ورڈپریس کی مدد سے ایک بنیادی ویب سائیٹ بنائیں

Wordpress اور اس جیسے دوسرے سافٹ ویئر ٹولز نے ویب ڈیویلپرز کی زندگی آسان کر دی ہے۔ چند سال قبل جن ویب سائیٹس کو بنانے کے لیے کئی دن یا ہفتے درکار ہوتے تھے ایسی ویب سائیٹس اب چند گھنٹوں میں تیار کی جا سکتی ہیں۔ لیکن دوسری طرف عام گاہک بھی اس معاملے سے باخبر ہوگئے ہیں اور وہ اپنی ویب سائیٹ کی تیاری کے لیے لمبی رقمیں ادا کرنے پر تیار نظر نہیں آتے۔ وہ جانتے ہیں کہ ویب سائیٹس بنانے کے لیے ٹولز اور ٹیمپلیٹس مفت اور با آسانی دستیاب ہیں۔ اس لیے ویب سائیٹس کے حوالے سے اب ویب ڈیویلپرز کے لیے اگر کمائی کا کوئی میدان ہے تو وہ Branding ہے۔ برانڈنگ کا مطلب یہ ہے کہ کسی کمپنی یا ادارے کے تجارتی نشانات (Logo / Monogram) تیار کیا جائے، اس کی ویب سائیٹ کے لیے منفرد سانچہ (Theme) تیار کیا جائے، اور ادارے کو انٹرنیٹ پر اس طرح سے پیش کیا جائے کہ وہ اپنی الگ شناخت (Identity) قائم کر سکے۔

جن ویب ڈیویلپرز کو کمپنیوں اور اداروں کے برانڈز تیار کرنے میں مہارت حاصل ہے وہ اب بھی معقول رقمیں جیب میں ڈال رہے ہیں۔ اگر آپ کا شمار ایسے ویب ڈیویلپرز میں نہیں ہوتا تب بھی آپ ورڈ پریس اور اس کے بنے بنائے تھیمز استعمال کر کے ایسی ویب سائیٹس بنا سکتے ہیں جو کم از کم آپ کا جیب خرچ بنا دیں۔ جیسے جیسے اس شعبے میں تجربہ حاصل ہوتا جائے گا آپ کی آمدن کا گراف بھی بڑھتا جائے گا۔ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ برانڈنگ پر مہارت کے لیے کن ٹیکنالوجیز اور ٹولز پر مہارت درکار ہے تو اس کے لیے درج ذیل فہرست دیکھی۔ دنیا میں ایسے ڈیویلپرز موجود ہیں جو ان سب ٹولز اور اور ٹیکنالوجیز پر مہارت رکھتے ہیں لیکن عموماً‌ یوں ہوتا ہے کہ آپ کسی ایک شعبے (ڈیزائننگ، پروگرامنگ، ڈیٹابیس سسٹم، ایڈمنسٹریشن وغیرہ) میں مہارت حاصل کر کے کسی ایسی ڈیویلپمنٹ ٹیم کا حصہ بن جاتے ہیں جس میں دیگر شعبہ جات کے ماہرین شامل ہوتے ہیں۔

گرافک ڈیزائن سافٹ ویئرز Photoshop اور CorelDraw وغیرہ۔
ویب سائیٹ ڈیویلپمنٹ ٹولز Drupal, Joomla, Wordpress وغیرہ۔
براؤزر پر چلنے والی ویب ٹیکنالوجیز Javascript, CSS, HTML وغیرہ ۔
سرور پر چلنے والی ویب ٹیکنالوجیز پروگرامنگ لینگویج مثلاً‌ PHP، ڈیٹابیس سسٹم مثلاً‌ MySQL وغیرہ۔
تخلیقی صلاحیت جس کی مدد سے ان ٹولز کو استعمال کرتے ہوئے ایک قابل قبول برانڈ تیار کیا جا سکے۔

بہرحال اس ٹٹوریل میں ایک بنیادی قسم کی ویب سائیٹ تیار کرنے کا عمل دیکھا جائے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر آپ اپنا بلاگ شروع کرنا چاہتے ہیں، کسی مقامی مسجد کی ویب سائیٹ تیار کرنا چاہتے ہیں، یا پھر کسی ایسے کاروبار کی ویب سائیٹ بنانا چاہتے ہیں جسے برانڈنگ سے کوئی غرض نہیں ہے تو اس ٹٹوریل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ آئیں ورڈ پریس کی مدد سے ایک بنیادی ویب سائیٹ تیار کرنے کا عمل دیکھتے ہیں:


  1. Page اور Post میں کیا فرق ہے؟
  2. ورڈ پریس کی چند بنیادی سیٹنگز تبدیل کریں۔
  3. ویب سائیٹ میں Pages شامل کریں۔
  4. ویب سائیٹ میں Posts شامل کریں۔
  5. اردو ویب سائیٹ کی دائیں سے بائیں سمت متعین کریں۔


Page اور Post میں کیا فرق ہے؟

Pages ویب سائیٹ کے مستقل صفحات ہوتے ہیں جن میں ادارے یا کمپنی کے متعلق معلومات مہیا کی جاتی ہیں۔ مثلاً‌ Contact, Services, About us وغیرہ کے صفحات۔ ان صفحات کے لنکس عام طور پر ویب سائیٹ کے ہر صفحہ پر مرکزی مینیو میں دیے جاتے ہیں۔

جبکہ Posts مختلف خبروں اور واقعات پر مشتمل وقتی صفحات ہوتے ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ ورڈ پریس میں پوسٹس کو تاریخ کے اعتبار سے ترتیب دیا جاتا ہے۔ یعنی پرانی پوسٹس دیکھنے کے لیے آپ کو ویب سائیٹ پر پچھلی تاریخوں کے صفحات پر جانا ہوگا۔


ورڈ پریس کی چند بنیادی سیٹنگز تبدیل کریں

ورڈ پریس کی ویب سائیٹ اپنی مرضی کے مطابق بنانے کے لیے سب سے پہلے ہم کچھ بنیادی سیٹنگز تبدیل کریں گے۔ اس کے لیے ویب سائیٹ کے ایڈمن سیکشن میں لاگ ان ہوں۔

ورڈ پریس ویب سائیٹ میں لاگ ان ہوں


Settings کے تحت General سیکشن میں آ کر اپنی ویب سائیٹ کا نام اور وضاحتی تحریر مہیا کریں۔ یہ نام ویب سائیٹ کا عنوان ہے جو ویب سائیٹ کے ہر صفحہ پر موجود ہوگا۔ اور وضاحتی تحریر ہر صفحہ پر ویب سائیٹ کے نام کے نیچے دکھائی جائے گی۔

ورڈ پریس کے سیٹنگز سیکشن میں ویب سائیٹ کا نام اور سلوگن لکھیں


Settings کے تحت Discussion سیکشن میں آجائیں اور پھر درج ذیل تصویر کے مطابق Comments غیر فعال کر دیں۔ ہم ایسا اس لیے کر رہے ہیں تاکہ صارفین ویب سائیٹ کی ہر تحریر پر تبصرہ نہ لکھ سکیں۔ جس تحریر پر ہمیں کامنٹس درکار ہوں گے اس کے کامنٹس ہم تحریر لکھتے وقت فعال کریں گے۔

ورڈ پریس کے کامنٹس بند کریں


Settings کے تحت Permalinks سیکشن میں آجائیں اور درج ذیل تصویر کے مطابق Post name ریڈیو بٹن منتخب کریں۔ اس کا یہ فائدہ ہوگا کہ ہم ویب سائیٹ میں تحریر شامل کرتے وقت اس کا ویب ایڈریس اپنی مرضی کے مطابق مقرر کر سکیں گے۔

ورڈ پریس ویب پیجز کے ایڈریس بہتر بنائیں


ویب سائیٹ میں Pages شامل کریں

Pages سیکشن میں آجائیں اور پہلے سے موجود نمونے کا صفحہ ختم کر دیں۔ اور پھر نیا ویب پیج بنانے کے لیے Add New بٹن پر کلک کریں۔

ورڈ پریس کا سیمپل پیج ختم کر کے نیا صفحہ شامل کریں


نیا Page بناتے وقت درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. ویب پیج کا عنوان مہیا کریں۔
  2. ویب پیج کی عبارت مہیا کریں۔ اگر یہ صفحہ اردو میں ہے تو دائیں سے بائیں سمت متعین کرنے کے لیے Ctrl+Right Shift بٹن دبائیں اور پھر عبارت لکھیں۔
  3. عنوان کی مدد سے ورڈ پریس اس ویب پیج کا ایڈریس خود بخود بنا دے گا۔ لیکن اگر آپ اپنی طرف سے مہیا کرنا چاہیں تو Edit بٹن پر کلک کریں۔
  4. جب یہ ویب پیج تیار ہو جائے تو Publish پر کلک کر دیں۔

ورڈ پریس میں ایک نیا ویب پیج بنائیں


اب دوبارہ Pages کے سیکشن میں آجائیں۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ ویب سائیٹ کے کچھ مزید ویب پیجز بھی تیار کیے گئے ہیں۔

ورڈ پریس میں اب تک بنائے گئے ویب پیجز


ویب سائیٹ میں Posts شامل کریں

Posts کے سیکشن میں آ کر پہلے سے موجود نمونے کی پوسٹ ختم کریں۔ اور پھر نئی پوسٹ بنانے کے لیے Add New بٹن پر کلک کریں۔

ورڈ پریس کی سیمپل پوسٹ ختم کر کے ایک نئی پوسٹ بنائیں


پوسٹ کے لیے نئی کیٹیگری بنائیں

پوسٹ کا عنوان، ویب ایڈریس اور عبارت مہیا کریں۔ اب نیچے اسکرول کریں تاکہ دائیں طرف نیچے موجود آپشنز کی مدد سے پوسٹ کے لیے ایک نئی کیٹیگری کا اضافہ کیا جا سکے۔

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ Add New Category آپشن کی مدد سے ایک نئی کیٹیگری کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ کیٹیگری ورڈ پریس کی کیٹیگری لسٹ میں شامل ہوگئی ہے اور اسے ورڈ پریس کی دوسری پوسٹس کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ورڈ پریس میں ایک نئی پوسٹ بنائیں


پوسٹ میں تصویر شامل کریں

پوسٹ تیار کرتے وقت مزید نیچے اسکرول کر کے Featured Image پینل سامنے لائیں۔ پوسٹ میں تصویر شامل کرنے کے لیے Set feature image آپشن پر کلک کریں۔

پوسٹ کے لیے ایک نئی کیٹیگری کا اضافہ کریں


Upload ٹیب میں آئیں اور Select Files بٹن پر کلک کر کے اپنے کمپیوٹر سے اپ لوڈ کے لیے فائل منتخب کریں۔

پوسٹ میں ایک تصویر شامل کرنے والا آپشن منتخب کریں


اپ لوڈ کی گئی فائل پوسٹ میں شامل کریں۔

اپ لوڈ کی گئی فائل کو پوسٹ کی فیچر امیج کے طور پر سیٹ کریں


پوسٹ کے لیے کامنٹس فعال کریں

اگر آپ صارفین کو اس پوسٹ پر تبصرے کی اجازت دینا چاہتے ہیں تو اس کے لیے Posts سیکشن میں آئیں۔ مطلوبہ پوسٹ کے نیچے موجود Quick Edit لنک پر کلک کریں جس کے نتیجے میں کچھ آپشنز ظاہر ہوں گے۔

پوسٹ کے کوئیک ایڈیٹ آپشن پر کلک کریں


درج ذیل تصویر کے مطابق Allow Comments چیک باکس فعال کر کے Update بٹن پر کلک کر دیں۔

ورڈ پریس پوسٹ کے کامنٹس کھولیں


اردو ویب سائیٹ کی دائیں سے بائیں سمت متعین کریں

اب تک جو ویب سائیٹ ہم نے تیار کی ہے اسے دیکھنے کے لیے Admin پینل کے اوپر بائیں طرف موجود ویب سائیٹ کے نام پر کلک کریں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ویب سائیٹ کے تمام حصوں کی الائنمنٹ بائیں طرف ہے۔ انگلش ویب سائیٹ کے لیے تو یہ ڈائریکشن ٹھیک ہے لیکن اردو ویب سائیٹ کی سمت اور الائنمنٹ دائیں سے بائیں ہونی چاہیے۔ یہ ٹھیک کرنے کے لیے اگلی تصویر دیکھیں۔

ورڈ پریس کی اب تک تیار کی گئی ویب سائیٹ


Appearance کے تحت Editor سیکشن میں آجائیں۔ دائیں طرف آپ مختلف فائلوں کی لسٹ دیکھ رہے ہیں۔ نیچے اسکرول کرنے پر ورڈ پریس کے اس تھیم کے لیے اسٹائلز مقرر کرنے والی فائلیں نظر آرہی ہیں۔ اب آپ نے یہ کرنا ہے کہ rtl.css فائل کھول کر اس کا مکمل کوڈ Copy کریں۔ اور پھر styles.css فائل کھول کر اس کے آخر میں یہ کوڈ Paste کر دیں۔ نیچے موجود بٹن کی مدد سے فائل محفوظ کرنا مت بھولیں۔

دائیں سے بائیں ویب سائیٹ دکھانے کے لیے آر ٹی ایل فائل کے اسٹائلز ویب سائیٹ کے مین اسٹائلز کے آخر میں پیسٹ کریں


اب دوبارہ ویب سائیٹ دیکھیں کریں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ویب سائیٹ کی سمت دائیں سے بائیں ہے۔

ورڈ پریس کی ویب سائیٹ اب دائیں سے بائیں نظر آرہی ہے


ورڈ پریس ویب سائیٹ کے لیے تھیم کیسے منتخب کیا جاتا ہے، اس کے لیے یہ ٹٹوریل دیکھیں: Wordpress ویب سائیٹ کے لیے تھیم منتخب کریں۔


نوٹ:

  1. اگر آپ Localhost پر ڈیویلپمنٹ کر رہے ہیں تو اس بات کی تسلی کر لیں کہ Apache کا وہ آپشن فعال ہے جس کی مدد سے Clean-URLs ٹھیک کام کرتے ہیں۔ اس آپشن کو فعال کرنے کا طریقہ اس ٹٹوریل کے آخر میں بتایا گیا ہے: MySQL+PHP ڈیویلپمنٹ کے لیے WampServer انسٹال کریں۔
  2. ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں اردو فعال کرنے کے لیے درج ذیل ٹٹوریلز دیکھیں:
    Windows XP کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
    Windows 7 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
    Windows 8 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں