کبھی آپ یہ چاہتے ہیں کہ MySQL ڈیٹابیس کے ریکارڈز HTML ٹیبل میں حاصل کیے جائیں۔ اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ایک php اسکرپٹ لکھا جائے جس میں ڈیٹابیس سے ملنے والی ویلیوز کو HTML ٹیگز کے ساتھ ملا کر ایک ٹیبل تیار کر لیا جائے۔ لیکن اس مقصد کے لیے phpMyAdmin میں بھی ایک آپشن موجود ہے جس کے ذریعے کسی بھی SQL کیوئری کے نتیجے میں حاصل ہونے والے ریکارڈز کو فورًا ٹیبل کی شکل دی جا سکتی ہے۔ آئیں یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں:
ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں سے phpMyAdmin کھولیں۔
phpMyAdmin میں مطلوبہ ڈیٹابیس پر کلک کریں۔ ڈیٹابیس کے ٹیبلز ظاہر ہونے پر مطلوبہ ٹیبل کے سامنے Browse آئیکان پر کلک کریں۔
اگر آپ ڈیٹابیس کے سارے ریکارڈز نہیں چاہتے تو SQL کیوئری تبدیل کرنے کے لیے Edit لنک پر کلک کریں۔
اس صفحہ پر SQL کیوئری کی مدد سے مطلوبہ کالمز کی فہرست فراہم کرکے Go بٹن پر کلک کر دیں۔
درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اوپر والے حصے میں ڈیٹابیس کے تمام ریکارڈز کی تعداد دکھائی جا رہی ہے۔ phpMyAdmin میں عام سیٹنگ یہ ہے کہ ڈیٹابیس کے تمام ریکارڈز ایک ہی صفحہ پر نہیں دکھائے جاتے بلکہ مزید ریکارڈز کے لیے اگلے صفحات کے لنکس دیے جاتے ہیں۔ Show بٹن کے ساتھ ایک باکس موجود ہے، اس میں ڈیٹابیس کے کل ریکارڈز کی تعداد کی ویلیو مہیا کریں۔ اس سے اگلے باکس میں 1 لکھیں، یعنی آپ پہلے ریکارڈز سے لے کر آخری ریکارڈز تک تمام ریکارڈ چاہتے ہیں۔
جب تمام ریکارڈز سامنے آجائیں تو صفحہ اسکرول کر کے نیچے آئیں اور Print view آپشن پر کلک کردیں۔
Print view پر کلک کرنے سے نئی ٹیب میں ایک نیا ویب پیج کھل گیا ہے جس میں تمام ریکارڈز ایک HTML ٹیبل کی شکل میں موجود ہیں۔ صفحہ پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کریں اور یہ ویب پیج محفوظ کرلیں۔
درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ جملوں کی ترتیب خراب ہے۔ ایسا تب ہوتا ہے جب اردو عبارت میں انگلش الفاظ موجود ہوں اور HTML ایلیمنٹ کی عبارت دکھانے کی سمت بائیں سے دائیں (Left to Right) ہو، جو کہ ڈیفالٹ سیٹنگ ہے۔ جملوں کی ترتیب صحیح کرنے کے لیے اس سے اگلی تصویر دیکھیں۔
اگر HTML ٹیبل میں موجود تمام ریکارڈز اردو میں ہیں تو یہ ویب پیج نوٹ پیڈ میں کھول کر table ٹیگ میں "dir="rtl کا اضافہ کرنے سے ٹیبل کی سمت دائیں سے بائیں (Right to Left) ہو جائے گی۔
Modified: Sat, 01/10/2015 - 09:41