ڈی این ایس سرورز کیا ہوتے ہیں اور کیسے کام کرتے ہیں؟

جیسے ہر گھر کا ایک ایڈریس ہوتا ہے، اسی طرح انٹرنیٹ سے منسلک ہر کمپیوٹر کا ایک IP ایڈریس ہوتا ہے جس کے بغیر بذریعہ انٹرنیٹ اس کمپیوٹر تک نہیں پہنچا جا سکتا۔ جب ہم کسی کمپیوٹر (Web server) پر موجود کسی ویب سائیٹ تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی ہمیں ایک آئی پی ایڈریس درکار ہوتا ہے، چاہے یہ کمپیوٹر اسی شہر میں موجود ہو یا دنیا کے کسی دوسرے کونے میں۔ چونکہ مختلف ویب سائیٹس کے آئی پی ایڈریسز کو یاد رکھنا ہم انسانوں کے لیے قابل عمل نہیں ہے، اس لیے صارفین کی سہولت کی خاطر انٹرنیٹ پر ہر ویب سائیٹ کے آئی پی ایڈریس کو ایک نام دینے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ کسی بھی ویب سائیٹ کے آئی پی ایڈریس کا یہ نام ڈومین (Domain) کہلاتا ہے۔ ہم جو ویب سائیٹس روز مرہ دیکھتے ہیں اگر ان کے نام انگلش حروف میں نہ ہوتے تو ہمیں ویب براؤزر کو ہر ویب سائیٹ کا آئی پی ایڈریس مہیا کرنا پڑتا۔

DNS یعنی ڈومین نیم سسٹم (Domain Name System) کا بنیادی کام کسی بھی ڈومین کے متعلق معلومات اپنے پاس محفوظ رکھنا، اور طلب کرنے پر یہ معلومات مہیا کرنا ہے۔ مثال کے طور پر جب ہم براؤزر میں مطلوبہ ویب سائیٹ کا ایڈریس لکھتے ہیں تو براؤزر کسی قریبی DNS سرور کے پاس درخواست بھیجتا ہے کہ بھئی میں ایک ویب سائیٹ کا انگریزی نام بھیج رہا ہوں، مجھے اس کا آئی پی ایڈریس مہیا کر دو۔ چنانچہ وہ ڈی این ایس سرور اپنے ریکارڈ میں یہ نام تلاش کرتا ہے، اگر اسے یہ نام اپنے ریکارڈ میں مل جائے تو وہ براؤزر کی درخواست کے جواب میں اس ویب سائیٹ کا آئی پی ایڈریس بھیج دیتا ہے۔ اگر DNS سرور کو اپنے پاس یہ ریکارڈ نہ ملے تو وہ اپنے جیسے کسی دوسرے سرور سے رابطہ کرتا ہے۔ درج ذیل تصویر میں اس عمل کو واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ویب سائیٹ تک رسائی کے لیے ڈومین نیم سسٹم کا استعمال

ڈومین نیم کے ساتھ منسلک آئی پی ایڈریس حسب ضرورت تبدیل ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ہماری ویب سائیٹ ایک ویب سرور (Web server) پر موجود ہے، ہم کسی وجہ سے اپنی ویب سائیٹ وہاں سے ہٹا کر کسی دوسرے ویب سرور پر منتقل کر دیتے ہیں تو اب ہمیں نئے ویب سرور کا آئی پی ایڈریس اپنے ڈومین کے ساتھ منسلک کرنا پڑے گا۔ دوسرے لفظوں میں جب ہم اپنی ویب سائیٹ کی ہوسٹنگ (Hosting) تبدیل کرتے ہیں تو دنیا بھر میں موجود ایسے ڈی این ایس سرورز جن کے پاس ہمارے ڈومین کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے، وہ پرانا آئی پی ایڈریس ہٹا کر ہمارے ڈومین کے ساتھ نیا آئی پی ایڈریس منسلک کر دیتے ہیں۔ ایسے تمام ڈی این ایس سرورز میں یہ ریکارڈ تبدیل ہونے میں دو دن تک لگ سکتے ہیں۔