ویب سائیٹ کو بیک اپ اور ری سٹور کریں

اگر آپ نے اپنی ویب سائیٹ کسی معیاری ہوسٹنگ کمپنی کے پاس ہوسٹ کی ہے تو پھر زیادہ فکر کی بات نہیں ہے۔ اس لیے کہ اچھی ہوسٹنگ کمپنیوں نے اپنے صارفین کے اکاؤنٹس اور ان کے تحت ہوسٹ کی جانے والی ویب سائیٹس کی حفاظت کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے ہوتے ہیں۔ چونکہ ہارڈویئر کے کریش ہونے کا احتمال ہر وقت موجود رہتا ہے، اس لیے ہوسٹنگ کمپنیاں صرف زیر استعمال سسٹم پر انحصار نہیں کرتیں بلکہ ہر وقت بیک اپ سسٹم بھی دستیاب رکھتی ہیں تاکہ کسی سرور یا ہارڈ ڈسک کے کریش ہونے کی صورت میں صارفین کی ویب سائیٹس ضائع نہ ہو جائیں۔ لیکن کبھی کبھار یوں ہوتا ہے کہ ڈیویلپر کی اپنی غلطی سے ویب سائیٹ کی کوئی اہم فائل یا ڈیٹابیس کا کوئی اہم حصہ ڈیلیٹ ہو جاتا ہے۔ اب ظاہر ہے کہ ایسی غلطی کی ذمہ دار ہوسٹنگ کمپنی نہیں ہو سکتی۔ اس لیے کسی قسم کی پریشان کن صورت حال سے بچنے کے لیے بہتر ہے کہ آپ اپنی ویب سائیٹ کا مکمل بیک اپ ایک خاص عرصے کے بعد اپنے کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کر لیا کریں۔ ایسا کرنا یقیناً‌ ذہنی تسلی و اطمینان کا باعث ہوگا۔

ویب ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے تحت خود کار طریقے سے بیک اپ حاصل کرنے کے لیے بھی ٹولز مہیا کیے گئے ہوتے ہیں۔ اس ٹٹوریل میں Backup اور Restore کرنے کا روایتی طریقہ ذکر کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر کبھی ضرورت پڑے تو آپ ویب سائیٹ کے کسی خاص فولڈر، یا ڈیٹابیس کے کسی خاص ٹیبل کا بیک اپ بھی حاصل کر سکیں۔

اگر آپ کی ویب سائیٹ صرف ویب پیجز کی فائلز پر مشتمل ہے جو کہ ویب سائیٹ بنانے کا پرانا طریقہ ہے، تو پھر صرف ویب سائیٹ کے فولڈر کا بیک اپ کرنا ہوگا۔ لیکن اگر یہ ویب سائیٹ کسی ٹول مثلاً‌ Wordpress یا Drupal وغیرہ کی مدد سے بنائی گئی ہے تو پھر ویب سائیٹ کے فولڈر کے علاوہ اس کے لیے استعمال ہونے والی ڈیٹابیس کا بیک اپ بھی ضروری ہے۔ آئیں ایک ویب سائیٹ کا مکمل Backup تیار کرنے، اور پھر اس بیک اپ کی مدد سے ویب سائیٹ Restore کرنے کا طریقہ دیکھتے ہیں۔

ویب سائیٹ Backup کریں:

  1. ویب سائیٹ کے فولڈر کی ZIP فائل بنا کر ڈاؤن لوڈ کریں
  2. ڈیٹابیس کا SQL اسکرپٹ ZIP فائل کی شکل میں ڈاؤن لوڈ کریں

ویب سائیٹ Restore کریں:

  1. ویب سائیٹ کے بیک اپ کی ZIP فائل اپ لوڈ کر کے Extract کریں
  2. ویب سائیٹ کی ڈیٹابیس اپ لوڈ کر کے انسٹال کریں

ویب سائیٹ Backup کریں

اگر آپ اپنی ویب سائیٹ کے لیے Cache استعمال کرتے ہیں تو پھر بیک اپ کا سائز ویب سائیٹ کے اصل سائز سے بڑا ہوگا۔ اگر آپ چاہیں تو یہ بھی کر سکتے ہیں کہ حسب صورتحال بیک اپ بنانے سے پہلے تمام کیش ختم کر لیں۔ لیکن ایسا کرنے سے ویب سائیٹ مختصر عرصہ کے لیے سست رفتار ہو جائے گی، کیونکہ پھر تمام ویب پیجز کی کیش نئے سرے سے تیار ہوگی۔

1- ویب سائیٹ کے فولڈر کی ZIP فائل بنا کر ڈاؤن لوڈ کریں

ویب سائیٹ کے ہوسٹنگ پینل میں لاگ ان ہو کر File Manager کھولیں۔

ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے کنٹرول پینل میں لاگ ان ہوں


فائل مینیجر میں مطلوبہ ویب سائیٹ کا فولڈر منتخب کریں۔ پھر ویب سائیٹ کے فولڈر کے اندر موجود تمام فولڈر اور فائلیں سلیکٹ کریں۔ اس کے بعد ویب سائیٹ کے فولڈر کی ZIP فائل بنانے کے لیے Compress آپشن منتخب کریں۔

مطلوبہ ویب سائیٹ کا فولڈر کھولیں اور تمام فائلیں سلیکٹ کر کے کمپریس کریں


درج ذیل تصویر میں ایک ڈائیلاگ باکس نظر آرہا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ آپ کو کس قسم کی زپ فائل چاہیے۔ زپ فائل کی مطلوبہ قسم منتخب کر کے اس کے لیے فائل کا نام مہیا کریں۔ فائل کا نام ایسا رکھیں جسے بعد میں کبھی دیکھیں تو آپ کو معلوم ہو جائے کہ اس فائل میں کیا ہے اور یہ کتنی پرانی ہے۔

زپ فائل کی ٹائپ اور نام مہیا کریں


ویب سائیٹ کا فولڈر ریفریش کریں جس سے زپ فائل ظاہر ہو جائے گی، ممکن ہے فائل تک پہنچنے کے لیے آپ کو نیچے اسکرول کرنا پڑے۔ فائل سلیکٹ کر کے Download آپشن پر کلک کر دیں جس سے فائل براؤزر میں ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو جائے گی۔

زپ فائل سلیکٹ کریں اور ڈاؤن لوڈ بٹن پر کلک کریں


UP

2- ڈیٹابیس کا SQL اسکرپٹ ZIP فائل کی شکل میں ڈاؤن لوڈ کریں

ہوسٹنگ پینل میں سے phpMyAdmin کھولیں، اس کے لیے عین ممکن ہے کہ آپ کو الگ یوزرنیم اور پاس ورڈ مہیا کرنا پڑے گا۔ اس لیے کہ زیادہ تر ہوسٹنگ کمپنیاں ویب سرور اور ڈیٹابیس سرور ایک دوسرے سے علیحدہ رکھتی ہیں۔ یعنی جس سرور پر آپ کی ویب سائیٹ کی فائلیں پڑی ہیں، ضروری نہیں کہ ڈیٹابیس بھی اسی سرور پر موجود ہو۔ اگر آپ کے پاس لاگ ان کی یہ معلومات نہیں ہیں تو اپنی ہوسٹنگ کمپنی سے معلوم کر لیں۔

ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں سے پی ایچ پی مائی ایڈمن کھولیں


phpMyAdmin میں بائیں طرف آپ کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے تحت موجود تمام ڈیٹابیسز کی فہرست موجود ہے۔ اس فہرست میں سے اپنی ویب سائیٹ کی ڈیٹابیس منتخب کریں، جس سے ڈیٹابیس کے ٹیبلز اور آپشنز دائیں طرف ظاہر ہو جائیں گے۔ اب صفحہ کے اوپر والے حصے میں موجود Export آپشن منتخب کریں۔

مطلوبہ ڈیٹابیس سلیکٹ کر کے ایکسپورٹ آپشن منتخب کریں


اس صفحہ پر ڈیٹابیس ایکسپورٹ کرنے سے متعلق آپشنز موجود ہیں۔ ان میں سے فائل کو کمپریس کرنے والا آپشن منتخب کریں تاکہ ڈیٹابیس کی ڈاؤن لوڈ ہونے والی فائل کا سائز کم سے کم ہو۔

زپ فائل کا آپشن منتخب کر کے ڈیٹابیس کی فائل ڈاؤن لوڈ کریں


نوٹ: ایک وقت میں بیک اپ کی گئی ویب سائیٹ کی فائلز اور ڈیٹابیس ایک ہی فولڈر میں رکھیں، تاکہ اگر ویب سائیٹ Restore کرنے کی ضرورت پیش آئے تو فائلز اور ڈیٹابیس دونوں میں مطابقت ہو۔

یہاں پر ویب سائیٹ کا Backup تیار کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ اگلے مرحلے میں ہم بیک اپ کی گئی فائلز کی مدد سے ویب سائیٹ کو Restore کرنے کا عمل دیکھیں گے۔


UP


ویب سائیٹ Restore کریں

ویب سائیٹ ری اسٹور کرنے کی ضرورت عام طور پر تبھی پیش آتی ہے جب اس میں کوئی خرابی واقع ہو جائے، اس لیے اپنی صورت حال کے مطابق ویب سائیٹ کی پرانی فائلز اور فولڈرز کو ختم کردیں۔ چونکہ ویب سائیٹ کے Restore ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے اس لیے کوئی ایسا طریقہ اختیار کریں جس سے صارفین کو معلوم ہو جائے کہ ویب سائیٹ کتنی دیر میں دستیاب ہوگی۔ اس کے لیے ایک عارضی ہوم پیج (index.htm) فائل بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ لیکن اگر آپ کی ویب سائیٹ کا سائز ایسا ہے کہ یہ چند منٹ میں ری سٹور ہو سکتی ہے، یا ویب سائیٹ کے اتنے زیادہ وزیٹرز نہیں ہیں تو پھر شاید اس جھنجھٹ میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔

عام طور پر ویب سائیٹ بنانے والی ایپلی کیشنز میں Maintenance mode کی طرز کا آپشن موجود ہوتا ہے۔ لیکن جب ویب سائیٹ کی فائلیں اور ڈیٹابیس عارضی طور پر ڈیلیٹ کر دی جائیں تو یہ آپشن کارآمد نہیں رہتا۔ ایسا آپشن عموماً‌ تب استعمال کیا جاتا ہے جب ویب سائیٹ کے ڈیش بورڈ کے ذریعے اس ویب سائیٹ یا اس کے پلگ انز وغیرہ کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہو۔

1- ویب سائیٹ ZIP فائل اپ لوڈ کر کے Extract کریں

فائل مینیجر میں ویب سائیٹ کا فولڈر کھول کر Upload آپشن منتخب کریں۔

فائل مینیجر میں ویب سائیٹ کا فولڈر کھول کر اپ لوڈ آپشن منتخب کریں


اپنے کمپیوٹر سے ویب سائیٹ کے بیک اپ کی زپ فائل منتخب کر کے اپ لوڈ کریں۔

چوز فائل بٹن پر کلک کر کے ویب سائیٹ کی زپ فائل اپ لوڈ کریں


ممکن ہے آپ کی ہوسٹنگ کمپنی کی طرف سے مختلف ہوسٹنگ پینل مہیا کیا گیا ہو۔ لیکن اگر یہ cPanel ہے تو درج ذیل تصویر کے مطابق فائل اپ لوڈ مکمل ہونے پر براؤزر کی موجودہ ٹیب بند کر دیں۔

اپ لوڈ مکمل ہونے پر براؤزر کی موجودہ ٹیب بند کر دیں


ویب سائیٹ کا فولڈر ریفریش کر کے زپ فائل سلیکٹ کریں، اور پھر Extract آپشن کی مدد سے یہ زپ فائل کھول لیں۔
نوٹ: زپ فائل کھلنے پر یہ بیک اپ ایک فولڈر میں موجود ہوگا۔ اس فولڈر کے اندر موجود ڈیٹا کو آپ نے ویب سائیٹ کے مرکزی فولڈر میں منتقل کرنا ہے۔ اس کے لیے فولڈر کے اندر جا کر Select all کی مدد سے تمام فائلوں کو سلیکٹ کریں۔ پھر اوپر ٹول بار پر موجود Move آپشن کی مدد سے انہیں ویب سائیٹ کے مرکزی فولڈر میں منتقل کر دیں۔

ویب سائیٹ کا فولڈر ریفریش کریں اور زپ فائل پر کلک کر کے ایکسٹریکٹ آپشن منتخب کریں


UP

2- ویب سائیٹ کی ڈیٹابیس اپ لوڈ کر کے انسٹال کریں۔

phpMyAdmin میں ویب سائیٹ کی ڈیٹابیس منتخب کریں۔ درج ذیل تصویر کے مطابق Import آپشن پر کلک کریں تاکہ بیک اپ ڈیٹابیس کی زپ فائل اپ لوڈ کی جا سکے۔

ویب سائیٹ کی ڈیٹابیس کی زپ فائل اپ لوڈ کرنے کے لیے امپورٹ آپشن منتخب کریں


Choose File بٹن استعمال کرتے ہوئے ڈسک سے بیک اپ ڈیٹابیس کی زپ فائل سلیکٹ کریں۔ پھر صفحہ پر نیچے اسکرول کر کے Go بٹن پر کلک کر دیں۔ اب پہلے ڈیٹابیس کی زپ فائل اپ لوڈ ہوگی، پھر ڈیٹابیس کے تمام ٹیبلز بنائے جائیں گے اور پھر ان ٹیبلز میں ریکارڈز داخل کیے جائیں گے۔ اس عمل کے مکمل ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اس لیے ڈیٹابیس کی انسٹالیشن مکمل ہونے کا پیغام سامنے آنے کا انتظار کریں۔

چوز فائل بٹن کی مدد سے ڈیٹابیس کی زپ فائل اپ لوڈ کریں


اب ویب سائیٹ کھول کر تسلی کر لیں کہ ہر چیز معمول کے مطابق ہے۔