کورل ڈرا میں اپنے ہاتھ کی لکھائی ٹریس کریں

ویسے تو خوش خط عبارتیں لکھنے کے لیے عربی و اردو فونٹس کی ایک معقول تعداد دستیاب ہے لیکن یہ فونٹس ایسے ہیں کہ جنہیں آپ وقتاً‌ فوقتاً‌ مختلف اخبارات، رسائل، کتب اور اشتہارات وغیرہ میں دیکھتے رہتے ہیں۔ اگر آپ اپنے ڈیزائنز کو یکسانیت سے بچانا چاہتے ہیں تو پھر یوں کریں کہ اپنے ہاتھ کی لکھائی اسکین کر لیں۔ اس اسکین شدہ لکھائی کو مختلف جگہوں پر استعمال کیا جا سکتا ہے مثلاً‌ کتاب کا ٹائٹل، اشتہار، دعوت نامہ، بزنس کارڈ، ای کارڈ اور وال پیپر وغیرہ۔ اس ٹٹوریل میں ہینڈ رائٹنگ کو اسکین کر کے Trace کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ ٹریس کرنے سے اسکین شدہ تحریر Vector کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس پر کورل ڈرا میں مختلف ایفیکٹس استعمال کیے جا سکتے ہیں۔


اگر آپ کے پاس اسکیننر نہیں ہے تو پھر ہاتھ کی لکھائی کی تصویر سمارٹ فون کی مدد سے بھی حاصل کی جا سکتی ہے، البتہ اس صورت میں کوشش کریں کہ کیمرے کا فوکس اور لکھائی کا زاویہ اچھا ہو۔ درج ذیل پہلے اسکیننر کی مدد سے لکھائی اسکین کرنے کا طریقہ بتایا جا رہا ہے اور پھر اس کے بعد کورل ڈرا میں لکھائی کو ٹریس کرنے کا عمل دکھایا جائے گا۔


کورل ڈرا کے File مینیو میں سے Acquire Image کی مدد سے مطلوبہ لکھائی سکین کریں۔ لیکن اس کے لیے ممکن ہے پہلے آپ کو Select Source آپشن کی مدد سے اپنا اسکینر منتخب کرنا پڑے۔

سکینر کی مدد سے اپنے ہاتھ کی لکھائی سکین کریں


آپ کے اسکینر کا ڈائیلاگ باکس درج ذیل ڈائیلاگ باکس سے مختلف ہوگا۔ اسکیننگ کے لیے 300dpi ریزولوشن اور Grayscale آپشنز منتخب کریں۔ اور پھر اسکین کرنے سے پہلے ایک مرتبہ Preview دیکھیں۔

اپنی لکھائی کو تین سو ڈی پی آئی ریزولوشن اور گرے سکیل سیٹنگ پر سکین کریں


پری ویو نظر آنے پر اسکیننگ کے لیے صفحہ کا صرف وہی حصہ سلیکٹ کریں جس کی آپ کو ضرورت ہے تاکہ امیج کا سائز مختصر رہے۔ میں نے یہ لکھائی سیاہ مارکر کی مدد سے لکھی ہے۔ اگر آپ عام پینسل استعمال کریں گے تو شاید اسکیننگ کا معیار اچھا نہیں ہوگا۔

سکین کرنے سے پہلے پری ویو دیکھیں اور صرف وہی حصہ اسکین کریں جس کی ضرورت ہے


جب لکھائی اسکین ہو کر کورل ڈرا میں آجائے تو اوپر ٹول بار پر Trace Bitmap آپشن کے تحت موجود Line art آپشن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔ ٹریس کا آپشن Arrange مینیو میں بھی موجود ہے۔

کورل ڈرا کی ٹول بار پر موجود ٹریس بٹ میپ آپشن کے تحت موجود لائن آرٹ آپشن منتخب کریں


درج ذیل ڈائیلاگ باکس کے مطابق ٹریسنگ کے لیے مختلف آپشنز کی سیٹنگ کریں۔ مثلاً‌ Detail اور Smoothing کی مناسب سیٹنگ کر کے آپ لکھائی کو نرم اور بہتر کناروں کے ساتھ ٹریس کر سکتے ہیں۔ لکھائی کو مختلف سیٹنگز کے ساتھ ٹریس کرنے کے لیے ممکن ہے آپ کو یہ ڈائیلاگ باکس بار بار کھولنا پڑے، اس لیے Delete original image کا چیک باکس سب سے آخری مرتبہ سلیکٹ کریں۔

کورل ٹریس کا ڈائیلاگ باکس ظاہر ہونے پر ٹریسنگ کے لیے مختلف آپشنز کی سیٹنگ کریں


لکھائی ٹریس ہونے کے بعد ایک ویکٹر آبجیکٹ میں تبدیل ہو جاتی ہے، چنانچہ اس پر کورل ڈرا کے وہ تمام ایفیکٹس استعمال کیے جا سکتے ہیں جو ویکٹر آبجیکٹس پر استعمال کیے جاتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ لکھائی کے لیے مختلف رنگ منتخب کیا گیا ہے۔

لکھائی ٹریس ہونے کے بعد اس پر مختلف ایفیکٹس استعمال کیے جا سکتے ہیں


اس لکھائی کے حصے بخرے کرنے کے لیے Arrange مینیو کے تحت موجود Break Curve Apart آپشن منتخب کریں۔ اس کے بعد صفحہ پر کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ لکھائی سلیکشن میں نہ رہے۔ اب لکھائی کے کسی بھی حصے کو الگ سلیکٹ کیا جا سکتا ہے اور آزادانہ طور پر اس کی جگہ تبدیل کی جا سکتی ہے۔

کورل ڈرا کے ارینج مینیو کے تحت موجود بریک کرو اپارٹ آپشن پر کلک کریں


الفاظ کو توڑنے پر اگر کسی لفظ میں دائرہ ہوگا تو وہ بھی الگ ہو جائے گا۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میم کا دائرہ الگ ہو چکا ہے، چونکہ یہ دائرہ بھی سبز رنگ میں ہے اس لیے یہ علیحدہ نظر نہیں آرہا۔ چنانچہ مطلوبہ لفظ کو دائرے سمیت سلیکٹ کریں اور پھر Arrange مینیو میں موجود Combine آپشن کی مدد سے لفظ کو اپنی اصلی حالت میں واپس لائیں۔

ارینج مینیو میں موجود کمبائن آپشن کی مدد سے لفظ کے غائب دائرے واپس لائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لکھائی کے مختلف حصوں کی نہ صرف جگہ تبدیل کی گئی ہے بلکہ ان کے لیے مختلف رنگ منتخب کیے گئے ہیں۔

بریک کرو اپارٹ آپشن استعمال کرنے پر لکھائی کا ہر حصہ الگ سلیکٹ کیا جا سکتا ہے اور اس کی جگہ تبدیل کی جا سکتی ہے


درج ذیل آپ ایک تصویر دیکھ رہے ہیں جو میں نے pixabay.com سے حاصل کر کے اس پر ٹریس شدہ لکھائی استعمال کی ہے۔ کورل ڈرا میں تصویر Import کرنے کا آپشن اوپر ٹول پر بھی موجود ہے اور File مینیو کے اندر بھی۔ جب آپ کورل ڈرا میں تصویر امپورٹ کریں گے تو یہ لکھائی اس کے پیچھے چھپ جائے گی۔ تصویر کو لکھائی کے پیچھے لے جانے کے لیے Ctrl + End شارٹ کٹ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

نمونے کی تصویر جس میں ہاتھ کی لکھائی استعمال کی گئی ہے