خوش قسمتی سے پاکستان کا جھنڈا بہت سادہ ہے اور اسے تیار کرنا بھی آسان ہے، ورنہ بعض ممالک کے جھنڈے ایسے ہیں کہ انہیں لہراتا دیکھ کر دیکھنے والے کا سر بھی لہرانے لگتا ہے۔ میرے خیال میں دنیا میں سب سے سادہ اور آسان جھنڈا جاپان کا ہے جو کہ جاپانیوں کی جسامت کی طرح مختصر سا ہے۔ سفید زمین پر سرخ دائرہ ، بس یہ جاپان کا جھنڈا ہے۔ بنگلہ دیش کا جھنڈا بھی جاپان کے جھنڈے جیسا ہے جس میں سبز زمین پر سرخ دائرہ ہے۔ اسی طرح صومالیہ اور ویت نام کے جھنڈے بھی سادہ ہیں۔ صومالیہ کے جھنڈے کی زمین نیلی اور اس کے اوپر سفید ستارہ ہے جبکہ ویت نام کے جھنڈے کی زمین سرخ ہے جس کے اوپر سنہری یا زرد رنگ کا ستارہ ہے۔ پاکستان کا جھنڈا جن ممالک کے جھنڈوں کے مشابہ ہے ان میں الجزائر، ترکی اور موریتانیہ شامل ہیں۔ خیر اس وقت ہمارے پیش نظر پاکستان کا جھنڈا ہے جسے ہم کورل ڈرا میں ڈیزائن کرنے کی کوشش کریں گے۔
1- پیمائش کا یونٹ منتخب کریں
اگر آپ یہ جھنڈا پرنٹ کرنے کے لیے بنانا چاہتے ہیں تو درج ذیل تصویر کے مطابق حسب ضرورت Millimeters یا Inches میں سے ایک آپشن کا انتخاب کر لیں۔ اور اگر اسکرین کے لیے بنانا چاہتے ہیں تو Pixels کا آپشن منتخب کر لیں۔
2- قابل طباعت حصہ قریب لائیں
Zoom ٹول کی مدد سے صفحہ کا وہ حصہ سلیکٹ کریں جو آپ اسکرین پر قریب لانا چاہتے ہیں۔
3- جھنڈے کے لیے دو ڈبے اور دو دائرے بنائیں
- Rectangle ٹول کی مدد سے 2 ڈبے اسکرین پر ڈرا کریں۔
- Ellipse ٹول کی مدد سے 2 دائرے اسکرین پر ڈرا کریں۔
- اس ٹٹوریل میں ہمیں متناسب سائز (Proportional Scaling) نہیں چاہیے اس لیے یہ آپشن غیر منتخب کر دیں۔
- ان ڈبوں اور دائروں کا سائز بالکل اپنی مرضی کے مطابق کرنے کے لیے آپ Width اور Height کے خانوں میں اپنی مرضی کے نمبر لکھ سکتے ہیں۔
4- رنگ بھریں
- بڑے ڈبے کو ماؤس کی مدد سے سلیکٹ کر کے اس کے اندر Color Palette سے سبز رنگ بھریں۔
- چھوٹے ڈبے کو ماؤس کی مدد سے سلیکٹ کر کے اس کے اندر Color Palette سے سفید رنگ بھریں۔
5- چاند تیار کریں
- چھوٹے دائرے کو ماؤس کی مدد سے بڑے دائرے کے اوپر رکھیں۔
- پہلے چھوٹے دائرے کو سلیکٹ کریں اور پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر ماؤس کے ساتھ بڑے دائرے کو سلیکٹ کریں۔
- جب دونوں دائرے سلیکٹ ہو جائیں تو پراپرٹی بار پر Trim کے آپشن پر کلک کریں۔
- اب چھوٹے دائرے کو Delete کر دیں۔
- ہمارا چاند تیار ہے۔
6- ستارہ بنائیں
- Star ٹول کی مدد سے ایک مناسب سائز کا ستارہ ڈرا کریں۔
- چاند اور ستارہ دونوں میں سفید رنگ بھریں۔
7- جھنڈا تیار ہے
اب Pick ٹول منتخب کریں اور ماؤس کی مدد سے چاند اور ستارہ دونوں کو اٹھا کر سبز ڈبے کے اوپر رکھ دیں۔ لیجئے! پاکستان کا جھنڈا تیار ہے۔
8- چاند اور ستارہ کو جھنڈے کے اوپر لائیں
اگر آپ نے شروع میں سب سے پہلے دائرے اور پھر اس کے بعد ڈبے اسکرین پر ڈرا کیے تھے تو پھر چاند اور ستارہ آپ کو اسکرین پر درج ذیل تصویر کی طرح نظر آئیں گے۔ ایسی صورت میں تصویر میں دکھائے گئے مینیو آپشن کی مدد سے آپ چاند اور ستارہ دونوں کو ڈبے کے اوپر لا سکتے ہیں۔
Modified: Thu, 02/01/2018 - 15:04