ڈروپل سیون کا بنا بنایا تھیم انسٹال کریں

بہت سی ویب سائیٹس ایسی ہوتی ہیں جنہیں فوری طور پر برانڈنگ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ مثلاً‌ کوئی معلوماتی ویب سائیٹ، یا پھر کسی تعلیمی / مذہبی / رفاہی ادارے یا سرکاری محکمے کی ویب سائیٹ وغیرہ۔ عام مشاہدہ یہ ہے کہ اس طرح کی ویب سائیٹ تیار کرنے کی درج ذیل ترتیب مناسب رہتی ہے:

  1. ویب سائیٹ پر CMS انسٹال کرنے کے بعد کوئی قابل قبول تھیم انسٹال کر لیا جائے۔
  2. ویب سائیٹ کے مواد کی درجہ بندی (Categorization) قائم کر کے مواد شائع کرنا شروع کر دیا جائے۔
  3. جب ویب سائیٹ میں حسب ضرورت مواد شامل ہو جائے تو پھر اس کی برانڈنگ یعنی منفرد تھیم وغیرہ ڈیزائن کرنے پر توجہ دی جائے۔

پہلے مواد کی اشاعت کا مقصد یہ ہے تاکہ سرچ انجنز وغیرہ ویب سائیٹ کے مواد کو انڈیکس کرناشروع کردیں۔ بعد میں ڈیزائن پر توجہ دینے کی ایک وجہ یہ ہے کہ اتنے عرصے میں ویب سائیٹ کا مواد سرچ انجنز میں مقبولیت حاصل کر لے گا۔ اس کی دوسری وجہ یہ ہے کہ ویب سائیٹ کے شائع شدہ مواد کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ اپنے صارفین اور دوست احباب سے مشورے حاصل کر سکتے ہیں۔ اور جب اس مشاورت کی روشنی میں ویب سائیٹ کا ڈیزائن تیار کیا جائے گا تو امید ہے کہ یہ زیادہ معقول اور مؤثر ثابت ہوگا۔

اس ٹٹوریل میں اس قسم کی ویب سائیٹ بنانے کے پہلے مرحلے کے متعلق بات کی گئی ہے۔ یعنی Drupal کے لیے ایک بنا بنایا تھیم تلاش کر کے انسٹال کرنے کا طریقہ ذکر کیا گیا ہے۔ اور تھیم کی بنیادی سیٹنگز کے متعلق بتایا گیا ہے، مثلاً‌ Logo اور Favicon کیسے اپ لوڈ کیے جا سکتے ہیں اور تھیم کے رنگ وغیرہ کیسے بدلے جا سکتے ہیں۔ آئیں ڈروپل تھیم کی تنصیب کا مرحلہ وار عمل دیکھتے ہیں۔

  1. ایڈمن کے لیے مختلف تھیم منتخب کریں
  2. ڈروپل کا نیا تھیم تلاش کر کے انسٹال کریں
  3. تھیم کے رنگ تبدیل کریں
  4. تھیم کا لوگو، فیو آئیکان اور عام سیٹنگز تبدیل کریں
  5. غیر ضروری تھیمز ڈیلیٹ کریں

1- ایڈمن کے لیے مختلف تھیم منتخب کریں

سب سے پہلا کام یہ کریں کہ ڈروپل کے Admin کے لیے ایک مختلف تھیم کا انتخاب کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ کبھی ڈویلپمنٹ کے دوران ویب سائیٹ کا تھیم خراب ہوگیا تو اس سے ایڈمن کو فرق نہیں پڑے گا، اور ایڈمن ویب سائیٹ کے لیے با آسانی ایسا تھیم منتخب کر سکے گا جو ٹھیک کام کرتا ہو۔ اس مقصد کے لیے ڈروپل کا کوئی ڈیفالٹ تھیم منتخب کر لیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔

پہلے www.yourwebsite.com/user لنک پر جا کر ڈروپل کے ڈیش بورڈ میں لاگ ان ہوں۔ پھر Appearance والے سیکشن میں آجائیں۔ اس پیج میں نیچے تک اسکرول کریں جہاں ایڈمن کے لیے تھیم منتخب کرنے کا آپشن موجود ہے۔ تھیم منتخب کرنے کے بعد Save بٹن پر کلک کر دیں۔

ایڈمن کے لیے مختلف ڈروپل تھیم منتخب کریں


UP

2- ڈروپل کا نیا تھیم تلاش کر کے انسٹال کریں

ماہر ویب ڈیویلپرز نئے تھیمز تیار کر کے ڈروپل کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیتے ہیں تاکہ لوگ انہیں اپنی ویب سائیٹس بنانے کے لیے استعمال کر سکیں۔ اس کے علاوہ بہت سے ڈیویلپرز نے اپنی ذاتی ویب سائیٹس بھی قائم کر رکھی ہیں جہاں وہ ڈروپل کے مختلف تھیمز مفت یا قیمتاً‌ مہیا کرتے ہیں۔

ڈروپل کا مفت تھیم حاصل کرنے کے لیے ڈروپل کی ویب سائیٹ drupal.org کھولیں، اور پھر Themes کے سیکشن میں جائیں۔ یہاں سرچ فارم کی مدد سے مطلوبہ تھیم تلاش کریں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے سرچ کے لیے دو الفاظ استعمال کیے ہیں۔ Responsive کا مطلب یہ ہے کہ ایسے تھیمز جو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے علاوہ سمارٹ فون اور ٹیب وغیرہ پر بھی ویب سائیٹ بہتر طور پر دکھا سکیں۔ Color کا مطلب یہ ہے کہ ایسے تھیمز جن کے رنگ بذریعہ ڈیش بورڈ تبدیل کیے جا سکیں۔

ڈروپل کی ویب سائیٹ پر نیا ڈروپل تھیم تلاش کریں


اگلے صفحے پر دستیاب تھیمز کی فہرست دکھائی جائے گی۔ ان میں کچھ تھیمز ایسے بھی ہوں گے جن کے لیے Live Demo کا لنک دیا ہوگا تاکہ اس تھیم کو کسی ویب سائیٹ پر چلتا ہوا دیکھا جا سکے۔ آپ کو اپنی ویب سائیٹ کے مواد کا لحاظ کرتے ہوئے مطلوبہ تھیم حاصل کرنے کے لیے کچھ محنت کرنی ہوگی۔ عموماً‌ یہ ہوتا ہے کہ بہت سے تھیمز یکے بعد دیگرے انسٹال کر کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ جو تھیم مقصد پورا کرتا ہو اسے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ باقی وہ تمام تھیمز ڈیلیٹ کر دیے جاتے ہیں جو ایڈمن نے انسٹال کیے ہوتے ہیں۔

چنانچہ اس فہرست میں سے جو تھیم انسٹال کرنا مقصود ہو اس کی ZIP فائل کا لنک کاپی کریں۔

ڈروپل تھیم کی زپ فائل کا لنک کاپی کریں


  1. ڈروپل کا ڈیش بورڈ کھول کر Appearance کے سیکشن میں آجائیں۔
  2. نیا تھیم انسٹال کرنے والے آپشن پر کلک کریں۔
  3. اگلے صفحے پر موجود ٹیکسٹ باکس میں تھیم کی ZIP فائل کا لنک پیسٹ کریں۔
  4. انسٹال بٹن پر کلک کریں جس سے تھیم کی انسٹالیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔

ڈروپل کے ایڈمن پینل کے ذریعے تھیم انسٹال کرنے کے لیے زپ فائل کا پاتھ مہیا کریں


  1. تھیم کی انسٹالیشن کا عمل پورا ہونے کے بعد اگلے صفحے میں موجود Enable newly added themes آپشن پر کلک کریں۔ اس سے آپ Appearance کے سیکشن میں آجائیں گے جہاں تمام انسٹال شدہ تھیمز کی فہرست موجود ہوتی ہے۔
  2. تھیمز کی فہرست میں سے وہ تھیم سامنے لائیں جو ابھی ابھی انسٹال کیا گیا ہے۔ اور پھر Enable and set default آپشن کی مدد سے ویب سائیٹ کے لیے یہ تھیم استعمال میں لائیں۔

اب اسکرین کے اوپر والے حصے میں بائیں طرف Home لنک پر کلک کریں، جس سے ویب سائیٹ کا ہوم پیج سامنے آجائے گا اور آپ یہ تھیم ٹیسٹ کر سکیں گے۔ کوئی بھی تھیم ٹیسٹ کرنے کے لیے بہتر یہ ہے کہ پہلے ویب سائیٹ کا بنیادی قسم کا مواد شائع کیا گیا ہو۔ مثلاً‌ مینیو کے لنکس بنائے گئے ہوں، کچھ پوسٹس یا مضامین وغیرہ شائع کیے گئے ہوں، اور سائیڈ بار میں کچھ بلاکس وغیرہ موجود ہوں۔ اس لیے کہ بسا اوقات تھیم اس لیے اچھا نظر نہیں آتا کہ ویب سائیٹ بالکل خالی ہوتی ہے، لیکن جب ویب سائیٹ کا ضروری مواد شائع کیا گیا ہو تو پھر وہ تھیم بہتر اور خوبصورت نظر آتا ہے۔

ڈروپل کا انسٹال شدہ تھیم فعال کریں


UP

3- تھیم کے لیے مختلف رنگ منتخب کریں

ڈیش بورڈ کے Appearance والے حصے میں آئیں۔ اور پھر زیر استعمال تھیم کے تحت موجود Settings لنک پر کلک کریں۔

نئے انسٹال شدہ ڈروپل تھیم کی سیٹنگز والی اسکرین سامنے لائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس صفحہ پر تھیم کے رنگ تبدیل کرنے والے ٹولز مہیا کیے گئے ہیں۔ مختلف رنگ منتخب کرنے کے بعد نیچے اسکرول کر کے تھیم کا Preview بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  1. تھیم کے جس حصے کا رنگ تبدیل کرنا ہو اس کے نام کے سامنے موجود خانے میں کلک کریں۔
  2. رنگوں والے دائرے میں اس جگہ پر کلک کریں جہاں سے آپ رنگ منتخب کرنا چاہتے ہیں۔
  3. دائرے سے منتخب کیے گئے رنگ کا شیڈ منتخب کرنے کے لیے باکس کے اندر مطلوبہ جگہ پر کلک کریں۔
  4. اگر منتخب کیے گئے رنگ مناسب نظر نہ آرہے ہوں، اور آپ نئے سرے سے یہ تبدیلیاں شروع کرنا چاہتے ہوں، تو پھر Color set ڈراپ ڈاؤن مینیو سے ڈیفالٹ کلر اسکیم منتخب کی جا سکتی ہے۔
  5. جب تھیم کے رنگ حسب منشا سیٹ ہو جائیں تو پھر صفحہ کے آخر میں موجود Save بٹن کی مدد سے یہ سیٹنگز محفوظ کرنا مت بھولیں۔

نئے انسٹال شدہ ڈروپل تھیم کے رنگ تبدیل کریں


UP

4-تھیم کا لوگو، فیو آئیکان اور عام سیٹنگز تبدیل کریں

تھیم کے سیٹنگز والے پیج پر مزید نیچے آئیں جہاں تھیم کی عمومی سیٹنگز تبدیل کی جا سکتی ہیں۔

  1. Toggle Display والے خانے میں آپ ویب سائیٹ کے مختلف حصوں کی فہرست دیکھ رہے ہیں۔ ویب سائیٹ کے کسی بھی حصے مثلاً‌ سائیٹ کا نام اور سلوگن وغیرہ کو چھپانے کے لیے اس کے سامنے موجود چیک باکس غیر منتخب کر دیں۔
  2. Logo Image والے خانے میں ڈیفالٹ لوگو والا چیک باکس غیر منتخب کریں۔ ایسا کرنے سے وہ فارم سامنے آجائے گا جس کی مدد سے آپ نیا Logo اپ لوڈ کر سکیں گے۔ بہتر نتائج کے لیے لوگو کی یہ امیج PNG فارمیٹ میں ہونی چاہیے۔ جب آپ گرافک ڈیزائن سافٹ ویئر مثلاً‌ کورل ڈرا وغیرہ سے لوگو کی امیج کو ایکسپورٹ کریں تو اسے PNG فارمیٹ میں محفوظ کریں۔ اور یہ امیج تیار کرتے وقت Transparency آپشن ضرور منتخب کریں، اس سے یہ ہوگا کہ لوگو کے ڈیزائن کے گرد غیر ضروری سفید رنگ نہیں ہوگا۔
  3. Shortcut Icon والے خانے میں ڈیفالٹ شارٹ کٹ والا چیک باکس غیر منتخب کریں۔ ایسا کرنے سے وہ فارم سامنے آجائے گا جس کی مدد سے آپ نیا Favicon اپ لوڈ کر سکیں گے۔ یہ آئیکان صارفین کو ویب ایڈریس والے خانے میں، اور بک مارک مینیو میں ویب سائیٹ کے نام کے ساتھ نظر آتا ہے۔ مختلف سافٹ ویئرز کے علاوہ ایسی ویب سائیٹس بھی موجود ہیں جو یہ آئی کان بنانے میں مدد دیتی ہیں۔
  4. جب مطلوبہ سیٹنگز مکمل ہو جائیں تو Save بٹن پر کلک کر کے انہیں محفوظ کر لیں۔

اس کے علاوہ کچھ سیٹنگز ایسی ہوتی ہیں جو ہر تھیم کے لیے مختلف ہوتی ہیں۔ مثلاً‌ کسی تھیم نے ہوم پیج کے لیے سلائیڈ شو کا فیچر مہیا کیا ہے تو اس کی سیٹنگز تبدیل کی جا سکتی ہیں وغیرہ۔

تھیم کا مونو گرام اور دیگر عام سیٹنگز تبدیل کریں


UP

5- غیر ضروری تھیمز ڈیلیٹ کریں

جب آپ ڈروپل کے لیے مختلف تھیمز انسٹال کر کے ٹیسٹ کرتے ہیں تو نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کے پاس بہت سے تھیمز اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں آپ چاہتے ہیں کہ غیر استعمال شدہ تھیمز ڈیلیٹ کر دیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے آپ کو ہوسٹنگ کنٹرول پینل کے ذریعے File Manager کھولنا ہوگا۔ اور پھر ویب سائیٹ کے مرکزی فولڈر کے اعتبار سے sites/all/themes فولڈر کے اندر موجود یہ تھیمز ڈیلیٹ کرنا ہوں گے۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

نوٹ: ڈروپل ویب سائیٹ کے مرکزی فولڈر کے اندر جو themes کے نام سے فولڈر موجود ہوتا ہے، یہ ڈروپل کے ڈیفالٹ تھیمز کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔ جبکہ ایڈمن جو نئے تھیمز انسٹال کرتا ہے وہ sites/all/themes فولڈر کے اندر رکھے جاتے ہیں۔

ڈروپل کے غیر ضروری تھیمز ڈیلیٹ کریں