گمپ میں مصروف سرگرمی کی جف اینیمیشن بنائیں

اب ملٹی میڈیا کے حوالے سے ویب نے بہت ترقی کر لی ہے اس لیے GIF اینی میشنز کا استعمال کہیں کہیں نظر آتا ہے۔ ویب ایپلی کیشنز میں آپ اکثر چھوٹا سا گھومتا ہوا دائرہ دیکھتے ہیں۔ گھومتے ہوئے دائرے کی یہ اینی میشن تب ظاہر ہوتی ہے جب آپ کسی بٹن یا لنک پر کلک کرتے ہیں۔ اس کا مقصد یہ بتانا ہوتا ہے کہ آپ کی دی گئی ہدایت پر کام جاری ہے، نتیجے کا انتظار کریں۔

اینی میشن کیسے بنائی جاتی ہے؟ اس کا طریقہ واضح کرنے کے لیے اس ٹٹوریل میں ایک سادہ سی اینی میشن بنائی گئی ہے۔ اینی میشن دراصل مختلف تصاویر کو ایک ترتیب سے دکھاتی ہے، جس سے دیکھنے والے کے لیے یہ ایک ویڈیو کا تاثر پیدا کرتی ہے۔ اینی میشن کی ہر تصویر کے لیے آپ اپنی مرضی کا وقت مقرر کر سکتے ہیں۔ یعنی یہ بتایا جا سکتا ہے کہ جب یہ اینی میشن چلے تو اس میں موجود کونسی تصویر اسکرین پر کتنی دیر نظر آنی چاہیے۔ آئیں اینی میشن بنانے کا یہ عمل دیکھتے ہیں۔

GIMP کی مدد سے جو اینی میشن ہم بنائیں گے، وہ درج ذیل ہے۔

مصروف سرگرمی کی جف اینی میشن


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ کچھ تصاویر دیکھ رہے ہیں جو میں نے ونڈوز کے Paint پروگرام میں تیار کی ہیں۔ یہ تصاویر میں نے اس طرح تیار کی ہیں کہ پہلے نیلے رنگ کا ایک گول دائرہ بنایا ہے۔ پھر میں اس دائرے میں تھوڑے تھوڑے فاصلے پر سفید نشان لگاتا گیا ہوں اور تصویر کو نئے نام کے ساتھ محفوظ کرتا گیا ہوں۔ یعنی ایک جگہ سفید نشان لگا کر فائل محفوظ کی، پھر Undo کی مدد سے وہ نشان مٹایا، اور اس سے آگے کچھ فاصلے پر نشان لگایا، اور پھر اس تصویر کو نئے نام کے ساتھ محفوظ کیا۔ اس ترتیب سے 9 تصاویر اینی میشن بنانے کے لیے تیار کی گئیں۔

اینی میشن کےلیے ونڈوز کے پینٹ پروگرام میں بنائی گئی تصاویر


GIMP پروگرام میں فائل مینیو کھول کر Open as Layers آپشن منتخب کریں۔ اس آپشن کا فائدہ یہ ہے کہ تمام تصاویر براہ راست Layers پر آجائیں گی۔

گمپ پروگرام میں اوپن اس لیئرز آپشن کی مدد سے اینی میشن کی تمام تصاویر امپورٹ کریں


ڈائیلاگ باکس میں Ctrl+A کی مدد سے تمام فائلز سلیکٹ کریں اور پھر Open پر کلک کر دیں۔

ڈائیلاگ باکس میں تمام تصاویر سلیکٹ کر کے اوپن بٹن پر کلک کریں


درج ذیل Layers پینل میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ تمام تصاویر مختلف لیئرز پر موجود ہیں۔ ان Layers کو اینی میشن کے Frames سمجھا جا سکتا ہے۔ اینی میشن کی جس تصویر کو آپ جتنا وقت دینا چاہیں اس کے لیے ملی سیکنڈز میں ٹائم مقرر کریں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں ایک تصویر کے لیے 100 ملی سیکنڈز کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اگر آپ تمام تصاویر کا وقت ایک جیسا ہی رکھنا چاہیں تو پھر یہاں یہ وقت مقرر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ اینی میشن بطور GIF محفوظ کرتے وقت جو ڈائیلاگ باکس سامنے آتا ہے اس میں تمام تصاویر کا ایک جیسا وقت مقرر کرنے کا آپشن موجود ہے۔

فریم کا وقت مقرر کرنے کے لیے لیئر کے نام میں بریکٹس کے اندر وقت مہیا کریں


اینی میشن کی فائل بنانے سے پہلے اسے ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے Filters مینیو کھولیں، پھر اس میں سے Animations مینیو کھولیں، اور پھر اس میں سے Playback ونڈو کھولیں۔

اینی میشن ٹیسٹ کرنے کے لیے فلٹرز مینیو میں سے پلے بیک ڈائیلاگ باکس کھولیں


اس ونڈو میں Play بٹن پر کلک کر کے اینی میشن ٹیسٹ کی جا سکتی ہے۔

پلے بیک ڈائیلاگ باکس کی مدد سے اینی میشن ٹیسٹ کریں


اینی میشن کی GIF فائل بنانے سے پہلے اسے Optimize کرنا ضروری ہے، ورنہ اس فائل کا سائز بہت بڑا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے Filters مینیو میں سے Animations مینیو کھولیں، پھر اس میں سے Optimize for GIF آپشن منتخب کریں۔ اس سے یہ ہوگا کہ تھوڑی سی پراسیسنگ کے بعد یہ اینی میشن ایک بالکل نئی ونڈو میں کھلے گی۔

اینی میشن آپٹیمائز کرنے کے لیے فلٹرز مینیو میں سے آپٹیمائز جف آپشن منتخب کریں


اس نئی کھلنے والی ونڈو کے فائل مینیو میں سے Export As آپشن منتخب کریں۔

فائل مینیو میں سے ایکسپورٹ ڈائیلاگ باکس کھولیں


Export Image ڈائیلاگ باکس میں اینی میشن فائل کا نام فراہم کریں۔ فائل کے آخر میں gif. ایکسٹینشن ضرور مہیا کریں، ورنہ اینی میشن کا ڈائیلاگ باکس ظاہر نہیں ہوگا۔

ایکسپورٹ ڈائیلاگ باکس میں جف اینی میشن فائل کا نام مہیا کریں


درج ذیل ڈائیلاگ باکس میں As animation چیک باکس منتخب کریں۔ اس کے نیچے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ جن فریمز کا وقت آپ نے لیئرز پر مقرر نہیں کیا، ان تمام فریمز کا یکساں وقت یہاں مقرر کیا جا سکتا ہے۔

اینی میشن ڈائیلاگ باکس میں اینی میشن کا چیک باکس منتخب کریں


ویب پیج میں یہ اینی میشن کیسے نظر آئے گی، اس کے لیے اینی میشن فائل براؤزر میں کھول کر دیکھیں۔

اینی میشن براؤزر میں کھول کر ٹیسٹ کریں

Categories: