ونڈوز پر ڈسک ڈرائیوز کی رفتار ٹیسٹ کریں

جن ڈیوائسز پر کمپیوٹر کی رفتار کا انحصار ہوتا ہے ان میں پروسیسر اور ریم کے علاوہ ڈسک ڈرائیو بھی شامل ہے۔ ڈسک ڈرائیو سے مراد ہر وہ ڈیوائس ہے جس پر ڈیٹا مستقل طور پر محفوظ کیا جا سکتا ہے اور بجلی سے منقطع ہونے کے بعد بھی اس پر یہ ڈیٹا محفوظ رہتا ہے۔ ان میں ہارڈ ڈسک ڈرائیو (HDD)، سالڈ سٹیٹ ڈرائیو (SSD)، یو ایس بی فلیش ڈرائیو (UFD)، کومپیکٹ ڈسک (CD)، ڈیجیٹل ورسٹائل ڈسک (DVD)، بلورے ڈسک (BD)، اور میموری کارڈ وغیرہ شامل ہیں۔

چونکہ ان ڈسک ڈرائیوز کی ٹیکنالوجیز ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور یہ ایک دوسرے سے قدرے مختلف مقاصد کے لیے بنائی جاتی ہیں اس لیے ان کی رفتار میں بھی فرق ہوتا ہے۔ رفتار سے مراد یہ ہے کہ پروسیسر کو ڈسک ڈرائیو سے ڈیٹا پڑھنے یا اس پر ڈیٹا لکھنے کے لیے کتنا وقت درکار ہوتا ہے۔ یعنی پروسیسر جب ریم سے ڈیٹا اٹھا کر ڈسک ڈرائیو کے حوالے کرتا ہے کہ اسے اپنے پاس محفوظ کر لو، تو ڈسک ڈرائیو کتنی دیر میں وہ ڈیٹا محفوظ کر سکتی ہے۔ اس سے آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ کمپیوٹر کا پروسیسر چاہے کتنا ہی تیز کیوں نہ ہو اور اسے کام کے لیے چاہے کتنی ہی زیادہ ریم کیوں نہ دستیاب ہو، لیکن ڈسک ڈرائیو پر ڈیٹا لکھنے اور پڑھنے کے لیے پروسیسر کی رفتار ڈسک ڈرائیو کے تابع ہو جاتی ہے۔ ہاں جب پروسیسر مطلوبہ ڈیٹا ڈسک ڈرائیو سے پڑھ کر ریم کے اندر لوڈ کر لیتا ہے تو پھر ریم کی مقدار اور پروسیسر کی اپنی رفتار کے اعتبار سے وہ تیز کام کر سکتا ہے۔


اس ٹٹوریل میں ہم CrystalDiskMark نامی ایک چھوٹا سا ٹول دیکھیں گے جس کی مدد سے آپ کسی بھی ڈسک ڈرائیو کی رفتار ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق اس لنک سے یہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ دراصل کرسٹل ڈسک مارک کی ویب سائیٹ سے لیا گیا ہے جس پر اس کے مختلف فیچرز کا تعارف کرایا گیا ہے۔ اس میں Test Drive والے مینیو سے آپ وہ ڈسک ڈرائیو منتخب کریں گے جس کی رفتار ٹیسٹ کرنا مقصود ہے۔ Test Size سے مراد یہ ہے کہ کتنا ڈیٹا اس ڈسک ڈرائیو پر لکھ کر یا پڑھ کر اسے ٹیسٹ کیا جائے۔ Number of Test Runs سے مراد یہ ہے کہ کتنی دفعہ یہ ڈیٹا لکھا اور پڑھا جائے تاکہ بہتر سے بہتر نتیجہ حاصل کیا جا سکے۔ Bench Mark والے حصے میں مختلف نوعیت کے ٹیسٹس ہیں، آپ All پر کلک کر کے تمام ٹیسٹ ایک ہی دفعہ کر سکتے ہیں یا پھر ان میں سے الگ الگ ٹیسٹ والے بٹن پر کلک کر کے صرف وہی ٹیسٹ چلا سکتے ہیں۔


(1) درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ٹیسٹ کا ڈیٹا سائز اور ٹیسٹوں کی تعداد دونوں کم رکھے گئے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ یو ایس بی 2 فلیش ڈرائیو کا ٹیسٹ ہے جس کی رفتار کم ہوتی ہے، اس کے مقابلے میں یو ایس بی 3 فلیش ڈرائیو کی رفتار بہت زیادہ ہوتی ہے اس پر ڈیٹا سائز اور ٹیسٹوں کی تعداد زیادہ رکھی جا سکتی ہے۔

(2) جب یہ ٹیسٹس چل رہے ہوں گے تو ونڈو کی ٹائٹل بار پر اس ٹیسٹ کی ٹائپ دکھائی جا رہی ہوگی۔ Sequential کا مطلب ہے کہ ڈسک ڈرائیو پر ڈیٹا ایک ہی جگہ سے مسلسل پڑھا یا ایک ہی جگہ پر مسلسل لکھا جائے۔ اس کے مقابلے میں Random کا مطلب ہے کہ ڈسک کے مختلف حصوں پر ڈیٹا پڑھا اور لکھا جائے۔ اس کی مثال ایسے ہے جیسے آپ کی پوری فیملی کو جہاز میں اکٹھی سیٹیں مل جائیں، یا پھر مختلف جگہوں پر سیٹیں ملیں۔ سیٹیں اکٹھی ہونے پر ظاہر ہے کہ آپ کا آپس میں رابطہ تیز رفتار ہوگا، جبکہ مختلف جگہوں پر سیٹیں ہونے کی وجہ سے رابطہ سست رفتار ہو جائے گا۔


ٹیسٹ کا جو نتیجہ آئے اسے آپ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ٹیکسٹ فائل میں محفوظ کر سکتے ہیں۔

Categories: