ایچ ٹی ایم ایل ٹیبل بنانے کے لیے سی کے ایڈیٹر استعمال کریں

ویب پروگرامنگ کے دوران بعض دفعہ ڈیٹابیس کے ریکارڈز دکھانے کے لیے HTML ٹیبل تیار کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ ٹیبل اگر چھوٹے سائز کا ہو تو جلدی سے اس کا کوڈ لکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر یہ بڑے سائز کا ٹیبل ہو تو پھر ہاتھ سے اس کا کوڈ لکھنے میں دقت محسوس ہوتی ہے۔ میرے کمپیوٹر پر چونکہ ایسا کوئی سافٹ ویئر موجود نہیں ہے جو گرافیکل یوزر انٹرفیس کی مدد سے ویب پیج بنانے میں مدد دیتا ہو، اس لیے میں اس مقصد کے لیے ckeditor.com پر موجود Demo استعمال کر لیتا ہوں۔ CK Editor دراصل ایک پلگ ان ہے جسے آپ اپنی ویب ایپلی کیشن میں شامل کر کے صارفین کو WYSIWYG کی صورت میں ویب پیج بنانے کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔

CK ایڈیٹر کا ڈیمو اس وقت ckeditor.com/demo پر دستیاب ہے۔ اگر یہ ایڈیٹر دستیاب نہ ہو تو سرچ انجن پر wysiwyg editor demo کے الفاظ کے ساتھ کوئی اور ایڈیٹر تلاش کر لیں۔


  1. ایڈیٹر میں پہلے سے موجود نمونے کا مواد سلیکٹ کر کے ڈیلیٹ کر دیں۔
  2. Maximize بٹن پر کلک کر کے ایڈیٹر کو مکمل ویب پیج پر پھیلا دیں تاکہ بڑے سائز کا ٹیبل آسانی کے ساتھ بنایا جا سکے۔
  3. Table آئی کان پر کلک کر کے وہ ڈائیلاگ باکس کھولیں جس کی مدد سے ٹیبل بنایا جا سکتا ہے۔

سی کے ایڈیٹر کی ویب سائیٹ پر موجود ایڈیٹر ڈیمو پیج پر جائیں اور ٹیبل بٹن پر کلک کریں


ٹیبل کے ڈائیلاگ باکس میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے ٹیبل کی صرف 2 سطریں بنائی ہیں۔ پہلی سطر عنوانات کے لیے بنائی گئی ہے۔ جبکہ دوسری سطر PHP کے لوپ کے اندر رکھی جائے گی تاکہ ڈیٹابیس میں جتنے ریکارڈز ہوں، ٹیبل کی اتنی ہی سطریں بن جائیں۔پہلی سطر کو عنوانات کے طور پر استعمال کرنے کے لیے Headers ڈراپ ڈاؤن میں سے First Row آپشن منتخب کریں۔باقی آپشنز آپ حسب ضرورت سیٹ کر سکتے ہیں۔

مطلوبہ ٹیبل بنانے کے لیے ڈائیلاگ باکس میں موجود آپشنز کی ویلیوز مہیا کریں


ٹیبل بننے کے بعد اگر آپ اس میں کسی سطر یا کالم کا اضافہ کرنا چاہیں تو مطلوبہ سیل میں Right-click کی مدد سے مینیو کھولیں اور پھر مطلوبہ آپشن منتخب کریں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ ٹیبل بننے کے بعد میں نے پہلی سطر میں ڈیٹابیس کی فیلڈز کے مطابق عنوانات لکھے ہیں۔ جب ٹیبل تیار ہو جائے تو Source بٹن پر کلک کریں۔

ٹیبل تیار ہو جانے کے بعد اس کا کوڈ حاصل کرنے کے لیے سورس بٹن پر کلک کریں


Source میں ٹیبل کا مکمل HTML کوڈ موجود ہے۔ اس کوڈ کو Ctr+a کی مدد سے سلیکٹ کریں، اور پھر Ctrl+c کی مدد سے کاپی کریں۔

ایچ ٹی ایم ایل ٹیبل کا مکمل کوڈ سلیکٹ کر کے کاپی کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ٹیبل کا کوڈ PHP فائل میں پیسٹ کیا گیا ہے۔ ٹیبل کی عنوانات والی سطر ویسے ہی پرنٹ کی گئی ہے، جبکہ خالی سطر کے گرد while لوپ استعمال کیا گیا ہے۔ ڈیٹابیس کے persons ٹیبل میں جتنے ریکارڈز ہوں گے، یہ لوپ اتنی ہی تعداد میں HTML ٹیبل کی سطریں تیار کر کے ویب پیج میں پرنٹ کر دے گا۔

ٹیبل کا کاپی کیا ہوا کوڈ پروگرامنگ کی فائل میں پیسٹ کر کے استعمال کریں