کورل ڈرا میں تصویری کارڈ تیار کریں

آپ اکثر سوشل میڈیا کی ویب سائیٹس پر ایسی تصاویر دیکھتے ہیں جن پر قرآنی آیات، احادیث، اشعار، یا پھر کوئی واقعہ وغیرہ لکھا ہوتا ہے۔ آن لائن گریٹنگ کارڈز وغیرہ بھی اسی طرز پر تیار کیے گئے ہوتے ہیں۔ کسی تصویر کے اوپر عبارت لکھنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو بہت زیادہ ڈیزائننگ نہیں کرنا پڑتی۔ مختلف قدرتی مناظر مثلاً‌ باغات، پہاڑی سلسلے، ساحل سمندر، جنگلات، صحرا، اور خلاء کی تصاویر بذات خود ڈیزائن کا کام دیتی ہیں۔ آپ نے بس یہ کرنا ہوتا ہے کہ ایسی کوئی تصویر تلاش کر کے اس پر مناسب فونٹس استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ عبارت لکھی، اور پھر اس کی امیج بنا کر شیئر کردی۔ چنانچہ اس ٹٹوریل میں اسی نوعیت کا ایک تصویری کارڈ بنانے کا عمل دکھایا گیا ہے۔


انٹرنیٹ پر ایسی ویب سائیٹس موجود ہیں جو بلا معاوضہ اچھی کوالٹی کی تصاویر مہیا کرتی ہیں۔ جیسا کہ درج اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ pixabay.com سے ایک تصویر ڈاؤن لوڈ کی جا رہی ہے۔

اچھی کوالٹی کی مفت تصاویر فراہم کرنے والی ویب سائیٹ سے مطلوبہ تصویر حاصل کریں


اگر ڈیزائن پرنٹنگ کے لیے ہو تو Inches کو پیمائش کے یونٹ کے طور پر منتخب کیا جاتا ہے، جبکہ اسکرین پر دکھانے کے لیے ڈیزائن کرنا مقصود ہو تو پیمائش کا یونٹ Pixels منتخب کیا جاتا ہے۔ ہمارا مقصد ایسا تصویری کارڈ بنانا ہے جسے ہم بذریعہ ای میل بھیج سکیں، کسی بلاگ پر استعمال کر سکیں، اور یا پھر سوشل میڈیا کی کسی ویب سائیٹ مثلاً‌ فیس بک وغیرہ پر شیئر کر سکیں۔

  1. کورل ڈرا کھولیں۔ اور پہلے پراپرٹی بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے پیمائش کا یونٹ pixels منتخب کریں۔
  2. اور پھر Import بٹن پر کلک کر کے مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں لے کر آئیں۔ تصویر کورل ڈرا میں لانے کے لیے آپ یہ بھی کر سکتے ہیں کہ اس تصویر کو Copy کریں اور پھر کورل ڈرا میں Paste کر دیں۔

مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں امپورٹ کریں، اور پیمائشی یونٹ کے طور پر پکسلز منتخب کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. عموماً‌ جب آپ کورل ڈرا میں کوئی امیج لے کر آتے ہیں تو اس کا سائز بہت بڑا ہوتا ہے، اور اسکرین کے باہر تک پھیلا ہوتا ہے۔ چنانچہ مکمل تصویر کو سامنے لانے کے لیے پراپرٹی بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے To Fit آپشن منتخب کریں۔ اس کے متبادل کے طور پر آپ کی بورڈ پر F4 بٹن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ لیکن آپ جانتے ہوں گے کہ Zoom in یا پھر Zoom out کرنے سے آبجیکٹس کے اصل سائزوں میں فرق نہیں پڑتا، بلکہ ایسا صرف اس لیے کیا جاتا ہے کہ تاکہ آبجیکٹس پر بہتر طریقے سے کام کیا جا سکے۔
  2. پراپرٹی بار پر وہ آپشن فعال کریں جس کی مدد سے کسی بھی آبجیکٹ کا سائز بلحاظ تناسب مقرر کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ آپشن غیر فعال ہوگا تو پھر سائز تبدیل کرنے کی صورت میں تصویر کی ہیئت (Shape) خراب ہو جائے گی۔
  3. تصویر اگر سلیکشن میں نہیں ہے تو ماؤس کی مدد سے اسے سلیکٹ کریں۔ اور پھر پراپرٹی بار پر موجود چوڑائی کے خانے میں ویلیو مہیا کر کے تصویر کا مطلوبہ سائز مقرر کریں۔ سائز تبدیل ہونے کے بعد اگر تصویر بہت چھوٹی ہو کر نظر آرہی ہے تو پھر F4 بٹن کی مدد سے اسے قریب لایا جا سکتا ہے۔

بلحاظ تناسب سائز مقرر کرنے والا آپشن منتخب کریں، اور تصویر کا سائز مقرر کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. تصویر پر سائے کا ایفیکٹ لگانے کے لیے پہلے Pick ٹول منتخب کریں۔
  2. ماؤس کے ساتھ کلک کر کے لکھائی سلیکٹ کریں۔
  3. اب ٹول بار سے Drop Shadow آپشن منتخب کریں۔ اور پھر ماؤس کو لکھائی کے اوپر لائیں اور اس کا بایاں بٹن دبا کر لکھائی کے اوپر ڈریگ کریں، جس سے تصویر کا سایہ بن جائے گا۔ سایہ بننے کے بعد اوپر پراپرٹی بار پر موجود آپشنز کی مدد سے سائے کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔

اگر آپ تصویر پر انگلش لکھائی لکھنا چاہیں تو اس کے لیے بائیں طرف ٹول بار پر موجود Text ٹول استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ اردو لکھائی کے لیے آپ Inpage استعمال کر سکتے ہیں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان پیج کے Bombay Black فونٹ کا استعمال کرتے ہوئے قرآنی آیت لکھی گئی ہے۔ کسی تصویر کے اوپر لکھائی استعمال کرتے وقت عموماً‌ Drop Shadow کا ایفیکٹ استعمال کیا جاتا ہے تاکہ لکھائی کا رنگ تصویر کے رنگوں کے ساتھ مدغم نہ ہو جائے، بلکہ لکھائی تصویر سے ابھری ہوئی اور الگ نظر آئے۔

لکھائی پر ڈراپ شیڈو ایفیکٹ استعمال کریں


لکھائی کے لیے سفید، یا پھر تصویر کے رنگوں کی مناسبت سے کوئی ہلکا رنگ منتخب کریں۔ پھر ماؤس کے ساتھ لکھائی کو پکڑ کر تصویر کے اوپر لائیں۔ جب آپ تصویری کارڈ سے مطمئن ہو جائیں تو پھر اوپر موجود Export بٹن پر کلک کر کے اس کی امیج فائل PNG یا پھر JPG تیار کی جا سکتی ہے۔

لکھائی کے لیے ہلکا رنگ منتخب کریں، اور کارڈ کی امیج تیار کرنے کے لیے ایکسپورٹ آپشن منتخب کریں


Export آپشن کی مدد سے تیار کی جانے والی امیج فائل درج ذیل ہے۔

تصویری کارڈ تیار ہے