ایک نوٹ بک ایپ کی کیا ضرورت ہو سکتی ہے؟ ذرا یہ دو مثالیں دیکھیں (۱) آپ کا متوقع کسٹمر آکر کہتا ہے کہ جو پروپوزل آپ نے دیا تھا وہ مجھے قبول ہے مجھے اپنی سروس مہیا کر دیں۔ اب اگر آپ اس سے یہ پوچھیں کہ میں نے اس کی قیمت کیا بتائی تھی؟ کیا خیال ہے یہ ایک معقول سوال ہے؟ (۲) آپ اپنے سسرال جاتے ہیں تو سسر صاحب پوچھتے ہیں کہ یار وہ کتاب لائے ہو جو میں نے پچھلی دفعہ کہی تھی؟ آپ جواب میں کہتے ہیں، اوہو مجھے تو یاد ہی نہیں رہا۔ اب سسر صاحب اپنے داماد کی طرف کس نظر سے دیکھ رہے ہوں گے وہ داماد ہی بہتر بتا سکتا ہے۔ تو ایسی صورتحال سے بچنے کا کیا حل ہے؟
اگر متوقع کسٹمر سے پہلی دفعہ بات کرنے کے بعد آپ نے کچھ چیزیں اپنے پاس نوٹ کر لی ہوتیں تو اگلی دفعہ کی ملاقات بہت آسان ہو جاتی اور کسٹمر کی نظر میں بھی آپ کی قدر ضرور بڑھتی۔ اسی طرح پچھلی دفعہ سسرال آمد پر جب سسر صاحب نے کتاب کا کہا تھا اگر اسی وقت آپ نے اندازے سے ایک ریمائنڈر سیٹ کر لیا ہوتا کہ اگلی دفعہ آنے سے دو چار روز قبل وہ کتاب اپنے بیگ میں رکھ لوں گا تو سسرال میں یقیناً آپ کی قدر میں اضافہ ہوتا۔
ٹیکنالوجی کے اس زمانے میں روز مرہ زندگی کے دیگر کاموں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ ذاتی یادداشتیں محفوظ رکھنے کے لیے بھی کمپیوٹنگ ڈیوائسز سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ سمارٹ فونز کی آمد سے پہلے ایسی ڈیجیٹل گھڑیاں اور ڈائریاں مقبول ہوئی تھیں جن میں فون نمبرز، ایڈریسز اور نوٹس وغیرہ محفوظ کیے جاتے تھے، لیکن اب سمارٹ فونز کے لیے اچھے فیچرز والی ایپس موجود ہیں جن کی مدد سے روز مرہ امور کو بڑے اچھے طریقے سے منظم کیا جا سکتا ہے۔ چنانچہ اس ٹٹوریل میں نوٹس کو منظم کرنے والی ایک معروف ایپ ایورنوٹ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مختصر طور پر اس کے استعمال کا طریقہ دکھایا گیا ہے۔
ایورنوٹ انسٹال کر کے اکاؤنٹ بنائیں
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق گوگل پلے سٹور سے Evernote ایپلیکیشن انسٹال کریں۔
ایورنوٹ کھول کر اس کے لیے نیا اکاؤنٹ بنائیں۔ گوگل اکاؤنٹ کے ذریعے بھی آپ ایورنوٹ میں لاگ اِن ہو سکتے ہیں۔
نئی نوٹ بک بنائیں
ایورنوٹ میں لاگ اِن ہونے پر ایک ڈیفالٹ نوٹ بک پہلے سے موجود ہوتی ہے۔بہتر یہ ہے کہ آپ مختلف مقاصد کے لیے نئی نوٹ بکس بنائیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کی مدد سے نوٹ بکس والا سیکشن کھولیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کی مدد سے ایک نئی نوٹ بک بنائیں۔
نئی نوٹ بک بناتے ہی اس کی اسکرین سامنے آجائے گی۔ اسکرین کے اوپر دائیں حصے میں نوٹ بک کے متعلق ضروری آپشنز موجود ہیں۔
نیا نوٹ بنائیں
ایورنوٹ میں نوٹس کی اچھی ورائٹی دی گئی ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق نیا نوٹ بنانے والے آئیکان پر کلک کرنے کے بعد ٹیکسٹ نوٹ بنانے والے آپشن پر کلک کریں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں (1) یہ نوٹ کا عنوان ہے۔ (2) یہ نوٹ کی عبارت ہے۔ (3) ان میں A آپشن کی مدد سے عبارت کی فارمیٹنگ کی جا سکتی ہے۔ اٹیچمنٹ والے آپشن سے اس نوٹ کے ساتھ کوئی فائل مثلاً فوٹو یا آڈیو وغیرہ منسلک کی جا سکتی ہے۔ کیمرے والے آپشن سے فوری طور پر تصویر کھینچ کر اس نوٹ سے منسلک کی جا سکتی ہے۔ (4) ان میں ٹک والے آپشن سے اس نوٹ کو ریمائنڈر بنایا جا سکتا ہے۔ ٹیگ والے آپشن سے اس نوٹ کے لیے مختلف ٹیگز سیٹ کیے جا سکتے ہیں تاکہ بعد میں تلاش میں آسانی رہے۔ اور i والے آپشن کی مدد آپ اس نوٹ کے لیے کوئی اور نوٹ بک منتخب کر سکتے ہیں۔ (5) نوٹ محفوظ کریں۔ (6) بائیں طرف والے اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوٹ بک میں ایک نوٹ موجود ہے۔
ایورنوٹ کی ویب سائیٹ پر اپنا اکاؤنٹ استعمال کریں
ایورنوٹ میں بنائے گئے نوٹس اس کی ویب سائٹ پر بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ایورنوٹ کی ویب سائیٹ میں لاگ ان ہوں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں ایورنوٹ کا آن لائن انٹرفیس دکھایا گیا ہے۔ بائیں طرف اس ایپلیکیشن کے آئیکانز کے ساتھ ان کے عنوانات لکھے گئے ہیں تاکہ سمجھنے میں زیادہ دشواری نہ ہو۔
Modified: Fri, 04/27/2018 - 09:53