس کے اوپر لکھائی یا کوئی بھی آبجیکٹ ہو۔ کورل ڈرا میں اس مقصد کے لیے Intersect آپشن مہیا کیا گیا ہے۔ اگر تصویر اچھی اور تفصیلی ہو تو اس ایفیکٹ کی مدد سے کاٹا گیا تصویر کا حصہ دیکھنے میں بہت اچھا نظر آتا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے آپ مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں امپورٹ کرتے ہیں۔ پھر ٹیکسٹ ٹول کی مدد سے اس تصویر کے اوپر عبارت لکھتے ہیں۔ اس کے بعد لکھائی اور تصویر دونوں کو سلیکٹ کر کے ٹول بار پر Intersect آپشن پر کلک کر دیتے ہیں۔ آئیں کورل ڈرا میں لکھائی کی مدد سے تصویر کا مطلوبہ حصہ کاٹیں۔

1- مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے کر آئیں

سب سے پہلے مطلوبہ تصویر جسے آپ کاٹنا چاہتے ہیں اسے کورل ڈرا میں لے کر آئیں۔ اس کے دو طریقے ہیں:

  1. پہلا طریقہ یہ ہے کہ ونڈوز میں تصویر کی فائل Ctrl+c کی مدد سے کاپی کریں اور پھر کورل ڈرا میں Ctrl+v کی مدد سے پیسٹ کر دیں۔
  2. دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کورل ڈرا کے File مینیو میں Import آپشن کے ذریعہ سے مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے آئیں۔

2- Zoom in یا Zoom out آپشن منتخب کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہم مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے آئے ہیں۔ اب یہ تصویر کے سائز پر منحصر ہے کہ آپ اسے Zoom ٹول کی مدد سے قریب لانا یا دور کرنا چاہتے ہیں۔

Zoom in یا Zoom out کا آپشن استعمال کریں

3- حسب ضرورت تصویر کو چھوٹا یا بڑا کریں

اگر تصویر قابل طباعت صفحہ سے باہر تک پھیلی ہوئی ہے تو اسے ماؤس کے ساتھ کسی بھی کنارے سے پکڑ کر چھوٹا یا بڑا کیا جا سکتا ہے۔

حسب ضرورت تصویر کو چھوٹا یا بڑا کریں

4- مطلوبہ سائز کی عبارت لکھیں

درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق میں نے Text ٹول کی مدد سے لفظ PAKISTAN لکھ کر اس کے لیے Impact فونٹ اور اس کا سائز 100 منتخب کیا ہے۔ اب Pick ٹول منتخب کرنے کے بعد لکھائی کو ماؤس کی مدد سے پکڑ کر تصویر کے اوپر اپنی مرضی کی جگہ پر سیٹ کیا جا سکتا ہے، تاکہ تصویر کا بہتر سے بہتر حصہ لکھائی کے نیچے آجائے۔

مطلوبہ سائز کی عبارت لکھیں

5- لکھائی کی مدد سے تصویر کاٹیں

  1. اس مرحلہ میں سب سے پہلے لکھائی اور تصویر دونوں کو غیر منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے لیے Pick ٹول منتخب کریں اور صفحہ کی کسی بھی خالی جگہ پر کلک کر دیں۔
  2. اب پہلے لکھائی یعنی لفظ PAKISTAN کو ماؤس کے ساتھ کلک کر کے سلیکٹ کریں۔
  3. پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر ماؤس کے ساتھ کلک کر کے تصویر کو سلیکٹ کریں۔
  4. اس کے بعد پراپرٹی بار پر موجود Intersect آپشن پر کلک کر دیں۔ اس کے علاوہ آپ نے فی الحال اور کچھ نہیں کرنا، کیونکہ تصویر کا کٹا ہوا حصہ اس وقت سلیکشن میں ہے جسے آپ نے وہاں سے ہٹانا ہے۔

لکھائی کی مدد سے تصویر کاٹیں

6- کٹی ہوئی تصویر صفحہ کی خالی جگہ پر منتقل کریں

لکھائی کے بالکل درمیان میں آپ ایک چھوٹا سا x کا نشان دیکھ رہے ہیں، ماؤس کی مدد سے اس نشان کو پکڑ کر صفحہ کی کسی بھی خالی جگہ پر منتقل کر لیں۔

کٹی ہوئی تصویر کو خالی جگہ پر منتقل کریں

7- لکھائی کے سانچے کے مطابق کٹی ہوئی تصویر تیار ہے

درج ذیل اسکرین شاٹ میں لکھائی کے سانچے کے مطابق تصویر کا کٹا ہوا حصہ دیکھا جا سکتا ہے۔

لکھائی کے مطابق کٹی ہوئی تصویر تیار ہے