کورل ڈرا میں عکس بنائیں

کورل ڈرا میں چیزوں کا عکس بنانا بہت آسان ہے۔ اس ٹٹوریل میں ٹرانسپیرنسی ٹول کی مدد سے ایک تصویر کا عکس بنایا گیا ہے۔ عکس بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ مطلوبہ تصویر کی ایک نقل بنائیں، پھر اس نقل کو الٹا کر کے اصل تصویر کے نیچے لے آئیں۔ اس کے بعد اس نقل تصویر کی ایک سائیڈ ٹرانسپیرنسی ٹول کی مدد سے ٹرانسپیرنٹ کر دیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ الٹی تصویر اصل تصویر کے عکس کے طور پر نظر آنے لگے گی۔ آئیں اسکرین شاٹس کی مدد سے عکس بنانے کا یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ میں گوگل کی مدد سے ایک تصویر حاصل کی جا رہی ہے جس کا عکس بنایا جائے گا۔ مطلوبہ تصویر پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر Copy image آپشن پر کلک کر دیں۔

گوگل کی مدد سے نمونے کی تصویر حاصل کی جا رہی ہے


کورل ڈرا میں ٹول بار پر موجود Paste بٹن پر کلک کر دیں جس سے یہ تصویر کورل ڈرا میں آجائے گی۔

مطلوبہ تصویر کورل ڈرا میں پیسٹ کریں


بائیں طرف موجود ٹول بار سے Zoom ٹول منتخب کریں، اور ماؤس کے ساتھ سلیکٹ کر کے تصویر والا حصہ قریب لائیں تاکہ اس پر بہتر طریقے سے کام کیا جا سکے۔

زوم ٹول کی مدد سے تصویر والا حصہ قریب لائیں


نقل بنانے کے لیے تصویر پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔ اس کے بعد:

  1. Ctrl+c کی مدد سے، یا پھر اوپر ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے تصویر Copyکریں۔
  2. اسی طرح Ctrl+v کی مدد سے، یا پھر اوپر ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے تصویر Paste کریں۔
  3. تصویر کی نقل اس وقت سلیکشن میں ہے۔ اب کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھیں، اور پھر درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق تصویر کے اوپر درمیان میں موجود ہینڈل کو ماؤس کی مدد سے پکڑ کر نیچے کی طرف گھسیٹیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ دوسری تصویر الٹی ہو کر پہلی تصویر کے نیچے آجائے گی۔ Ctrl بٹن دبانے سے تصویر کا سائز برقرار رہے گا۔ اگر آپ چاہیں تو حسب ضرورت بغیر Ctrl دبائے ایسا کر سکتے ہیں۔

تصویر کی ایک نقل بنائیں اور اسے اوپر سے نیچے الٹا کر دیں


اگر الٹی تصویر سلیکشن میں نہیں ہے تو ماؤس کی مدد سے اسے سلیکٹ کریں۔ پھر بائیں طرف ٹول بار سے Transparency ٹول منتخب کریں۔

الٹی تصویر پر ٹرانسپیرنسی ٹول کی مدد سے ایفیکٹ لگائیں


اب تصویر پر کلک کر کے ماؤس کا بٹن دبا کر رکھیں، اور پھر ماؤس نیچے کی طرف گھسیٹیں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس سے نہ صرف تصویر پر ٹرانسپیرنسی ایفیکٹ لگ گیا ہے بلکہ اس ٹول کے ہینڈلز بھی تصویر کے درمیان موجود ہیں۔ ان ہینڈلز کو استعمال کرتے ہوئے یہ ایفیکٹ مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔

تصویر کے درمیان موجود ہینڈلز کی مدد سے ٹرانسپیرنسی کی مقدار مقرر کریں


اگر آپ ٹرانسپیرنسی ایفیکٹ ختم کرنا چاہیں تو پہلے وہ تصویر سلیکٹ کریں جس پر یہ ایفیکٹ لگایا گیا ہے۔ پھر بائیں طرف ٹول بار سے ٹرانسپیرنسی ایفیکٹ منتخب کریں۔ اب اوپر پراپرٹی بار پر موجود Clear Transparency آپشن کی مدد سے یہ ایفیکٹ ختم کیا جا سکتا ہے۔

درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ پراپرٹی بار پر ٹرانسپیرنسی ٹول کے متعلقہ دیگر آپشنز بھی نظر آرہے ہیں۔ ان آپشنز کی مدد سے ٹرانسپیرنسی ایفیکٹ کی قسم منتخب کی جا سکتی ہے اور اس کے لیے مقدار اور زاویہ وغیرہ مقرر کیا جا سکتا ہے۔

پراپرٹی بار پر موجود آپشنز کی مدد ٹرانسپیرنسی ایفیکٹ اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کریں