ونڈوز پر اسکرین کی سرگرمیاں جف اینیمیشن میں ریکارڈ کریں

عموماً کمپیوٹر کی اسکرین پر ہونے والی سرگرمیوں کی ریکارڈنگ کے لیے ویڈیو ریکارڈنگ کا کوئی سافٹ ویئر استعمال کیا جاتا ہے جو ان سرگرمیوں کی ویڈیو فائل تیار کر دیتا ہے۔ اگرچہ اس مقصد کے لیے زیادہ تر یہی طریقہ کارآمد ہے لیکن اگر اسکرین کی سرگرمی مختصر ہو یا اس میں آواز کی ضرورت نہ ہو تو اس کے لیے جف اینیمیشن کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔مثلاً کسی سافٹ ویئر کی انسٹالیشن کا طریقہ، کسی پروگرام کے کسی خاص فیچر کا استعمال، یا آپریٹنگ سسٹم کی سیٹنگز وغیرہ دکھانے کے لیے جف اینیمیشن ایک کارآمد ذریعہ ہے۔ جبکہ تیارشدہ جف اینیمیشن کی فائل کسی ویب پیج میں بھی شامل کی جا سکتی ہے اور بذریعہ فون بھی شیئر کی جا سکتی ہے۔ اس ٹٹوریل میں ہم اسکرین پر ہونے والی سرگرمیوں کو جف فائل میں محفوظ کرنے والی ایک یوٹیلیٹی کا استعمال دیکھیں گے۔


سرچ انجن کی مدد سے لائس کیپ پروگرام ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔


انسٹالیشن کے بعد لائس کیپ چلائیں۔


جب آپ یہ پروگرام چلائیں گے تو اس کی ونڈو ایک فریم کی شکل میں سامنے آئے گی جس کا سائز اس کے کناروں کو ڈریگ کر کے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس فریم کے اندر اسکرین کا جو حصہ بھی نظر آرہا ہوگا وہ جف اینیمیشن کی ریکارڈنگ میں شامل ہو جائے گا۔


Record بٹن پر کلک کرنے کے بعد درج ذیل ڈائیلاگ باکس سامنے آئے گا جس میں یہ اینیمیشن محفوظ کرنے کے لیے GIF فائل کا نام مہیا کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس ڈائیلاگ باکس پر کچھ مزید سیٹنگز ہیں جن کی مدد سے اس اینیمیشن کو آپ اپنی مرضی کے مطابق بنا سکتے ہیں۔ Save بٹن پر کلک کرنے سے اینیمیشن کی ریکارڈنگ شروع ہو جائے گی۔


اینیمیشن کی ریکارڈنگ کے دوران Pause بٹن پر کلک کر کے اسے عارضی طور پر روکا جا سکتا ہے، مثلاً اگر آپ کسی سافٹ ویئر کی انسٹالیشن دکھا رہے ہیں تو اس کی ڈاؤن لوڈنگ اور انسٹالیشن کا دورانیہ نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ Stop بٹن پر کلک کرنے سے اس اینیمیشن کی جف فائل بن جائے گی۔

آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ ونڈوز کا تصویریں دکھانے والا پروگرام چلتی ہوئی اینیمیشن نہیں دکھاتا۔ چنانچہ جف فائل پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر Open with آپشن کی مدد سے اسے براؤزر میں کھول کر دیکھیں۔


درج ذیل نمونے کی ایک جف اینیمیشن دکھائی جا رہی ہے:

Categories: