اوپن آفس کیلک میں چارٹ تیار کریں

کچھ ڈیٹا ایسا ہوتا ہے جسے اگر چارٹ یا گراف کی شکل میں دیکھا جائے تو اسے بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔ مثلاً‌ یہ دیکھنا ہو کہ پچیس سالوں میں مختلف ملکوں کی آبادی کس انداز سے بڑھی ہے۔ اس کا ڈیٹا پڑھ کر بھی آپ اسے سمجھ سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے ذہن پر کچھ زور دینا پڑے گا۔ اس کے برعکس یہی ڈیٹا اگر چارٹ کی شکل میں ہو تو ایک ہی نظر میں صورت حال کا اندازہ ہو جائے گا۔ اس ٹٹوریل میں Calc سافٹ ویئر کی مدد سے چارٹ بنانے کا، اسے پرنٹ کرنے کا، نیز چارٹ کو پی ڈی ایف اور امیج کی صورت میں محفوظ کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ Calc سافٹ ویئر مفت دستیاب ہے اور اسے Excel کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

  1. ڈیٹا کی مدد سے چارٹ بنائیں
  2. چارٹ کو پرنٹ کریں، یا اس کی PDF فائل بنائیں
  3. چارٹ کو بطور Image محفوظ کریں


ڈیٹا کی مدد سے چارٹ بنائیں

اوپن آفس کیلک چلائیں۔

اوپن آفس کیلک کھولیں


چارٹ یا گراف کے لیے مکمل ڈیٹا لکھ کر اسے سلیکٹ کر لیں۔ پھر Insert مینیو میں موجود Chart آپشن پر کلک کر دیں۔

پہلے گراف کا مکمل ڈیٹا ٹائپ کرلیں، پھر انسرٹ مینیو میں سے چارٹ آپشن منتخب کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلیکٹ کیے ہوئے ڈیٹا سے خود کار طریقے سے چارٹ بن گیا ہے۔

  1. ڈائیلاگ باکس کے بائیں طرف وہ مرحلہ وار Steps موجود ہیں جن پر کلک کرنے سے مختلف اسکرینز سامنے آئیں گی۔ ہر اسکرین پر موجود مختلف آپشنز کی مدد سے گراف کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
  2. ڈائیلاگ باکس کے درمیان میں موجود فہرست میں سے اپنے ڈیٹا کی ضرورت کے مطابق چارٹ کی ٹائپ منتخب کریں۔ مثلاً‌ اگر ڈیٹا ایک کالم پر مشتمل ہے تو Pie چارٹ مناسب رہے گا۔

اپنے ڈیٹا کی مناسبت سے گراف کی ٹائپ منتخب کریں


ڈائیلاگ باکس میں دوسرے مرحلے کے آپشن پر کلک کریں۔ ایسا کرنے سے جو اسکرین سامنے آئے گی اس میں سے حسب ضرورت آپشنز منتخب کریں۔ مثلاً‌ اگر ڈیٹا کی پہلی سطر اور پہلا کالم بطور عنوان استعمال کیے جا رہے ہیں تو ان کے چیک باکسز منتخب کرلیں۔

حسب ضرورت ڈیٹا کی پہلی لائن اور پہلے کالم کو بطور عنوان منتخب کریں


ڈائیلاگ باکس میں تیسرے مرحلے کے آپشن پر کلک کریں۔ اس اسکرین پر Data Series کے کالم میں ویلیوز کی ترتیب تبدیل کی جا سکتی ہے۔

گراف ڈیٹا کے لیجنڈز کی ترتیب بدلیں


ڈائیلاگ باکس میں چوتھے مرحلے کے آپشن پر کلک کریں۔ اس اسکرین پر چارٹ کے اوپر والے حصے کے لیے ٹائٹل اور سب ٹائٹل مہیا کیے جا سکتے ہیں۔ نیز چارٹ کے بائیں اور نیچے لیبلز لگائے جا سکتے ہیں تاکہ ڈیٹا کی مزید وضاحت ہو سکے۔ اسی طرح ڈیٹا کے لیجنڈز کو ظاہر یا غائب کیا جا سکتا ہے۔

آخر میں Finish بٹن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس بند کر دیں۔ پھر اسکرین پر کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ چارٹ سلیکشن میں نہ رہے۔

گراف کے عنوانات اور لیبلز کی عبارتیں مہیا کریں


UP

چارٹ کو پرنٹ کریں، یا اس کی PDF فائل بنائیں

اب ہم چاہتے ہیں کہ اس ڈیٹا اور چارٹ کو پرنٹ کے قابل بنایا جائے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. پہلے ڈیٹا کو سلیکٹ کریں۔ پھر ٹول بار پر بارڈر آپشن کی مدد سے ڈیٹا کے خانوں کے گرد بارڈر لگائیں۔
  2. اب ہم چارٹ کے گرد بھی بارڈر لگانا چاہتے ہیں تاکہ یہ ذرا منظم نظر آئے۔ اس کے لیے View مینیو میں موجود Toolbars آپشن کے تحت Drawing آپشن پر کلک کر کے ڈرائنگ کی ٹول بار سامنے لائیں۔

گراف ڈیٹا کے خانوں کے گرد بارڈر لگائیں، اور ڈرائنگ ٹول بار فعال کریں


  1. درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ ڈرائنگ کی ٹول بار دیکھ سکتے ہیں۔ اس پر موجود Rectangle آپشن منتخب کر کے چارٹ کے گرد باکس بنائیں۔
  2. اوپر پراپرٹی بار سے Invisible آپشن منتخب کریں تاکہ یہ باکس درمیان سے خالی رہے۔
  3. اب اوپر ٹول بار پر موجود Page Preview آپشن پر کلک کریں۔

ڈرائنگ ٹول بار کی مدد سے گراف کے گرد باکس بنائیں


Page Preview میں آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ صفحہ پرنٹر سے پرنٹ ہونے کے بعد کیسا نظر آئے گا۔

  1. ااگر چارٹ صفحہ میں فٹ نہ آرہا ہو تو اوپر موجود آپشن کی مدد سے اس کے مارجن کم یا زیادہ کر کے اسے صفحہ میں فٹ کیا جا سکتا ہے۔
  2. اوپر ٹول بار پر موجود Print آپشن کی مدد سے یہ گراف پرنٹ کیا جا سکتا ہے۔
  3. ٹول بار پر موجود PDF آپشن کی مدد سے اس صفحہ کی پی ڈی ایف فائل بنائی جا سکتی ہے۔

گراف کا پری ویو دیکھیں، اس کا سائز سیٹ کریں، اور اسکی پی ڈی ایف بنائیں یا پرنٹ کریں


UP

چارٹ کو بطور Image محفوظ کریں

چارٹ کو بطور Image حاصل کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ اسے آپ انٹرنیٹ پر شیئر کر سکتے ہیں۔ ای میل کے ذریعے، ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر کے، یا پھر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے۔ اوپن آفس کیلک میں مجھے کوئی ایسا آپشن نہیں ملا جس کی مدد سے براہ راست چارٹ کو بطور تصویر ایکسپورٹ کیا جا سکے۔ لیکن درج ذیل طریقے سے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے:

  1. چارٹ پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر Copy آپشن کی مدد سے یہ چارٹ کاپی کر لیں۔
  2. ونڈوز کا Paint پروگرام کھولیں۔ اس میں Canvas ایریا کو ماؤس کی مدد سے اسی تناسب میں لے آئیں جیسا کہ چارٹ ہے۔
  3. اور پھر ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے، یا پھر کی بورڈ پر Ctrl+v شارٹ کٹ دبا کر یہ چارٹ پیسٹ کرلیں۔ اب اس چارٹ کو آپ Ctrl+s شارٹ کٹ کی مدد سے بطور امیج محفوظ کر سکتے ہیں۔

چارٹ پر رائٹ کلک کر کے کاپی کریں، اور ونڈوز پینٹ پروگرام میں اسے پیسٹ کرکے محفوظ کرلیں