عبارت کو آواز میں بدلنے کے لیے جو سافٹ ویئرز بنائے جاتے ہیں ان میں دو طرح کے طریقے اختیار کیے جاتے ہیں (1) ایک یہ کہ کسی اچھا بولنے والے شخص سے مطلوبہ زبان کے تمام الفاظ ریکارڈ کروائے جاتے ہیں۔ جب آپ اس سافٹ ویئر کو کوئی عبارت مہیا کرتے ہیں تو وہ ان ریکارڈ کیے ہوئے الفاظ کو آپ کی عبارت کے مطابق ترتیب سے سنا دیتا ہے۔ (2) دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کسی شخص کی آواز کو الگ الگ حرف کے طور پر محفوظ کیا جاتا ہے۔ اور پھر کسی عبارت کو آواز میں بدلنے کے لیے ان الگ الگ حروف کو جوڑ کر ان سے الفاظ بنائے جاتے ہیں۔
پہلے طریقے سے بننے والے سافٹ ویئرز پر بہت وقت اور پیسہ خرچ ہوتا ہے کیونکہ الفاظ کو مختلف کیفیتوں (مثلاً خوش، ناراض، خوف وغیرہ) میں محفوظ کرنے کے لیے بہت لمبی چوڑی ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔ ایسا سافٹ ویئر کسی عبارت سے جو آواز بناتا ہے وہ قدرتی انسانی لہجے کے قریب اور سننے میں خوشگوار ہوتی ہے۔ البتہ ایسی آواز کسی خاص زبان کے لیے ہی استعمال کی جا سکتی ہے کیونکہ اس کے لیے صرف اسی زبان کے الفاظ کی ریکارڈنگ کی گئی ہے۔
دوسرے طریقے سے بننے والے سافٹ ویئرز اپنے حجم کے اعتبار سے مختصر ہوتے ہیں اور کم لاگت سے بن جاتے ہیں کیونکہ ان کے لیے صرف حروف کی ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔ چنانچہ کسی عبارت کو آواز میں تبدیل کرنے کے لیے ان حروف کو ملا کر الفاظ بنائے جاتے ہیں۔ لیکن ایسے سافٹ ویئر کی بنائی گئی آواز روبوٹ کی مانند ہوتی ہے اور اس میں انسانی احساس و جذبہ کی کیفیتوں کا اظہار نہیں ہوتا۔ البتہ اس طریقہ کار کا فائدہ یہ ہے کہ آپ ایسے سافٹ ویئر کو کسی بھی ایسی زبان کے الفاظ بولنے کی تربیت دے سکتے ہیں جسے رومن اسکرپٹ میں لکھا جا سکتا ہو۔ اس ٹٹوریل میں اس نوعیت کے ایک سافٹ ویئر Speakonia کے استعمال کا طریقہ دکھایا گیا ہے جو حروف کو جوڑ کر الفاظ بناتا ہے۔
سرچ انجن کی مدد سے Speakonia تلاش کرنے پر آپ کو ڈاؤن لوڈ کے لیے ایک سے زیادہ لنکس مل جائیں گے۔
انسٹالیشن کے بعد اسٹارٹ مینیو کی مدد سے سپیکونیا کا آئیکان سامنے لائیں اور پھر اس پر کلک کر کے یہ سافٹ ویئر کھولیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) بائیں طرف موجود ٹیکسٹ ایریا میں مطلوبہ عبارت لکھیں یا کسی جگہ سے کاپی پیسٹ کر لیں۔ (2) دائیں طرف پینل پر آپ دیکھ رہے ہیں کہ مختلف آپشنز موجود ہیں جن میں آوازوں پر مشتمل ایک ڈراپ ڈاؤن بھی شامل ہے، اپنی مرضی کے آپشنز منتخب کریں۔ (3) آپشنز منتخب کرنے کے بعد اپلائی بٹن پر کلک کرنا ضروری ہے۔ (4) اب اوپر ٹول بار پر موجود پلے بٹن کی مدد سے یہ عبارت سن لیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Tools مینیو میں سے Options ڈائیلاگ باکس کھول کر ٹیکسٹ ایریا کی عبارت کا فونٹ اور سائز تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔
Tools مینیو میں موجود Enable Clipboard Reading والا آپشن بہت کام کا ہے۔ اسے فعال کرنے کے بعد اگر آپ کسی بھی پروگرام میں کوئی عبارت سلیکٹ کر کے Ctrl+c شارٹ کٹ استعمال کریں گے تو یہ سافٹ ویئر وہ عبارت پڑھنا شروع کر دے گا۔ البتہ اس کے لیے اسپیکونیا کا کھلا ہونا ضروری ہے۔
اگر کوئی ایسا ویب پیج ہے جس کی عبارت آپ سننا چاہتے ہیں تو File مینیو میں موجود Read Webpage آپشن کی مدد سے ایسا کر سکتے ہیں۔
اسپیکونیا کے ٹیکسٹ ایریا میں موجود عبارت کو آڈیو فائل کی صورت میں محفوظ کیا جا سکتا ہےلیکن اس کے لیے اس سافٹ ویئر کا رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے جبکہ اس کی رجسٹریشن اس وقت بالکل فری ہے۔ Help مینیو میں موجود لنک پر کلک کر کے رجسٹریشن کا ڈائیلاگ باکس کھولیں اور پھر درج ذیل لنک پر دی گئی معلومات استعمال کر کے اسپیکونیا کو رجسٹر کر لیں۔
http://www.cfs-technologies.com
اب آپ File مینیو میں موجود Save as WAVE File آپشن کی مدد سے یہ عبارت آڈیو فائل کی صورت میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
Modified: Sat, 03/10/2018 - 00:19