3D نقشہ نویسی اور آلات سازی کے لیے اسکیچ اپ ایک معروف سافٹ ویئر ہے جس کا مفت ورژن SketchUp Make کے نام سے دستیاب ہے۔ اسکیچ اپ کا استعمال بہت آسان ہے اور اس کی مدد سے عمارتوں، آلات اور فرنیچر وغیرہ کے اسکیچز بہت کم وقت میں تیار کیے جا سکتے ہیں۔ اس ٹٹوریل میں اسکیچ اپ کے زیادہ استعمال ہونے والے چند ٹولز کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ مثلاً Push/Pull ٹول جس کی مد سے 2D آبجیکٹ کو 3D آبجیکٹ کی شکل دی جا سکتی ہے۔ Orbit ٹول جسے استعمال کرتے ہوئے بنائے گئے اسکیچز کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے، وغیرہ۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق filehippo.com یا اس جیسی کسی دوسری ویب سائیٹ سے اسکیچ اپ میک کا تازہ ورژن ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔ اسے آپ sketchup.com سے بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو معلومات کا فارم بھرنا پڑے گا۔
انسٹالیشن کے بعد اسکیچ اپ چلائیں اور پھر ٹیمپلیٹس میں سے بنیادی ٹیمپلیٹ منتخب کر کے نئی فائل کھولیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- نئی فائل کھلنے پر کونے میں جو آدمی کھڑا دکھایا جاتا ہے اس کی موجودگی میں آپ کو اپنے اسکیچ کے سائز کا اندازہ رہتا ہے۔ لیکن اگر آپ چاہیں تو ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کر کے اس آدمی پر کلک کریں اور کی بورڈ پر ڈیلیٹ بٹن دبا دیں۔
- ٹول بار سے Rectangle ٹول منتخب کریں۔
- اب کونے پر کلک کریں اور پھر دائیں جانب ماؤس ڈریگ کر کے ایک باکس بنائیں۔
- باکس بنانے کے فورًا بعد کی بورڈ پر اس کا سائز ٹائپ کریں۔ یہ سائز آپ کو دائیں طرف نیچے اسٹیٹس بار پر نظر آئے گا۔ فٹ کے لیے سنگل کوٹ، جبکہ انچ کے لیے ڈبل کوٹس کا نشان استعمال کریں۔ لیکن یہ خیال رکھیں کہ سائز ٹائپ کرنے کے لیے باکس کے اوپر کلک نہ کریں۔
ٹول بار سے Push/Pull ٹول منتخب کریں، اور پھر ماؤس کے ساتھ باکس کو اوپر کی طرف کھینچیں۔ ایسا کرنے سے باکس ایک سہ جہتی کمرے کی شکل اختیار کر لے گا۔ باکس کو اوپر کھینچنے کے فورًا بعد کی بورڈ پر اس کی اونچائی ٹائپ کریں۔
اسی طرح دیوار کے سامنے Rectangle ٹول کی مدد سے باکس بنائیں اور پھر Push/Pull ٹول کی مدد سے اسے کچھ اوپر کھینچیں جس سے یہ باکس ایک سیڑھی کی شکل اختیار کر لے گا۔ اسی طریقے سے بڑی سیڑھی کے اوپر ایک چھوٹی سیڑھی بنائیں۔
- ایک بار پھر Rectangle ٹول کی مدد سے سیڑھیوں کے اوپر دیوار پر ایک باکس بنائیں۔
- پھر Push/Pull ٹول کی مدد سے اس باکس کو اندر کی طرف دھکیلیں تاکہ یہ دروازے کی شکل اختیار کر لے۔
- اب Paint Bucket ٹول پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں، اور پھر اس میں سے حسب ضرورت مٹیریل منتخب کر کے دروازے پر کلک کر دیں۔ اس ٹول کی مدد سے آپ کسی بھی دیوار کا میٹیریل تبدیل کر سکتے ہیں۔ خصوصاً کمرے کی اندرونی حصوں کے لیے یہ ٹول کافی کار آمد ہے۔
- Orbit ٹول کی مدد سے اسکیچ کو مختلف زاویوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اس مقصد کے لیے ٹول بار سے یہ ٹول منتخب کرنے کی بجائے ماؤس کا وہیل بٹن دبا کر رکھیں اور ماؤس کو ڈریگ کریں۔
- Zoom ٹول کی مدد سے اسکیچ کو قریب یا دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے ماؤس کے وہیل بٹن کا استعمال بہتر ہے۔ وہیل آگے کی طرف گھمانے سے زوم ان اور پیچھے کی طرف گھمانے سے زوم آؤٹ کیا جا سکتا ہے۔
- اگر اسکیچ کا کچھ حصہ اسکرین سے باہر ہو تو Pan ٹول استعمال کرتے ہوئے اسے ڈریگ کر کے سامنے لایا جا سکتا ہے۔ اس کا شارٹ کٹ H ہے۔
کمرے کے اندر والا حصہ دکھانے کے لیے دیوار پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر Hide آپشن پر کلک کر دیں۔ آپ حسب ضرورت کمرے کی چھت یا سامنے والی دیوار بھی اسی طریقے سے غائب کر سکتے ہیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ کمرے کا اندرونی منظر دیکھ رہے ہیں۔ کمرے کے اندر فرنیچر وغیرہ رکھنے کے لیے Windows مینیو میں سے Components آپشن پر کلک کریں۔ ایسا کرنے سے ایک ڈائیلاگ باکس کھلے گا جو آپ کو انٹرنیٹ سے بنے بنائے اسکیچز تلاش کرنے میں مدد دے گا۔
- ڈائیلاگ باکس میں موجود سرچ فیلڈ میں مطلوبہ چیز کا نام لکھ کر کی بورڈ پر Enter بٹن دبائیں۔
- جب فہرست ظاہر ہو جائے تو اس میں سے اپنی مرضی کے اسکیچ پر کلک کریں۔
- اب ماؤس کے ساتھ اس آبجیکٹ کو اسکیچ میں اپنی مرضی کی جگہ پر رکھ کر کلک کر کے چھوڑ دیں۔
- ڈاؤن لوڈ کیے گئے آبجیکٹ کی جگہ یا زاویہ تبدیل کرنے کے لیے ٹول بار پر موجود Move ٹول استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آبجیکٹ کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے اسے ڈریگ کریں۔ آبجیکٹ کا زاویہ اوپر سے نیچے کے رخ پر تبدیل کرنے کے لیے پہلے Orbit ٹول کی مدد سے آبجیکٹ کو سامنے سے دیکھیں۔ جبکہ آبجیکٹ کا زاویہ دائیں سے بائیں کے رخ پر تبدیل کرنے کے لیے Orbit ٹول کی مدد سے پہلے آبجیکٹ کو اوپر سے دیکھیں۔
- آبجیکٹ کا سائز تبدیل کرنے کے لیے ٹول بار پر موجود Scale ٹول استعمال کیا جا سکتا ہے۔
جب کمرے کے اندرونی حصے کا کام مکمل ہو جائے تو View مینیو میں سے Hidden Geometry آپشن پر کلک کریں۔ ایسا کرنے سے وہ حصے ظاہر ہو جائیں گے جو اسکرین سے غائب کیے گئے تھے۔ اب ان حصوں پر رائٹ کلک کر کے Unhide کر لیں۔
Modified: Sat, 02/10/2018 - 18:30