کورل ڈرا میں نسخ فونٹ کی مدد سے مونوگرام تیار کریں

مونوگرام سے مراد ایسا لفظ یا ایسے الفاظ ہیں جن کی شکل تبدیل کر کے انہیں کسی تشہیری علامت کا روپ دیا گیا ہو۔ اس ٹٹوریل میں ہم نسخ فونٹ استعمال کرتے ہوئے ایک مونوگرام بنانے کا عمل دیکھیں گے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ مطلوبہ الفاظ لکھ کر پہلے انہیں ویکٹر آبجیکٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ وہ فونٹ کی بندش سے آزاد ہو جائیں۔ پھر ان الفاظ کے حروف کو الگ الگ کیا جاتا ہے تاکہ ہر حرف کی شکل با آسانی تبدیل کی جا سکے۔ اور پھر ان حروف کی شکلیں تبدیل کر کے الفاظ کو خاص طریقے سے سیٹ کیا جاتا ہے تاکہ وہ ایک ایسے مونوگرام کی شکل اختیار کر جائیں جو بامعنیٰ بھی ہو اور با مقصد ہھی۔


بہتر طریقہ یہ ہے کہ جن الفاظ کا آپ مونوگرام بنانا چاہتے ہیں انہیں کاغذ پر پنسل کی مدد سے مختلف شکلوں میں لکھیں۔ جب مونوگرام کی دو چار ایسی شکلیں بن جائیں جو آپ کے خیال میں قابل قبول ہوں، تو پھر انہیں کورل ڈرا میں ڈیزائن کریں۔ جیسا کہ درج ذیل آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں نے ’’شعار شرکۃ‘‘ کے الفاظ کو مختلف انداز میں لکھنے کی کوشش کی ہے۔

کاغذ پر پنسل کے ساتھ مونوگرام کی مختلف شکلیں بنائیں


پہلے ان پیج سافٹ ویئر کھولیں۔

  1. مونوگرام کے الفاظ لکھیں۔
  2. الفاظ کے لیے نسخ کا کوئی اچھا سا فونٹ استعمال کریں۔
  3. پھر Pick ٹول منتخب کریں۔
  4. صفحہ پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور Copy پر کلک کر دیں۔

ان پیج میں مونوگرام کے الفاظ لکھ کر کاپی کریں


اب کورل ڈرا سافٹ ویئر کھولیں۔

  1. ان پیج سے کاپی کیے گئے الفاظ کو یہاں Paste کریں۔
  2. حسب ضرورت سلیکشن کے کناروں سے پکڑ کر الفاظ کا سائز کم کریں۔
  3. اور پھر اوپر اسٹینڈرڈ بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے To Fit آپشن منتخب کر کے الفاظ کو اسکرین پر قریب لے آئیں۔

کورل ڈرا میں ان پیج کے الفاظ پیسٹ کریں


اب ہم نے الفاظ کو ویکٹر آبجیکٹس میں تبدیل کرنا ہے اور ان کے حروف علیحدہ کرنے ہیں۔

  1. پہلے ماؤس کے ساتھ الفاظ سلیکٹ کر کے Arrange مینیو میں موجود Convert To Curves آپشن پر کلک کریں۔
  2. پھر ان الفاظ کے حروف علیحدہ کرنے کے لیے Ungroup All آپشن پر کلک کریں۔

الفاظ کو ویکٹر آبجیکٹ میں تبدیل کریں اور تمام حروف کو ان گروپ کریں


جب الفاظ کے حروف الگ ہو جائیں تو ہر حرف کو مختلف رنگ دے کر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کہاں سے شروع ہو رہا ہے اور کہاں ختم ہو رہا ہے۔ اگلے مرحلے میں ہم ان حروف کو مونوگرام کی ضرورت کے مطابق تبدیل کریں گے۔

مونوگرام کے الفاظ الگ ہونے کے بعد


آپ دیکھ رہے ہیں کہ عین کا دائرہ کچھ چھوٹا ہے۔ دائرے کو بڑا کرنے کے لیے پہلے اسے عین سے الگ کرنا ہوگا۔ اس کے لیے عین منتخب کریں، اور پھر Arrange مینیو میں سے Break Curve Apart آپشن پر کلک کر دیں۔ آپ دیکھیں گے کہ ایسا کرنے سے دائرہ عین کے پیچھے چھپ جائے گا۔

عین کا دائرہ بڑا کرنے کے لیے اسے حرف سے الگ کریں


ایسی صورت میں جب ایک آبجیکٹ کسی دوسرے آبجیکٹ کے پیچھے چھپ جائے تو انہیں آؤٹ لائن کی صورت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

  1. پہلے View مینیو میں موجود Wireframe آپشن پر کلک کریں جس سے تمام آبجیکٹس آؤٹ لائن کی شکل میں ظاہر ہو جائیں گے۔
  2. جب آپ عین کا دائرہ بڑا کر لیں تو پھر اسی مینیو میں موجود Enhanced آپشن پر کلک کر کے آبجیکٹس کو دوبارہ رنگوں میں دیکھ سکتے ہیں۔

عین کا دائرہ بڑا کریں


اب ہم نے عین اور اس کے دائرے کو دوبارہ یکجا کرنا ہے۔ ماؤس کے ساتھ پہلے عین کو اس کے دائرے سمیت سلیکٹ کریں۔ پھر Arrange مینیو میں موجود Combine آپشن پر کلک کریں۔

عین اور اس کے دائرے کو یکجا کر کے ایک حرف میں تبدیل کریں


اب ہم یہ چاہتے ہیں کہ الف کے اوپر جو ڈیزائن والا حصہ ہے اسے ختم کیا جائے۔

  1. ٹول بار سے Shape ٹول منتخب کریں۔
  2. پھر الف کے ڈیزائن والے حصے سے تھوڑا سا نیچے دونوں طرف ماؤس کے ساتھ کلک کر کے دو نوڈز (Nodes) بنائیں۔
  3. یہ نوڈز ہم اس لیے بنا رہے ہیں تاکہ جب اوپر والا حصہ ڈیلیٹ کیا جائے تو نوڈز سے نیچے الف کا حصہ متاثر نہ ہو۔
  4. اب ماؤس کے ساتھ ڈیزائن والے حصے کی نوڈز سلیکٹ کریں۔ اگر ڈیزائن ایسا ہو کہ تمام نوڈز سلیکشن میں نہ آرہی ہوں، تو پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ہر نوڈ پر ماؤس کے ساتھ کلک کریں تاکہ وہ سلیکشن میں آجائے۔ جب مطلوبہ نوڈز سلیکٹ ہو جائیں تو پھر کی بورڈ پر Delete بٹن دبا دیں۔

الف کا ڈیزائن والا حصہ ختم کریں


ویکٹر کا کچھ حصہ ڈیلیٹ ہونے کے بعد باقی بچنے والی لائن گولائی میں بھی ہو سکتی ہے اور سیدھی بھی۔ اگر گولائی میں ہو تو اس کی کسی دیوار پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر To Line آپشن پر کلک کر دیں۔ اس کے لیے پہلے ٹول بار پر Shape ٹول کا منتخب ہونا ضروری ہے۔

الف کے گولائی والے حصے کو سیدھی لائن میں تبدیل کریں


درج ذیل آپ دیکھ سکتے ہیں کہ دونوں نوڈز کے درمیان والی لائن بالکل سیدھی ہوگئی ہے۔

  1. ٹول بار سے Shape ٹول منتخب کریں۔
  2. پھر ماؤس کے ساتھ دونوں نوڈز سلیکٹ کریں۔ اور پھر کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ماؤس کے ساتھ کسی بھی نوڈ کو پکڑ کر اوپر کی طرف کھینچیں۔ ایسا کرنے سے الف کی لمبائی بالکل سیدھ میں بڑھ جائے گی۔

الف کی لمبائی زیادہ کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ عین کا دائرہ پہلے سے بڑا ہے اور الف کی اونچائی بھی بڑھ چکی ہے۔ ویکٹر آبجیکٹس کی شکلیں تبدیل کرنے کے یہی بنیادی طریقے ہیں۔ انہیں استعمال کر کے حروف کی شکلیں تبدیل کی جا سکتی ہیں، حروف کی جگہ تبدیل کی جا سکتی ہے، اور انہیں ایسے انداز میں سیٹ کیا جا سکتا ہے کہ وہ خوبصورت نظر آئیں۔

ڈیزائن کے دوران اگر آپ کو گائیڈ لائنز کی ضرورت ہو تو انہیں اوپر یا بائیں طرف Ruler سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ نیز بائیں طرف نیچے x اور y کوارڈینیٹس بھی آبجیکٹس کی جگہ سیٹ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

عین اور الف تبدیلی کے بعد


درج ذیل اسکرین شاٹ میں نسخ فونٹ کی مدد سے تیار کیے گئے ایک مونوگرام کے دو نمونے دیکھے جا سکتے ہیں۔ انگریزی عبارت گولائی میں کیسے لکھی جا سکتی ہے، اس کے لیے یہ ٹٹوریل دیکھیں۔

ان پیج کے نسخ فونٹ کی مدد سے بنائے گئے ایک مونوگرام کے دو نمونے