ایچ ٹی ایم ایل ٹیبل کے اضافی کالمز سے چھٹکارہ حاصل کریں

گزشتہ دنوں ایک کلائنٹ کی طرف سے مجھے ای میل موصول ہوئی کہ ان کی ایپلی کیشن کے ریزرویشن فارم میں جو ایئر لائنز کا ڈراپ ڈاؤن مینیو ہے، وہ ان کی ضرورت پوری نہیں کر رہا۔ چنانچہ انہوں نے ایک ویب پیج کا لنک بھیجا کہ اس پر موجود ایئر لائنز کی فہرست ہمیں اپنے ریزرویشن فارم کے ڈراپ ڈاؤن میں چاہیے۔ اب مسئلہ یہ تھا کہ اس ویب پیج پر ایئر لائنز کی یہ فہرست ایک HTML ٹیبل کی شکل میں تھی جس میں دیگر غیر ضروری کالمز بھی موجود تھے۔ اس کا بظاہر حل یہ تھا کہ میں ایئر لائنز کے کالم سے ایک ایک کر کے ویلیوز کاپی کرتا اور انہیں ڈراپ ڈاؤن مینیو کے آپشنز کی شکل دیتا۔ لیکن ایسا کرنے کا مطلب یہ تھا کہ میں دو گھنٹے اسی کام پر لگا دیتا، کیونکہ یہ ویلیوز تقریباً‌ اڑھائی سو کے لگ بھگ تھیں۔

چنانچہ اس کا حل میں نے یہ کیا کہ ویب پیج سے مکمل ٹیبل کاپی کر کے ورڈ پراسیسنگ سافٹ ویئر میں پیسٹ کیا۔ وہاں سے ٹیبل کا مطلوبہ کالم سلیکٹ کر کے کاپی کیا، اور پھر نوٹ پیڈ میں اس کالم کو پیسٹ کر دیا۔ نوٹ پیڈ میں پیسٹ کرنے کا فائدہ یہ ہوا کہ بغیر کسی فارمیٹنگ کے مجھے مطلوبہ کالم کی صرف ویلیوز مل گئیں۔ اس کے بعد میں نے نوٹ پیڈ کا Macro فیچر استعمال کرتے ہوئے چند منٹ میں ان تمام ویلیوز کو ڈراپ ڈاؤن مینیو کی شکل دے دی۔ آئیں یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں:


کسی ویب پیج کا مطلوبہ حصہ عام طور پر ماؤس کے ساتھ ڈریگ کر کے سلیکٹ کیا جاتا ہے۔ اس کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ مطلوبہ حصے کے شروع میں کلک کریں۔ پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر اس حصے کے آخر میں کلک کریں۔ اس طرح سے ویب پیج کا یہ حصہ سلیکٹ ہو جائے گا۔ پھر Ctrl + c استعمال کرتے ہوئے اسے کاپی کیا جا سکتا ہے۔

ویب پیج میں سے مطلوبہ ایچ ٹی ایم ایل ٹیبل کاپی کریں


ورڈ پراسیسنگ سافٹ ویئرز میں یہ سہولت موجود ہوتی ہے کہ ٹیبل کے کسی ایک کالم کو سلیکٹ کیا جا سکتا ہے۔ میں نے اس کام کے لیے اوپن آفس رائٹر استعمال کیا ہے، اگر آپ کے پاس مائیکرو سافٹ ورڈ ہے تو آپ اسے اس مقصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. ورڈ پراسیسر کی ڈاکومنٹ میں یہ ٹیبل پیسٹ کریں۔
  2. ٹیبل کے کسی بھی کالم سے کچھ اوپر ماؤس کا پوائنٹر لے جانے سے ایک چھوٹا سا تیر کا نشان ظاہر ہوجاتا ہے۔ اب اگر ماؤس کی مدد سے کلک کیا جائے تو مکمل کالم سلیکٹ ہو جاتا ہے۔
  3. اس کے بعد سلیکٹ کیا گیا کالم کاپی کر لیں۔

ورڈ پراسیسنگ سافٹ ویئر کی مدد سے ٹیبل کا مطلوبہ کالم کاپی کریں


  1. درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاپی کیا گیا یہ کالم نوٹ پیڈ میں پیسٹ کیا گیا ہے۔ نوٹ پیڈ میں پیسٹ کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ بغیر فارمیٹنگ کے صرف اس کالم کی ویلیوز پیسٹ ہوئی ہیں۔ اور ہمیں ڈراپ ڈاؤن مینیو بنانے کے لیے یہی ویلیوز درکار ہیں۔
  2. اگر آپ کوڈنگ کے لیے نوٹ پیڈ ++ استعمال کرتے ہیں تو پھر اس کے Macro فیچر کی مدد سے ان ویلیوز کو بہت جلدی سے ڈراپ ڈاؤن مینیو کے آپشنز میں بدلا جا سکتا ہے۔

کاپی کیا گیا کالم نوٹ پیڈ میں پیسٹ کریں


آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ select ٹیگ میں size ایٹری بیوٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اس لیے کہ اڑھائی سو کے قریب ویلیوز کو ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے سلیکٹ کرنا مشکل کام ہے۔ اس لیے سائز ایٹری بیوٹ کی مدد سے اسے مینیو کی بجائے لسٹ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ اگر کسی لسٹ میں بہت زیادہ ویلیوز موجود ہوں تو ان میں سے مطلوبہ ویلیو منتخب کرنے کا ایک آسان طریقہ موجود ہے جو کہ عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ وہ یہ کہ لسٹ پر کلک کریں، پھر کی بورڈ پر اس حرف کا بٹن دبائیں جس سے آپ کی مطلوبہ ویلیو کا نام شروع ہو رہا ہے۔ ایسا کرنے سے کرسر اس حرف سے شروع ہونے والی پہلی ویلیو پر پہنچ جاتا ہے، اس طرح سے مطلوبہ ویلیو تک جلد پہنچا جا سکتا ہے۔

درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لسٹ میں سے مطلوبہ ویلیو آسانی کے ساتھ منتخب کی جا سکتی ہے۔ جبکہ ڈراپ ڈاؤن مینیو کو پہلے کھولنا پڑتا ہے، پھر اس میں سے ویلیو تلاش کرنی پڑتی ہے، اور پھر یہ خیال رکھنا پڑتا ہے کہ ویلیو منتخب کرنے سے پہلے کہیں مینیو بند نہ ہو جائے۔ البتہ کم ویلیوز کی صورت میں ڈراپ ڈاؤن مینیو ہی بہتر رہتا ہے کیونکہ وہ صفحہ پر کم جگہ لیتا ہے۔

ایچ ٹی ایم ایل ڈراپ ڈاؤن مینیو اور لسٹ کا موازنہ