کورل ڈرا میں مونوگرام کیلئے روشنی کی کرنیں بنائیں

آپ نے پرانی طرز کے ایسے مونو گرام وغیرہ دیکھے ہوں گے جن میں چراغ یا سورج کے اوپر روشنی دکھانے کے لیے گولائی میں لکیریں استعمال کی گئی ہوتی ہیں۔ ہاتھ کے ساتھ کام کرنے والے کاتب اور خطاط حضرات شاید اب بھی مخصوص زاویوں پر لکیریں کھینچنے کے لیے اپنے پاس جیومیٹری کے مختلف اوزار رکھتے ہیں۔کمپیوٹر سافٹ ویئرز نے جہاں زندگی کے دیگر شعبہ جات کے کاموں کو سہل کر دیا ہے، وہاں ڈرائنگ کے کاموں کو بھی بہت آسان بنا دیا ہے۔ اس ٹٹوریل میں ہم Pipe sign کی مدد سے ایسی لکیریں تیار کریں گے جو مونوگرام وغیرہ کے اوپر روشنی کی کرنوں کے طور پر استعمال کی جا سکیں۔ آئیں مرحلہ وار یہ عمل دیکھتے ہیں:



بائیں طرف ٹول بار سے Text ٹول منتخب کر کے دو Pipe sign لکھیں۔ یہ سائن عموماً‌ بیک ورڈ سلیش کے ساتھ ہوتا ہے اور Shift بٹن کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ پائپ سائنز کے لیے Arial فونٹ منتخب کریں اور سائز 12 مقرر کریں۔ روشنی کی کرنیں تیار ہو جانے کے بعد ان کا سائز با آسانی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

کورل ڈرا کا ٹیکسٹ ٹول منتخب کریں اور دو پائپ سائن لکھیں


اب دونوں میں سے ایک پائپ سائن سلیکٹ کریں، اور اس کے لیے Arial Narrowفونٹ منتخب کریں، جبکہ اس کا سائز 15 مقرر کریں۔ ایسا ہم اس لیے کر رہے ہیں تاکہ ایک پائپ سائن کی اونچائی دوسرے سے زیادہ ہو، جبکہ ان دونوں کی موٹائی ایک جیسی ہو۔

ایک پائپ سائن کو سلیکٹ کر کے اس کے لیے ایریل نیرو فونٹ منتخب کریں اور اس کا سائز پندرہ مقرر کریں


  1. دونوں پائپ سائنز کو سلیکٹ کر کے Copy-Paste کی مدد سے ان کی مزید نقلیں بنا لیں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
  2. ٹول بار سے Ellipse ٹول منتخب کریں۔ اب کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھیں، اور پھر ماؤس کی مدد سے ایک گول دائرہ بنا لیں۔ شفٹ بٹن دبا کر رکھنے سے دائرہ بالکل گول بنتا ہے، یعنی اس کی اونچائی اور چوڑائی ایک جیسی ہوتی ہے۔

دونوں پائپ سائنوں کو سلیکٹ کر کے ان کی حسب ضرورت مزید نقلیں بنا لیں


  1. ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔
  2. پہلے ماؤس کے ساتھ کلک کر کے پائپ سائنز سلیکٹ کریں۔
  3. پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھیں، اور ماؤس کے ساتھ کلک کر کے دائرہ سلیکٹ کریں۔ یوں پائپ سائنز اور دائرہ دونوں سلیکٹ ہو جائیں گے۔
  4. اب Text مینیو میں سے Fit Text To Path آپشن منتخب کریں۔ ایسا کرنے سے یہ ہوگا کہ دائرے کے اوپر والے حصے میں پائپ سائنز گولائی کی شکل میں آجائیں گے۔

ایک گول دائرہ بنائیں۔ پھر پائپ سانوں اور دائرہ دونوں کو سلیکٹ کر کے ان پر فٹ ٹیکسٹ ٹو پاتھ آپشن اپلائی کریں


اب Arrange مینیو میں سے Break Text Apart آپشن منتخب کریں۔ اس سے یہ ہوگا کہ پائپ سائنز اور دائرہ دونوں ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں گے ۔ اس کے بعد ماؤس کے ساتھ صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں جس سے دونوں آبجیکٹس کی سلیکشن ختم ہو جائے گی۔ اب چونکہ ہمیں دائرے کی ضرورت نہیں رہی، اس لیے دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں، اور پھر ڈیلیٹ کر دیں۔

روشنی کی کرنیں تیار ہیں، انہیں مونو گرام وغیرہ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ارینج مینیو میں موجود بریک ٹیکسٹ اپارٹ آپشن کی مدد سے پائپ سائنز کو دائرے سے الگ کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میں نے ان پیج کا Akram فونٹ استعمال کرتے ہوئے ایک عارضی مونوگرام تیار کیا ہے، اور اس پر روشنی کی یہ کرنیں استعمال کی ہیں۔ یہ کرنیں بہتر بنانے کے لیے آپ مزید کام یہ کر سکتے ہیں کہ:

  1. کرنوں کی تعداد اتنی رکھیں جتنی آپ کے مونو گرام کے ساتھ مناسب نظر آتی ہوں۔
  2. دائرہ بناتے وقت Shift بٹن نہ استعمال کریں، یوں آپ دائرے کی گولائی اپنے مونو گرام کی ضرورت کے مطابق سیٹ کر سکیں گے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ روشنی کی کرنوں کی گولائی بھی اس دائرے کے مطابق ہوگی۔
  3. اگر Arial فونٹ کا پائپ سائن آپ کو پسند نہ آئے تو پھر دوسرے کسی فونٹ کا پائپ سائن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

پائپ سائنز کی مدد سے روشنی کی کرنیں تیار ہیں۔ انہیں حسب ضرورت مونوگرام وغیرہ پر استعمال کریں