ان پیج میں کتاب کی تیاری کیلئے اسٹائلز استعمال کریں

کیا آپ بھی ایسے اردو کمپوزر ہیں جو کتاب کی فارمیٹنگ Inpage کی ٹول بار کی مدد سے کرتے ہیں؟ یعنی جب کسی عنوان کا فونٹ سائز مقرر کرنا ہو، عربی عبارت کا فونٹ منتخب کرنا ہو، یا پیرا گراف کی سطروں کے درمیان فاصلہ سیٹ کرنا ہو، تو ان کاموں کے لیے آپ ان پیج میں اوپر موجود ٹول بار کے آپشنز استعمال کرتے ہیں۔ چند ایک صفحات کی تیاری کے لیے ایسا کرنا الگ بات ہے، لیکن ایک کتاب کی فارمیٹنگ کے لیے یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے۔ فرض کریں آپ نے 400 صفحات کی ایک کتاب تیار کی ہے جس میں 200 کے قریب عنوانات موجود ہیں۔ کمپوزنگ کے دوران ان عنوانات کا فونٹ سائز آپ نے ٹول بار کی مدد سے 18pt مقرر کیا ہے، لیکن اب آپ چاہتے ہیں کہ عنوانات کا سائز 20pt ہونا چاہیے۔ کتاب میں موجود سب عنوانات کا سائز تبدیل کرنے کے لیے آپ کیا طریقہ اختیار کریں گے؟

ان پیج میں Style Sheets کی مدد سے فارمیٹنگ کی سہولت موجود ہے۔ کتاب کی فارمیٹنگ اگر آپ اسٹائل شیٹس کی مدد سے کریں گے تو مستقبل میں کتاب کے کسی حصے کی فارمیٹنگ تبدیل کرنا آپ کے لیے بہت آسان ہوگا۔ اسٹائل شیٹس کے استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ عنوان، پیرا گراف، اقتباس وغیرہ کے لیے الگ الگ اسٹائل شیٹ بنا لیں۔ پھر کتاب کی کمپوزنگ کے دوران عنوان، پیرا گراف اور اقتباس وغیرہ کی فارمیٹنگ ان اسٹائل شیٹس کی مدد سے کریں۔ ایسا کرنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ مثلاً‌ عنوانات کا سائز تبدیل کرنے کے لیے صرف ان کی اسٹائل شیٹ کی فارمیٹنگ تبدیل کرنا ہوگی، اس سے پوری کتاب کے عنوانات خود بخود اس اسٹائل شیٹ کے مطابق ہو جائیں گے۔ اسٹائل شیٹ کی مدد سے عنوانات کی فارمیٹنگ کرنے کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ کتاب مکمل ہونے پر آپ کو کتاب کی فہرست ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں پیش آئے گی۔ بلکہ ان پیج کے Utilities مینیو میں موجود Table of Contents آپشن کی مدد سے مکمل کتاب کی فہرست حاصل کی جا سکتی ہے۔ آئیں ان پیج میں اسٹائل شیٹ کی مدد سے فارمیٹنگ کا طریقہ کار دیکھتے ہیں:

اس ٹٹوریل میں پہلے ہم مرکزی عنوان، ذیلی عنوان، پیرا گراف اور اقتباس کی فارمیٹنگ کے لیے چار اسٹائل شیٹس بنائیں گے۔ پھر ان اسٹائل شیٹس کی مدد سے عنوانات اور عبارتوں کی فارمیٹنگ کریں گے۔ اس کے بعد ہم دیکھیں گے کہ صرف اسٹائل شیٹس میں تبدیلی کرنے سے پوری فائل کے عنوانات اور عبارتوں کی فارمیٹنگ خود بخود تبدیل ہو جائے گی۔

  1. مرکزی عنوان کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں
  2. ذیلی عنوان کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں
  3. پیرا گراف کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں
  4. اقتباس کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں
  5. عنوانات اور عبارتوں کی فارمیٹنگ اسٹائل شیٹس کی مدد سے کریں
  6. اسٹائل شیٹس کی فارمیٹنگ تبدیل کریں

1. مرکزی عنوان کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں

Format مینیو میں سے Style Sheets آپشن منتخب کریں۔

ان پیج کے فارمیٹ مینیو سے اسٹائل شیٹس کا آپشن منتخب کریں


نئی اسٹائل شیٹ بنانے کے لیے ڈائیلاگ باکس میں New بٹن پر کلک کریں۔ اس سے ایک چھوٹا سا ڈائیلاگ باکس نمودار ہوگا، اس میں نئی اسٹائل شیٹ کا نام لکھ کر OK بٹن پر کلک کر دیں۔ OK بٹن پر کلک کرنے سے ایک اور ڈائیلاگ باکس ظاہر ہوگا، اس کے لیے اگلی تصویر دیکھیں۔

عنوان کی فارمیٹنگ کے لیے نئی اسٹائل شیٹ بنانے کے لیے ڈائیلاگ باکس کے نیو بٹن پر کلک کریں


درج ذیل ڈائیلاگ باکس میں آپ مختلف بٹن دیکھ رہے ہیں۔ Character بٹن کی مدد سے جو ڈائیلاگ باکس کھلے گا اس میں فونٹ اور اس کے سائز وغیرہ کی فارمیٹنگ کی جا سکتی ہے۔ Paragraph بٹن کی مدد سے جو ڈائیلاگ باکس کھلے گا اس میں پیرا گراف یعنی عبارت کی الائنمنٹ، سطروں کے درمیان فاصلہ، عبارت کے دائیں اور بائیں فاصلہ وغیرہ کی فارمیٹنگ کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس اسٹائل شیٹ کے لیے ایک کی بورڈ شارٹ کٹ بھی بنایا گیا ہے۔ یعنی کسی عبارت پر کرسر لا کر آپ کی بورڈ پر Ctrl+Shift+B دبائیں گے تو اس عبارت کی فارمیٹنگ اس اسٹائل شیٹ کے مطابق ہو جائے گی۔

اسکرین شاٹ کے مطابق Character بٹن پر کلک کر دیں تاکہ ہم عنوان کا فونٹ سائز مقرر کر سکیں۔

فونٹ کی فارمیٹنگ کے لیے ڈائیلاگ باکس کے کریکٹر بٹن پر کلک کریں


ڈائیلاگ باکس میں عنوان کا فونٹ سائز مقرر کر کے OK بٹن پر کلک کر دیں۔

ڈائیلاگ باکس کے سائز کے خانے میں فونٹ کا سائز مقرر کریں


UP

2. ذیلی عنوان کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں

جس طریقے سے ہم نے مرکزی عنوان کی اسٹائل شیٹ بنائی ہے، بالکل اسی طریقے سے ذیلی یعنی چھوٹے عنوان کے لیے بھی ایک اسٹائل شیٹ بنا لیں، لیکن اس کا فونٹ سائز کم رکھیں۔


UP

3. پیرا گراف کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں

اب پیرا گراف کے لیے بھی ایک اسٹائل شیٹ بنا لیں۔

پیرا گراف کی فارمیٹنگ کے لیے نئی اسٹائل شیٹ بنانے کے لیے نیو بٹن پر کلک کریں


ڈائیلاگ باکس میں Paragraph بٹن پر کلک کریں۔

ڈائیلاگ باکس کے پیراگراف بٹن پر کلک کریں


درج ذیل تصویر کے مطابق پیرا گراف کے ڈائیلاگ باکس میں عبارت کی الائنمنٹ اور پہلی لائن کا فاصلہ مقرر کر کے OK بٹن پر کلک کر دیں۔

ڈائیلاگ باکس میں پیراگراف کی الائنمنٹ اور پہلی لائن کا فاصلہ مقرر کریں


اسی طرح Character ڈائیلاگ باکس کھول کر پیرا گراف کے لیے فونٹ سائز مقرر کر کے OK بٹن پر کلک کر دیں۔

ڈائیلاگ باکس میں پیرا گراف کے لیے فونٹ سائز مقرر کریں


UP

4. اقتباس کے لیے اسٹائل شیٹ بنائیں

اب اقتباس کے لیے اسٹائل شیٹ بنائی جائے گی۔ ڈائیلاگ باکس میں New بٹن پر کلک کر کے نئی اسٹائل شیٹ بنائیں اور پھر اس کا Paragraph ڈائیلاگ باکس کھولیں۔

اقتباس کی فارمیٹنگ کے لیے نئی اسٹائل شیٹ بنانے کے لیے نیو بٹن پر کلک کریں


اقتباس کی اسٹائل شیٹ کے پیراگراف ڈائیلاگ باکس میں درج ذیل تصویر کے مطابق عبارت کی الائنمنٹ، عبارت کے دائیں بائیں فاصلہ، اور پہلی لائن کا فاصلہ مقرر کریں، اور پھر OK بٹن پر کلک کر دیں۔

پیرا گراف کے ڈائیلاگ باکس میں الائنمنٹ اور اقتباس کے دائیں اور بائیں فاصلہ مقرر کریں


جب تمام اسٹائل شیٹس تیار ہو جائیں تو Done بٹن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس بند کر دیں۔

جب تمام اسٹائل شیٹس بن جائیں تو ڈن بٹن پر کلک کر دیں۔


UP

5. عنوانات اور عبارتوں کی فارمیٹنگ اسٹائل شیٹس کی مدد سے کریں

میں نے اس ٹٹوریل کے لیے پہلے سے ایک عبارت تیار کی ہوئی ہے۔ عبارت کے جس حصے پر میں اسٹائل شیٹ استعمال کرنا چاہوں گا، پہلے میں اس پر کرسر لاؤں گا، پھر اوپر ٹول بار کی بائیں جانب موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے اسٹائل شیٹ منتخب کروں گا۔ لیکن اسٹائل شیٹس استعمال کرنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ جب آپ کتاب کمپوز کر رہے ہوں تو اس وقت عنوان، پیرا گراف اور اقتباس وغیرہ کی فارمیٹنگ اسٹائل شیٹس کی مدد سے کرتے جائیں۔ لیکن یہ یاد رہے کہ کسی عبارت کو سلیکٹ کر کے اس پر اسٹائل شیٹ نہ استعمال کریں، ایسا کرنے سے آپ کو مطلوبہ نتائج نہیں ملیں گے۔ مطلوبہ عبارت پر کرسر لے کر آئیں پھر اسٹائل شیٹ کی Shortcut استعمال کریں، یا پھر ٹول بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے اسٹائل شیٹ منتخب کریں۔

عبارت پر کرسر لائیں اور ٹول بار میں موجود ڈراپ ڈاؤن کی مدد سے اسٹائل شیٹ منتخب کریں


UP

6. اسٹائل شیٹس کی فارمیٹنگ تبدیل کریں

فرض کریں اوپر بنائی گئی اسٹائل شیٹس استعمال کرتے ہوئے ہم نے ایک مکمل کتاب تیار کر لی ہے۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ کتاب میں موجود تمام مرکزی عنوانات اور اقتباسات کی فارمیٹنگ تبدیل کی جائے۔ اس کے لیے صرف یہ کرنا ہوگا کہ مرکزی عنوان اور اقتباس کی اسٹائل شیٹس کی فارمیٹنگ تبدیل کر دیں۔ اس کے نتیجے میں پوری فائل میں موجود مرکزی عنوانات اور اقتباسات کی فارمیٹنگ تبدیل ہو جائے گی۔

مرکزی عنوان کی اسٹائل شیٹ کی فارمیٹنگ تبدیل کریں

  • ان پیج کے Format مینیو میں سے Style Sheets کا ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
  • مرکزی عنوان کی اسٹائل شیٹ سلیکٹ کر کے Modify بٹن پر کلک کریں۔
  • ڈائیلاگ باکس کھلنے پر Paragraph بٹن پر کلک کر دیں۔

عنوان کی اسٹائل شیٹ تبدیل کرنے کے لیے موڈی فائی بٹن پر کلک کریں


Paragraph ڈائیلاگ باکس میں درج ذیل تصویر کے مطابق مرکزی عنوان کے لیے درمیان کی الائنمنٹ منتخب کریں۔ ڈائیلاگ باکس کے بالکل نیچے موجود Add to table of contents آپشن منتخب کریں۔ اسی طرح ذیلی عنوان کی اسٹائل شیٹ کے لیے بھی یہ آپشن منتخب کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ کتاب مکمل ہونے پر آپ ان پیج کے Utilities مینیو میں موجود Table of Contents آپشن کی مدد سے پوری کتاب کی فہرست تیار کر سکتے ہیں۔ یہ فہرست Clipboard میں محفوظ ہوتی ہے جسے آپ کی بورڈ پر Ctrl+v دبا کر کسی خالی صفحہ پر Paste کر سکتے ہیں۔

پیرا گراف ڈائیلاگ باکس میں عنوان کی فارمیٹنگ تبدیل کریں


اقتباس کی اسٹائل شیٹ کی فارمیٹنگ تبدیل کریں

اقتباس کی فارمیٹنگ تبدیل کرنے کے لیے اسی طرح اسٹائل شیٹ کا Character ڈائیلاگ باکس کھول کر فونٹ سائز تبدیل کریں۔

کریکٹر ڈائیلاگ باکس میں اقتباس کی فارمیٹنگ تبدیل کریں


Paragraph ڈائیلاگ باکس کھول کر اقتباس کی سطروں کے درمیان فاصلہ مقرر کریں۔ یونٹ کے طور پر آپ mm یعنی ملی میٹر بھی استعمال کر سکتے ہیں اور pt یعنی پوائنٹ بھی۔ لیکن یونٹ کا انتخاب اس طرح سے کریں کہ بعد میں کوئی الجھن نہ پیدا ہو جائے۔

پیراگراف ڈائیلاگ باکس میں اقتباس کی فارمیٹنگ تبدیل کریں


پچھلے مرحلے میں مرکزی عنوان اور اقتباس کی اسٹائل شیٹ کی فارمیٹنگ تبدیل کی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ان پیج کی فائل میں مرکزی عنوان اور اقتباس کی فارمیٹنگ خود بخود تبدیل ہوگئی ہے۔

اسٹائل شیٹس کی فارمیٹنگ کی تبدیلی کا نتیجہ فائل میں نظر آرہا ہے


نوٹ: ایک تجربہ یہ سامنے آیا ہے کہ ان پیج کی مکمل فائل کے لیے سطروں کے درمیان فاصلہ Auto ہی رہنا چاہیے۔ یعنی جب آپ کسی عنوان اور پیرا گراف کی اسٹائل شیٹس تیار کریں تو Paragraph ڈائیلاگ باکس میں سطروں کے درمیان فاصلہ کے لیے کوئی ویلیو مہیا نہ کریں۔
ان پیج میں سطروں کے درمیان فاصلہ کم یا زیادہ کرنے کے لیے Edit مینیو کھولیں، اس میں موجود Preferences مینیو کے تحت Typographic ڈائیلاگ باکس کھولیں، اور اس میں دیا گیا Auto Line Spacing آپشن استعمال کریں۔