ڈاس ۔ مائیکروسافٹ کا ایک بھولا ہوا آپریٹنگ سسٹم

ڈاس یعنی ڈسک آپریٹنگ سسٹم وہ پراڈکٹ ہے جس کے ذریعے مائیکروسافٹ نے کمپیوٹر سافٹ ویئر کی دنیا میں اپنا نام بنایا۔ یہ ایک Command-line سسٹم ہے جس میں ہم کمانڈز لکھتے ہیں اور کمپیوٹر ان کمانڈز پر عمل کرتا ہے۔ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں ڈاس نے بے حد مقبولیت حاصل کی۔ Windows95 مائیکروسافٹ کا گرافیکل یوزر انٹرفیس پر مبنی پہلا آپریٹنگ سسٹم تھا جس نے صارفین کے لیے کمپیوٹر کا استعمال بے حد آسان کر دیا، وہ کام جن کے لیے طویل کمانڈز درکار تھیں چند ماؤس کلکس کی مدد سے ممکن ہوگئے۔ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے مارکیٹ میں آنے والے ابتدائی ورژن اپنا معیار بہتر نہ ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں لیکن اب ونڈوز کو ایک معیاری آپریٹنگ سسٹم مانا جا رہا ہے اور یہ صارفین کا اعتماد حاصل کرتا نظر آرہا ہے۔

ڈاس اگرچہ تقریباً‌ متروک ہو چکا ہے لیکن اب بھی کچھ لوگ وقتاً‌ فوقتاً‌ اس کمانڈ لائن آپریٹنگ سسٹم کا حسب ضرورت استعمال کرتے ہیں۔ کچھ کام ایسے ہوتے ہیں جن کی شاید بہت کم صارفین کو ضرورت پڑتی ہے، چنانچہ ونڈوز میں ان کی براہ راست سہولت مہیا نہیں کی جاتی۔ ایسے کاموں کے لیے یا تو الگ سافٹ ویئرز انسٹال کیے جاتے ہیں یا پھر ڈاس کمانڈز میں وہ سہولت تلاش کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر:

فولڈر کی مکمل فہرست ٹیکسٹ فائل میں حاصل کرنا

کچھ عرصہ پہلے مجھے اپنی ہارڈ ڈسک پر موجود ایک ویب سائیٹ کے فولڈر کی مکمل فہرست ایک ٹیکسٹ فائل میں چاہیے تھی۔ ونڈوز پر مجھے اس کی سہولت نہیں ملی، چنانچہ ڈاس کی درج ذیل چھوٹی سی کمانڈ سے میرا مسئلہ حل ہوگیا۔

C:\> dir  c:\projects\websites\nice_website  /s  /b  > list.txt

  1. بائیں طرف سے dir اس کمانڈ کا پہلا حصہ ہے جس کا معنی یہ ہے کہ ہمیں فہرست (Directory) درکار ہے۔
  2. دوسرا حصے میں ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ \:C ڈرائیو میں ایک فولڈر projects کے نام سے ہے، اس کے اندر ایک فولڈر websites کے نام سے ہے، اور پھر اس کے اندر nice_website کا فولڈر ہے جس کی فہرست ہمیں چاہیے۔ یعنی ہم dir کمانڈ کو مطلوبہ فولڈر کا ڈسک پر موجود مکمل راستہ (Path) مہیا کر رہے ہیں۔
  3. تیسرا حصہ s/ ہے جس کا معنی ہے کہ جو فولڈر ہم نے بتایا ہے، اس کے اندر کسی بھی لیول پر موجود تمام فولڈرز کی فائلز کی فہرست بھی ہمیں چاہیے۔
  4. چوتھا حصہ b/ کا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں فائلوں کی اضافی معلومات مثلاً‌ فائل کی تاریخ اور سائز وغیرہ کی ضرورت نہیں ہے۔
  5. آخری حصہ list.txt < ہے جو یہ کہہ رہا ہے کہ ہمیں جو فہرست چاہیے وہ اسکرین پر دکھانے کی بجائے اس فائل list.txt کے اندر محفوظ کر دو۔

ڈسک کے تمام فولڈرز اور فائلز کو غیر پوشیدہ کرنا

اسی طرح ایک دفعہ کسی وائرس نے سسٹم کے تمام فولڈرز اور فائلز کو چھپا دیا۔ تب میرے کمپیوٹر پر ونڈوز ایکس پی چل رہی تھی جس پر باوجود کوشش کے میں ان فولڈرز اور فائلز کو بآسانی ظاہر کرنے میں ناکام رہا۔ چنانچہ یہاں بھی ایک چھوٹی سی ڈاس کمانڈ نے میرا یہ مسئلہ حل کر دیا۔

C:\> attrib  -h  /d  /s

  1. پہلا حصہ ڈاس کی کمانڈ attrib کا ہے جس کا معنی ہے کہ فولڈرز یا فائلز پر وہ خصوصیات (Attributes) سیٹ کر دو جو ہم یہاں بتا رہے ہیں۔
  2. دوسرا حصہ h- ہے جو یہ کہہ رہا ہے کہ جو خصوصیت ہم سیٹ کرنا چاہ رہے ہیں وہ غیر پوشیدہ (Unhide) کرنے کی ہے۔
  3. تیسرا حصہ d/ ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ فولڈرز غیر پوشیدہ کردو۔
  4. چوتھا حصہ s/ ہے جس کا معنی یہ ہے کہ ہر لیول پر موجود تمام فولڈرز کی فائلز کو غیر پوشیدہ کرو۔

ایک سے زیادہ فائلوں کے نام بیک وقت تبدیل کرنا

اسی طرح ایک دفعہ میں نے ونڈوز ایکس پی پر چند امیج فائلوں کو Paint پروگرام کی مدد سے PNG فارمیٹ میں تبدیل کیا۔ ہوا یہ کہ اس نے ان فائلوں کی ایکسٹینشن چھوٹے حروف png کی بجائے بڑے حروف PNG سیٹ کر دی۔ اب اگر یہ تصاویر کسی ویب پیج میں استعمال کی جاتیں اور ان کی ایکسٹینشن چھوٹے حروف میں لکھ دی جاتی تو ویب سرور کو یہ تصاویر نہ ملتیں اور نتیجے کے طور پر ویب پیج میں یہ تصاویر شامل نہ ہو سکتیں۔ ونڈوز پر مجھے ان امیج فائلوں کی ایکسٹینشن چھوٹے حروف میں تبدیل کرنے کی سہولت نہیں ملی۔ چنانچہ میں نے ڈاس پرامپٹ پر مطلوبہ فولڈر میں پہنچ درج ذیل کمانڈ استعمال کی جس میرا مسئلہ فورً‌ا حل کر دیا۔

C:\Users\MyName\Desktop\image-folder> rename *.PNG *.png

  1. بائیں طرف سے rename کمانڈ کا پہلا حصہ ہے، جس کا مطلب واضح ہے کہ ہم فائلوں کے نام تبدیل کرنا چاہ رہے ہیں۔
  2. دوسرا حصہ PNG.* ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس فولڈر میں تمام وہ فائلز جن کی ایکسٹینشن PNG ہے، ان کی یہ ایکسٹینشن ہم تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
  3. تیسرا حصہ png.* ہے جس کا مطلب ہے کہ ان فائلوں کا نام تبدیل کر کے نئی ایکسٹینشن png رکھ دی جائے۔

DOS کی طرف سے مہیا کی گئی کمانڈز کی فہرست اور ان کے استعمال کا طریقہ

اگر آپ ڈاس کی طرف سے تمام کمانڈز کی فہرست دیکھنا چاہیں تو درج ذیل کمانڈ استعمال کریں۔

C:\> help | more

صرف help کمانڈ استعمال کرتے ہوئے بھی یہ فہرست حاصل کی جا سکتی ہے لیکن اس سے آپ فہرست کا صرف آخری حصہ دیکھ سکیں گے جبکہ شروع کا حصہ اسکرین کے اوپر گزر جائے گا۔ | یعنی Pipe sign کے بعد more لکھنے سے یہ ہوگا کہ فہرست کا جتنا حصہ ایک صفحہ پر پورا آسکتا ہے، اس کے بعد -- More -- آپشن نظر آئے گا۔ اور پھر کی بورڈ پر Space بٹن دبانے سے اگلا صفحہ اسکرین پر ظاہر ہوگا۔ یوں آپ مرحلہ وار مکمل فہرست دیکھ سکیں گے۔ more | کا آپشن ڈاس کی دیگر کمانڈز مثلاً‌ tree یا dir وغیرہ کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح یہ دیکھنا ہو کہ کوئی خاص کمانڈ کیسے کام کرتی ہے اور اسے استعمال کرنے کا Syntax کیا ہے، اس کے لیے مطلوبہ کمانڈ کے بعد ایک سپیس دیں، پھر فارورڈ سلیش اور سوالیہ نشان اکٹھا درج کریں۔ مثلاً:

C:\>dir /?


یقیناً‌ ڈاس پر مہارت رکھنے والے حضرات اس سے ایسے کام لیتے ہوں گے جن کی سہولت ونڈوز میں نہیں دی گئی۔ ڈاس کے متعلق میرے اس مختصر تذکرے کا مقصد شاید آج سے تئیس چوبیس سال پہلے کے ان دنوں کی یاد تازہ کرنا ہے جب بلیک اینڈ وائیٹ VGA مانیٹر کے ساتھ منسلک میرا 386DX کمپیوٹر سیدھا ڈاس میں بوٹ (Boot) ہوا کرتا تھا اور ونڈوز کے ورژن 3 کو میں کبھی کبھار CorelDraw2 استعمال کرنے کے لیے کھولا کرتا تھا۔

Categories: