ویڈیو میں سے کوئی خاص منظر الگ کریں

سمارٹ ڈیوائسز کے اس دور میں تصاویر اور ویڈیوز کی بہتات ہوگئی ہے۔ لوگ اپنے سمارٹ فونز کے ذریعے گھریلو، کاروباری اور تفریحی ویڈیوز ریکارڈ کرتے رہتے ہیں۔ ایسی ویڈیوز چونکہ پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ نہیں بنائی گئی ہوتیں، اس لیے ان کے کافی حصے غیر ضروری اور وقت کا ضیاع ثابت ہوتے ہیں۔ چنانچہ ان ویڈیوز میں سے اہم اور ضروری حصے حاصل کرنے کے لیے Windows Movie Maker سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں کسی ویڈیو میں سے کوئی خاص منظر الگ کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ نے ونڈوز ٹین میں یہ سافٹ ویئر شامل نہیں کیا، لیکن اگر آپ اسے انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے ونڈوز ٹین پر انسٹال کر لیں تو یہ کام کرتا ہے۔


ونڈوز مووی میکر چلائیں، اور پھر Add videos آپشن پر کلک کر کے مطلوبہ ویڈیو کھولیں۔

ونڈوز مووی میکر چلائیں اور پھر ایڈ ویڈیو آپشن کی مدد سے مطلوبہ ویڈیو کھولیں


Edit ٹیب میں آجائیں، اور پھر Trim tool آپشن پر کلک کریں۔

ایڈٹ ٹیب میں آکر ٹرم ٹول آپشن پر کلک کریں


اس اسکرین پر ویڈیو کا مطلوبہ حاصل کرنے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا یہ کہ ویڈیو کے نیچے موجود سلائیڈر پر نشانات کو منظر کے آغاز اور اختتام پر سیٹ کریں۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اوپر پراپرٹی بار پر موجود خانوں کی مدد سے بتائیں کہ مطلوبہ منظر کس وقت سے شروع ہو رہا ہے اور کس وقت پر ختم ہو رہا ہے۔ جب یہ سیٹ ہو جائے تو Save trim آپشن پر کلک کر دیں جس سے مطلوبہ منظر کے علاوہ ویڈیو کا حصہ غائب ہو جائے گا۔

سلائیڈر پر منظر کا آغاز اور اختتام بتائیں اور سیو ٹرم آپشن پر کلک کریں


منظر کو محفوظ کرنے کے لیے ونڈوز مووی میکر کے مرکزی مینیو میں سے Save movie مینیو کھولیں اور پھر حسب ضرورت ویڈیو کو کسی خاص فارمیٹ میں محفوظ کرلیں۔ یہ خیال رکھیں کہ ویڈیو کو اس کے اصل فارمیٹ سے بہتر فارمیٹ میں محفوظ نہ کریں۔

مین مینیو میں سے سیو مووی مینیو کھولیں، اور پھر ویڈیو کو مطلوبہ فارمیٹ میں محفوظ کر لیں


میرے پاس ونڈوز سیون ہے جس کی انسٹالیشن میں ونڈوز مووی میکر سافٹ ویئر شامل ہے۔ لیکن وقت کے ساتھ مائیکرو سافٹ نے اس سافٹ ویئر کو کافی بہتر بنایا ہے اور اس میں مزید فیچرز شامل کیے ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو ونڈوز مووی میکر کا نیا ورژن ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر سکتے ہیں۔ اس میں دیگر نئے فیچرز کے علاوہ ویڈیو کو مختلف فارمیٹس میں محفوظ کرنے کے آپشنز بھی شامل کیے گئے ہیں، جیسا کہ آپ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھ سکتے ہیں۔

ویڈیوز کے مزید فیچرز حاصل کرنے کے لیے ونڈوز مووی میکر کا نیا ورژن انسٹال کریں